رشی کپور کی موت نے چار دہائی پر مشتمل نیتو سنگھ کے ساتھ ان کی لو اسٹوری کا خاتمہ کر دیا

image


محبت کے لیے کچھ خاص دل مخصوص ہوتے ہیں یہ وہ گیت ہے جو ہر ساز پر بجایا نہیں جا سکتا، رشی کپور اور نیتو سنگھ کی جوڑی بھی ایسی ہی محبت کرنے والوں کی ایک جوڑی تھی جو کہ نہ صرف اسکرین پر دیکھنے والوں کو حسین ترین لگتی تھی بلکہ حقیقی زندگی میں بھی ان کی کیمسٹری نے چار دہائیوں تک اس دنیا کو مسحور کیے‌ رکھا اور بالآخر اس داستان کا ایک فرد رشی کپور 30 اپریل 2020 کو لیوکیمیا کے موذی مرض کے سبب نیتو سنگھ کا خاموشی سے ہاتھ چھڑا کر ہمیشہ کے لیے جدا ہو گیا-

محبت کی اس داستان کا آغاز بہت ہی مختلف انداز میں ہوا جب ستر کی دہائی میں فلم بوبی کی مقبولیت نے رشی کپور کو راتوں رات اسٹار بنا دیا تھا- مگر اپنی کم عمری کے سبب وہ اپنے اسٹار ڈوم کو بہت ساری گرل فرینڈ بنانے اور ہنسی مذاق میں گزارنے کے لیے استعمال کر رہے تھے جب کہ ان کے مقابلے میں نیتو سنگھ کے اوپر ان کی والدہ کی سختی بہت زیادہ تھی اس وجہ سے وہ صرف اپنے کام سے کام رکھنے والی اداکارہ تھیں ۔
 

image


ان دونوں کے درمیان صرف ایک چیز مشترک تھی کہ رشی کپور اپنی تمام گرل فرینڈ کے قصے نیتو سنگھ کو سناتے تھے اور ہر بریک اپ کے بعد انہی کے کاندھوں پر سر رکھ کر روتے تھے- اس موقع پر جدائی نے ان کی محبت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا- جب رشی کپور اپنی فلم بارود کی شوٹنگ کے لیے پیرس گۓ وہاں جا کر انہوں نے نیتو سنگھ کو اتنا مس کیا کہ بے ساختہ ایک ٹیلی گرام بھجوا دیا جس میں لکھا کہ یہ سکھنی بہت یاد آرہی ہے۔ یہ ٹیلی گرام اس جوڑے کی محبت کی پہلی سیڑھی ثابت ہوا-

مگر کھلنڈرے رشی کپور نے محبت کو تو قبول کر لیا مگر شادی کی ذمہ داری اٹھانے کے لیے تیار نہ تھے جب کہ نیتو سنگھ جو کہ خود بھی بہت کم عمر تھیں بری طرح رشی کی محبت میں گرفتار تھیں اور بلاآخر پانچ سال کے محبت کے اس سفر کے بعد ان جوڑے نے اپنی دوستی اور محبت کو ایک مضبوط رشتے میں بدلنے کا فیصلہ کر لیا-
 

image


ان کی شادی دونوں خاندانوں کی باہمی مشاورت سے ہوئی اور اس شادی کا سب سے بڑا نقصان بالی وڈ کو ہوا کیوں کہ منگنی کے اعلان کے ساتھ ہی نیتو سنگھ نے فلم انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا- کچھ لوگوں کا یہ کہنا تھا کہ ان کو رشی کپور نے انڈسٹری چھوڑنے کا کہا جب کہ اس حوالے سے نیتو سنگھ کا کہنا تھا کہ وہ پانچ سال کی عمر سے انڈسٹری میں کام کر رہی تھیں 21 سال کی عمر میں جب انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا تو اس وقت تک وہ اس انڈسٹری کا ہر روپ دیکھ چکی تھیں- وہ شہرت اور دولت کے عروج پر تھیں اس لیے ان کی اب اور کوئی خواہش نہ تھی اس وجہ سے انہوں نے گھریلو زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔

محبت کے اس سفر میں اس جوڑے کے ساتھ ایک بیٹا اور بیٹی بھی شامل ہو گئے بیٹی کو انہوں نے شوبز سے دور ہی رکھا جب کہ ان کا بیٹا رنویر کپور اپنے باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اس وقت صف اول کے اداکار ہیں-
 

image


گزشتہ سال جب رشی کپور کو ڈاکٹروں نے لیوکیمیا میں مبتلا ہونے کا بتایا تو اس کے علاج کے لیےوہ ایک سال تک امریکہ میں رہے جہاں نیتو سنگھ نے ان کے ساتھ ہر ہر پل اپنی محبت سے ان کا حوصلہ بڑھایا- یہاں تک کہ آخری لمحوں میں بھی وہ ان کے ساتھ تھیں مگر رشی کپور کی موت نے انہیں تنہا کر دیا-
 

image
YOU MAY ALSO LIKE: