*سارا عالم ہے منور آپ کے انوار سے* ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔(غیر مسلم شعرا کا نعتیہ کلام)

 از ۔۔تحقیق و تدوین: ڈاکٹر اظہار احمد گلزار (پی ایچ - ڈی اردو)
تحریر: الیاس گھمن

نعت شریف شعرو ادب کی وہ پاکیزہ صنف ہے جس میں حضور سید المرسلین خاتم النبیین،حضرت رسول اکرم کی تعریف و توصیف کا بیان ہوتا ہے ، یہ وہ صنف سخن ہے جس کا سلسلہ ازل سے جاری ہوا اور ابد تک برابر جاری رہے گا،یوں تو نعت کے لیے کسی موضوع اور کسی مضمون کی قید نہیں۔سیرت طیبہ کا ہر پہلو نعت کا عنوان ہے مگر ایک اعلی پائے کی نعت کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ عشق رسول ، شان رسول ،حب رسول ، آداب رسول اور احترام رسول صل اللہ‎ علیہ وآلہ وسلم کی آئینہ دار ہو ، حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ‎ عنه جو ایک محترم صحابی رسول صل اللہ‎ علیہ وآلہ وسلم ہیں ،نعت گوئی میں امامت کا درجہ رکھتے ہیں۔آپ کے نعتیہ قصائد اسلامی ادب کا ایک بیش قیمت اثاثہ ہیں۔آپ کے بعد نعت گو شاعروں کا ایک لا متناہی سلسلہ شروع ہوتا ہے جو اپنے اپنے دور میں یہ مقدس فریضہ سر انجام دیتا رہا۔ہر مسلمان شاعر نے جزو ایمان سمجھتے ہوۓ اس صنف سخن کو اپنایا ۔اس کے ساتھ ہی غیر مسلم شعرا کی ایک کثیر تعداد نے بھی پیغبر اعظم و آخر حضور پرنور صل اللہ‎ علیہ وآلہ وسلم کے حضور عقیدت و محبّت کے بھر پور پھول نچھاور کیے۔ان غیر مسلم شعرا کے ہاں بھی جوش و جذبے اور خلوص و الفت کی وہ فراوانی ہے کہ ان کی نعت کا مطالعہ کرتے ہوۓ دل و دماغ متاثر ہوۓ بغیر نہیں رہ سکتا ۔۔*سارا عالم ہے منور آپ کے انوار سے* کو ہمارے محترم دوست ، محقق ،افسانہ نگار ،سیرت نگاراور صف اول کے شاعر و ادیب ڈاکٹر اظہار احمد گلزار نے جو کہ متعدد ادبی اور مذہبی کتب کے مصنف ہیں، نے بڑی محنت ، جانفشانی و جاں سپاری کے جذبے سے سرشار ہو کر غیر مسلم شعرا کے ان بکھرے ہوۓ نعتیہ پھولوں کو یکجا کر کے ایک خوبصورت ایمان افروز گلدستہ تیار کر کے جان نثاران نعت کے قلوب و اذہان کی راحت و انبساط کا سامان بہم پہنچایا ہے۔" سارا عالم ہے منور آپ کے انوار سے" کے سلسلے میں محقق نے اپنی محنت نہیں بلکہ محبّت پیش کی ہے۔ نبی آخر الزماں صل اللہ‎ علیہ وآلہ وسلم کے عشق و مستی میں ڈوب کر لکھی ہوئی وجد آفرین یہ نعتیں ایسی ہیں کہ پلکوں کی منڈیروں پرآنسوؤں کے چراغ جلاتی ہیں ، عقیدتوں کے دیپ روشن کرتی ہیں ۔الفاظ کے حسن و ارتباط سے رنگ و نور کا ایسا سماں پیدا ہوتا ہے کہ جسم میں کپکپی طاری ہو جاتی ہے۔اس تالیف میں انھوں نے ہندو ، سکھ اور عیسائی نعت گو شاعروں کی نعتوں کا گلدستہ سجایا ہے۔۔یوں تو اس موضوع پر پہلے بھی کام ہو چکا ہے مگر ڈاکٹر اظہار احمد گلزار کی یہ تالیف لطیف میرے نزدیک ایک جداگانہ اور منفرد کاوش ہے ۔جس پر میں ڈاکٹر اظہار احمد گلزار کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوۓ ان کے عشق و محبّت رسول صل اللہ‎ علیہ وآلہ وسلم کی افزائش کے لیے دل کی گہرایوں سے دعاگو ہوں۔
جس ہندو شاعر پروفیسر ساحر ہوشیار پوری کے شعر کے مصرعہ پر اس کتاب کا نام رکھا گیا ہے ، اسی کے چند اشعار نذر قارئین پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں

> ہے زمانے بھر میں شہرہ اب میرے اشعار کا
ذکر ہے ان میں جناب احمد مختار کا
اک زمانہ تک رہا ہے مجھ کو بھی تعظیم سے
ہے مری آنکھوں میں جلوہ سید ابرار کا
سارا عالم ہے منور آپ کے انوار سے
سارا عالم آئینہ ہے آپ کے انوار کا
ہے فرشتوں کو تمنا ، اس کی دربانی کریں
کس قدر اونچا ہے رتبہ آپ کے دربار کا
(صل اللہ‎ علیہ وآلہ وسلم)

 

Izhar Gulzar
About the Author: Izhar Gulzar Read More Articles by Izhar Gulzar: 46 Articles with 63810 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.