درس قرآن 27

سورۂ عنکبوت
سورئہ عنکبوت مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہے ۔اس سورت میں 7رکوع،69آیتیں ،980کلمے اور 4165حروف ہیں ۔عربی میں مکڑی کو عنکبوت کہتے ہیں اور اس سور ت کی آیت نمبر41 میں الله عَزَّوَجَلَّ نے شرک کے بطلان پر عنکبوت یعنی مکڑی کی مثال دی ہے اس مناسبت سے اس سورت کانام ’’سورئہ عنکبوت ‘‘رکھاگیاہے ۔
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں توحید ورسالت،مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے اور اعمال کی جزاء ملنے پر دلائل دئیے گئے ہیں اور مصیبت و آزمائش وغیرہ ہر حال میں ایمان پر ثابت قدم رہنے کی ترغیب دی گئی ہے۔نیز اس سورت میں یہ مضامین بیان کئے گئے ہیں :
(1)…اس سورت کی ابتدائی آیات میں بتایا گیا کہ دنیا میں مسلمانوں کو سختیوں اور مصیبتوں کے ذریعے آزمایا جائے گا اوران سے پہلے لوگوں کو بھی آزمایا گیا تھا۔
(2)…اپنے نفس کے ساتھ جہاد کرنے کا فائدہ اور ایمان قبول کر کے نیک اعمال کرنے کا صلہ بیان کیا گیا۔
(3)…والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرنے کی حد بیان کی گئی۔
(4)…یہ بتایا گیا کہ انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی آزمائش مسلمانوں کے مقابلے میں انتہائی سخت ہوتی ہے اور
اسی سلسلے میں الله تعالیٰ نے اپنے حبیب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اور مسلمانوں کے سامنے حضرت نوح،حضرت ابراہیم، حضرت لوط،حضرت شعیب،حضرت ہود،حضرت صالح، حضرت موسیٰ اور حضرت ہارون عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے واقعات بیان فرمائے تاکہ یہ جان جائیں کہ الله تعالیٰ نے انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کی مدد فرمائی اور انہیں جھٹلانے والوں کو ہلاک کر دیا۔
(5)…انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے واقعات بیان کرنے کے دوران الله تعالیٰ کی قدرت اور وحدانیّت اور مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے پر دلائل دئیے گئے ۔
(6)…اہلِ کتاب اور مشرکین کے اعتراضات کے جوابات دئیے گئے۔
(7)…کفار کے ظلم و ستم کا شکار مسلمانوں کو ہجرت کرنے کی ہدایت دی گئی اور ان کے لئے اجر و ثواب بیان کیا گیا
یارب:ہمیں علم نافع عطافرمائے ۔ہمیں فتن و شر سے محفوظ فرما۔
نوٹ:کیرئیر پلاننگ اور نفسیاتی و طبی اعتبار سے مشورہ کے لیے بھی آپ ہم سے رابطہ کرسکتے ہیں ۔

DR ZAHOOR AHMED DANISH
About the Author: DR ZAHOOR AHMED DANISH Read More Articles by DR ZAHOOR AHMED DANISH: 381 Articles with 594396 views i am scholar.serve the humainbeing... View More