خوف اور امید

جب شوق پورا کرنے کا وقت ہوتا ہے تو وقت نہیں ہوتا اور جب وقت ہوتا ہے تو شوق نہیں رہتا جو میرے لکھنے کے شوق کے ساتھ ہوا ۔ شوق ہو لکھنے کا اور پڑھنے والے کا ذوق ہو تو تحریر کو بخوشی گلے کا طوق بنا لیا ۔ جہاں شوق ہوتا ہے وہاں خوف نہیں ہوتا اور جہاں خوف ہوتا ہے وہاں شوق نہیں ہوتا۔
فرصت کے دنوں میں بجاے لکھنے کے اور سوشل میڈیا میں دکھنے کے تصور جاناں میں بیٹھنے اور پھر لیٹنے ، بے وقت سونے اور اٹھنے کے شوق و ذوق میں جوق در جوق بے ربط خیالات نے غالب کے شعر کا تصور ہی بدل ڈالا کہ

دل ڈھونڈتا تھا جو وہی فرصت کے رات دن
بیٹھے تو ہیں تصور جاناں کیے ہوے

خدا اس وبا اور بلا سے نجات دے۔

نجات کے بعد کے دن رات کیسے ہونگے ۔ کیا ہونگے ۔
لا شعوری طور پر کچھ نا کچھ تو سوچ بدل رہی ہو گی ۔
وقت تو کسی کو کندھا فراہم کرنے کا ہے لیکن اب تو کندھا بھی نہیں دیا جا سکتا چاہے زندہ ہو یا جس کے جانے کا وقت آ چکا ہو۔
جتنے دن اس دنیا میں رہنے کا وقت رہ گیا ہے وہ وقت تو گزارنا ہے اور بہتر گزارنا ہے اور کچھ نا کچھ گزشتہ غلطیوں کو سنوارنا ہے ۔

اتنا بھی ہو کہ کسی کو نقصان نا پہنچایا جاے بلکہ آگے بڑھ کر کچھ فائدہ ہی پہنچا دیا جاے۔ زبان کم سے کم چلائ جاے ۔ زبان کی مٹھاس کے لیے من کا چمچہ ہلایا جاے۔

بات موجودہ حالات کی ہو رہی ہے تو ہم خوف اور امید کے درمیان جی رہے ہیں اور جینا بھی چاہیے۔
خوف کو کسی بھی طرح کم کیا جاے اور امید کو بڑھایا جاے لیکن احتیاط کرتے ہوے ، خدا پر ایمان رکھتے ہوے اور خانانی رکھ رکھاؤ کو پیچھے چھوڑ کر ، منفی رسم و رواج سے منہ موڑ کر ، دکھاوے کو کم سے کم کیا جائے، مثبت سوچ اپناتے ہوے بڑھا جاے ، اپنے اپنے گھر رہا جاے۔

اس وقت کسی کی کچھ سمجھ نہیں آ رہا ہے۔
عالم ،ڈاکٹر ، سائنسدان ، حکمران ، عوام کسی کی سمجھ کام نہیں کر رہی ہے۔ وقت کی سوئ ٹک ٹک کرہی ہے اور حکمرانوں کی سوئ اٹکی ہوئی ہے، عوام کی جان لٹکی ہوئی ہے۔

اگر کچھ سمجھ آرہا ہے تو یہ کہ مسجد بند ہو یا کھلی ہو لیکن دل کی آنکھ کھلی ہو اور رب سے التجا کی جاے۔

نہیں کوئ معبود سوائے تیرے ، تو پاک ہے ، بے شک میں قصوروار ہوں۔


 

Noman Baqi Siddiqi
About the Author: Noman Baqi Siddiqi Read More Articles by Noman Baqi Siddiqi: 255 Articles with 263948 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.