تعلیمات اسلام اِک وسیع علمی شاہکار ۔ ۔ ۔ ۔

اسلامی تعلیمات کا مکمل اور جامع احاطہ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔

انسائیکلو پیڈیا سے مراد ایسی ضخیم کتاب ہے جو ابجدی ترتیب سے دنیا بھر کی مختلف اشیاء اور علوم و فنون سے متعلق جامع معلومات ایک قاری کو بہم پہنچائے،انسائیکلو پیڈیا ایک یونانی لفظ ہے،اردو میں اِسے مجمع العلوم یا قاموس العلوم بھی کہتے ہیں، انسائیکلو پیڈیا انگریزی کے بعد اب اردو میں بھی مقبول عام ہوچکا ہے،عام طور پر یہ کہا جاتا ہے کہ انسائیکلو پیڈیا مرتب کرنے کی سب سے پہلی کوشش یونان میں ارسطو کے عہد میں کی گئی اور عربوں نے اسے عملی شکل دی،لیکن درست یہ ہے کہ دنیا کا سب سے پہلا انسائیکلو پیڈیا مسلمانوں نے عربی زبان میں مرتب کیا،جسے” مسالک الابصار فی ممالک الامصار“ کے نام سے جانا جاتا ہے،اِسے ابن فضل العمری مصری نے ترتیب دیا تھا اور یہ اپنے وقت کا سب سے بڑا انسائیکلو پیڈیا کہلایا ۔

انگریزی زبان کا مشہور انسائیکلو پیڈیا آف برناٹیکا 1775ء میں تیس سال کی محنت کے بعد مکمل ہوا،اردو زبان میں بھی کئی مشہورومعروف انسائیکلو پیڈیا شائع ہوچکے ہیں جن میں پاکستان کرانیکل (انسائیکلو پیڈیا)،عالمی انسائیکلو پیڈیا،انسائیکلو پیڈیا پاکستانیکا،اِسلامی انسائیکلو پیڈیا اور اسلامی شخصیات کا انسائیکلو پیڈیا قابل ذکر ہیں،گیارہ سو صفحات پر مشتمل پاکستان کرانیکل (انسائیکلو پیڈیا) جو 14اگست 1947ء سے اپریل 2010ءتک کے اہم تاریخی،سیاسی،سماجی،ثقافتی،تفریحی،علمی و ادبی واقعات اور اہم شخصیات کی پیدائش اور اموات کے احوال پر مشتمل ہے،کو معروف صحافی و ادیب عقیل عباس جعفری نے 20 برسوں کی محنت شاقہ کے بعد مکمل کیا،2520 صفحات پر مشتمل عالمی انسائیکلو پیڈیا مصنف و مدیر یاسر جواد نے کم وبیش آٹھ برسوں کی محنت کے بعد ترتیب دیا،اسی طرح اسلامی شخصیات کا انسائیکلو پیڈیا بھی ایم ایس ناز نے کئی برسوں کی محنت کے بعد مکمل کیا.

لیکن مشہور ادیب سید قاسم محمود کا کام اس لحاظ سے منفرد ہے کہ انہوں نے وسائل کی کم مائیگی کے باوجود تن تنہا پانچ مختلف موضوعات” قرآن انسائیکلو پیڈیا“،”اِسلامی انسائیکلو پیڈیا“،” انسائیکلوپیڈیا احیائے اِسلام“،”پاکستانی بچوں کا انسائیکلو پیڈیا“اور’ انسائیکلو پیڈیا پاکستانیکا“ پر انسائیکلو پیڈیا ترتیب دے کر ایک محیرالعقل کارنامہ سرانجام دیا ہے،سید قاسم محمود کا ترتیب دیا ہوا ڈیڑھ ہزار صفحات پر مشتمل ”انسائیکلو پیڈیا پاکستانیکا“ کی خوبی یہ ہے کہ اِس میں الف سے لے کر ”ی“تک پاکستان کے حوالے سے تمام اشیاء،افراد،یادگار واقعات،تاریخی حوادث،مذہب،مکاتیب،فلسفہ ومعاشرت،جغرافیائی مقامات، شہر،سمندر،دریا غرض اُ ن تمام چیزوں کا ذکر اختصار کے ساتھ کیا گیا ہے جن کا جاننا ہر پاکستانی کیلئے شخص کے لئے ضروری ہے ۔

لیکن گورنمنٹ گورونانک ڈگری کالج ننکانہ صاحب کے پروفیسر اور گوشہ محققین ننکانہ صاحب کے بانی و منتظم پروفیسر سیّد شبیر حسین شاہ زاہد کی کتاب ”انسائیکلو پیڈیا تعلیمات اسلام“اِس اعتبار سے منفرد ہے کہ اِس میں صرف اسلامی تعلیمات کا مکمل اور جامع احاطہ کیا گیا ہے،پروفیسر صاحب ایک ماہر تعلیم ہی نہیں بلکہ ایک مصنف،مولف،مدبر،محقق اور معروف علمی شخصیت بھی ہیں،یہ کتاب درحقیقت آپ کا بیش قیمت کارنامہ ہے،موصوف اِس سے قبل بھی متعدد کتابیں تصنیف کرچکے ہیں اور قومی و بین الاقوامی سطح پر اہل قلم اور صاحبان علم و دانش سے داد و تحسین کے حقدار قرار پاچکے ہیں،لیکن زیر نظر کتاب اُن کی تحقیق اور عرق ریزی کی مظہر ہے،جس میں فاضل مولف نے محض سنی سنائی باتوں پر اکتفا اور چربہ سازی سے کام لینے کے بجائے کتاب و سنت اور تاریخ اسلام کے وسیع ذخیرے کو کھنگالنے اور اہم کتب کا مطالعہ کرنے کے بعد منتخب گوہر آبدار کو اہل ذوق و شوق کے سامنے پیش کیا ہے ۔

انسائیکلو پیڈیا تعلیمات اسلام کی خوبی یہ ہے کہ اِس میں قرآن مجید اور احادیث مبارکہ کو اوّلیت دی گئی ہے اور متنازعہ سوال و جواب کو منتخب کرنے کے بجائے صرف مستند ماخذ سے استفادہ کیا گیا ہے،ہر جواب اپنے اندر بیش بہا معلومات سمیٹے ہوئے ہے،تمام گفتگو عام فہیم،آسان اور روز مرہ زندگی میں درپیش عوامل و عادات کی اسلامی نکتہ نظر کے پس منظر میں کی گئی ہے اور ضروری مقامات پر قرآن پاک کی آیت،حدیث یا مستند کتب سے قول جواب کی تائید میں پیش کئے ہیں،کتاب کے ہر باب میں سوالات و جوابات شروع کرنے سے قبل وہ مناسب معلوماتی مواد جس کی بنیاد پر آگے آنے والے سوالات ترتیب دیئے گئے ہیں کو بھی یکجا کردیا گیا ہے،یہ انداز ترتیب سوالات و جوابات پر مشتمل کتب سے بالکل جدا ،الگ اور منفرد ہے ۔

خواجہ نورالزماں اویسی لکھتے ہیں کہ ”پروفیسر صاحب نے ”انسائیکلو پیڈیا تعلیمات اسلام“میں اپنے علمی رشحات سوال و جواب کی شکل میں حوالہ قرطاس کردیئے ہیں،یہ کہنے کو محض سوال و جواب ہیں لیکن اگر مطالعہ بہ نظر غائر کیا جائے تو یہ بات معلوم ہوگی کہ یہ دراصل سوال و جواب کے پردے میں علم و علمیت، معلومات و تحقیق اور وضاحت و تعلیمات کا ابلاغ ہے،جو محترم پروفیسر صاحب نے افادہ عام کیلئے پیش کر دیا ہے، ٹیبل فنگرٹپس معلومات،مختصر آیات اور احادیث،دعائیں اور تعریفات و مفاہیم یہ سب اِس کتاب کے اجزا و خصائص ہیں جن کے مطالعہ سے قاری بڑی دلچسپی کے ساتھ دین کی تعلیم باآسانی اخذ کرتا چلا جاتا ہے اور اسے بالکل پتہ بھی نہیں چلتا کہ اُس نے مطالعہ سعی وصعوبت سے کیا ہے ۔“

حقیقت یہ ہے کہ ”انسائیکلو پیڈیا تعلیمات اسلام “ وسیع علمی شاہکار،عظیم جامع مجموعہ اور خوبصورت بلند مرتبہ اسلامی سرمایہ ہے،یہ اپنی مثال آپ ایک ایسا عظیم علمی خزانہ ہے جو آپ کو بہت سی ضخیم کتابوں کے مطالعے بے نیاز کرتا ہے ، اِس کتاب کا مطالعہ جہاں قرآن مجید کی بنیادی تعلیمات،اسلام سے متعلق مکمل آگاہی اور اسلامی اقدار سے روشناسی کا موجب ہے وہیں یہ کتاب توحید و رسالت،عقیدہ آخرت،نماز روزہ،حج،ذکوٰة،حدیث و سنت،اسلامی تاریخ اور مذہب اسلام کے حوالے سے ایک مسلمان کے ذہن میں جنم لینے والے سوالات اور اشکالات کا بھی تسلی بخش جواب فراہم کرتی ہے،کوئی شبہ نہیں کہ ”انسائیکلو پیڈیا تعلیمات اسلام “بہت کارآمد اور مفید معلومات پر کتاب مبنی ہے جس سے ہر خاص و عام باآسانی استفادہ کرسکتا ہے اور دین اسلام،سیرت النبی اور تاریخ اسلام سے متعلق بیش قیمت معلومات حاصل کر کے اپنی دنیا اور عاقبت سنوار سکتا ہے،مکمل حوالوں سے مزین یہ کتاب طالبعلموں، نوجوانوں، برزگوں اور خواتین سب کیلئے یکساں مفید ہے،مقبول اکیڈمی،سرکلر روڈ چوک اردو بازار لاہور کے زیر انتظام دیدہ زیب ٹائٹل اور آفسٹ پیپر پر طبع اس کتاب کی موجودگی ہر مسلمان گھرانے میں بہت ضروری ہے ۔
M.Ahmed Tarazi
About the Author: M.Ahmed Tarazi Read More Articles by M.Ahmed Tarazi: 319 Articles with 357941 views I m a artical Writer.its is my hoby.. View More