ہمارا مستقبل ہمارے بچے

ہمارا مستقبل ہمارے بچے
کالم نگار: صبا شوکت رانا

بچے ہر قوم کا مستقبل ہوتے ہیں، بچے ہی بڑے ہو کر ملک و قوم کی ترقی کا باعث بنتے ہیں، لہٰذا کسی بھی ملک کی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک اس قوم کے بچے اعلیٰ تعلیم اور اعلیٰ اخلاق و کردار کے مالک نہ ہوں۔ بچے ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں، اپنے مستقبل کو سنوارنے کے لئے بچے ہمارا بہت بڑا سرمایہ ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو اچھی تعلیم و تربیت دینا بہت ضروری ہے۔ بچوں کی تعلیم و تربیت دو لوگوں کے ذمہ ہے؛ والدین اور اساتذہ۔ بچوں کو اچھا مسلمان اور مثالی انسان بنانا والدین اور اساتذہ کی ہی دینی اور معاشرتی ذمہ داری ہے۔
والدین کی ذمہ داریاں:
اسلام ہی وہ واحد مذہب ہے جس نے بچوں کی پرورش میں ان کی تعلیم و تربیت پر پوری توجہ دینا والدین کی ذمہ داری قرار دیا ہے۔
احادیثِ مبارکہ کا مفہوم ہے:
"بچے کی پہلی درس گاہ ماں کی گود ہے"
"ایک باپ اپنی اولاد کو جو بہترین عطیہ کرتا ہے وہ اعلیٰ تعلیم اور بہترین تربیت ہے"
بچوں کی ذہنی و جسمانی طور پر بہترین تربیت کرنا، بچوں کو اچھا مسلمان اور بہترین اخلاق و کردار کا مالک بنانا، دین و دنیا کی معلومات قرآن و حدیث کی روشنی میں واضح کرنا اور بچوں کی زندگی کے تمام مراحل پر ان کی اصلاح کرنا والدین کی ذمہ داریاں ہیں۔
اساتذہ کی ذمہ داریاں:
تعلیم دینا ہمارے نبی پاک ﷺ کی سنتِ مبارکہ ہے، حدیثِ نبوی ہے:
" میں معلم بنا کر بھیجا گیا ہوں"
اساتذہ کو روحانی ماں باپ کا درجہ دیا گیا ہے۔ والدین کے بعد استاد ہی بچوں کو بہترین تعلیم و تربیت دیتا ہے۔ استاد کی ایک بہت بڑی ذمہ داری بچے کی ذہنی صلاحیتوں کو اُجاگر کرکے ان کو زندگی کے ہر شعبہ میں کامیاب بنانا ہے۔ ان کو بہترین دینی و دنیاوی تعلیم دے کر آگے بڑھانا اوربچوں کے اندر بھائی چارے، ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرنا بھی استاد ہی کے ذمہ ہے۔ اساتذہ کی بچوں پر خاص نگاہ ہی قوم کا مستقبل سنوار سکتی ہے۔
اگر والدین اور اساتذہ نے اپنی ذمہ داریوں کواچھے طریقے سے نبھایا اور بچوں کوبہترین دینی اور دنیاوی تعلیم دی اور بہترین تربیت بھی کی، تو بچہ زندگی میں کبھی ناکام نہیں ہو سکے گا۔ بلکہ کامیابی اس کا مقدر ہوگی اور معاشرہ ایک بہترین مستقبل کی طرف گامزن ہو جائے گا۔ یاد رکھیں! ایک اچھا مسلمان ہی ایک بہترین انسان بن سکتا ہے، والدین اور اساتذہ کو مل کر بچوں کو اسلامی اصولوں پر چلانا ہوگا، اگر اسلامی اصولوں سے ہٹ کر کامیابی تلاش کی تو ناکامی اور بربادی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، کیونکہ اسلامی اصولوں کی بنیاد ہی ایک کامیاب اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ اللہ ہمیں ایک اچھا مسلمان اور ایک بہترین انسان بننے کی توفیق عطا کرے۔ اٰمین

 

Saba Shoukat Rana
About the Author: Saba Shoukat Rana Read More Articles by Saba Shoukat Rana: 22 Articles with 38487 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.