ایک معیاری سکول کیسے ہوتا ہے
(Dr-Muhammad Saleem Afaqi, Peshawar)
تحریر: ڈاکٹر محمد سلیم آفاقی
*ایک معیاری سکول کیسے ہوتا ہے* ایک معیاری سکول، درحقیقت ایک مثالی درسگاہ ہوتا ہے جس کی کوکھ سے بہترین نسل نکلتی ہے۔ ایک منفرد سکول کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کی مؤثر و متحرک قیادت ہوتی ہے اور انکے ساتھ ایک پروفیشنل ٹیم ہوتی ہے۔پرنسپل کے پاس ایک وژن ہوتا ہے جس پر اس کی ٹیم عمل کرتی ہے یہاں پرنسپل اور اساتذہ باہمی تعاون سے طلبہ کی شمولیت پر مبنی سیکھنے کا ماحول تخلیق کرتے ہیں، جہاں ہر بچے کو اپنی انفرادی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔ اس طرح کے ماحول میں طلبہ کو اپنائیت اور اعتماد ملتا ہے، جس سے ان کی شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ سکول سربراہ نہ صرف اساتذہ کے طریقہ تدریس کا مشاہدہ کرتا ہے بلکہ طلباء کی نوٹ بکس بھی رینڈملی چیک کرتا اور اپنی فیڈ بیک بھی دیتا ہے۔ ایک مثالی سکول میں نظم و ضبط ہوتا ہے جہاں پرنسپل راؤنڈ پر ہوتا ہے۔ اساتذہ اپنے طلباء کے ساتھ تدریسی عمل میں مصروف ہوتے ہیں۔ چوکیدار مین گیٹ پر اور مالی چمن میں پودوں کی دیکھ بھال کرتا نظر آتا ہے۔ گزرتے لمحات کے ساتھ طلبا کے روپے میں مثبت تبدیلی رونما ہوتی نظر آتی ہے۔ آئیڈیل سکول میں نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی بھرپور اہمیت دی جاتی ہے۔ کھیل، آرٹ، تقریری مقابلے اور سائنسی تجربات طلبہ کی تخلیقی اور عملی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں۔ اساتذہ طلبہ کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ انہیں معاشرتی ذمہ داری، صبر، ہمدردی اور اخلاقیات کا شعور بھی دیتے ہیں تاکہ وہ زندگی کے ہر میدان میں کامیاب ہو سکیں۔
ایک اچھے سکول میں والدین، اساتذہ اور طلبہ کے درمیان مضبوط رابطہ اور اعتماد کا رشتہ ہوتا ہے۔ یہاں ہر طالب علم کو اپنی رائے کا اظہار کرنے اور اپنی مشکلات بیان کرنے کی آزادی ملتی ہے۔ اس کے علاوہ، سکول کا ماحول صاف ستھرا، محفوظ اور جدید سہولیات سے آراستہ ہوتا ہے، جو بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ایک منفرد تعلیمی ادارے میں سکول امرؤمنٹ پلان،ہر کلاس روم میں اکڈمک کلینڈر، ٹائم ٹیبل اور لرننگ میٹریل موجود ہوتا ہے جس پر عمل کیا جاتا ہے ایک بہترین علمی درسگاہ وہ ہوتی ہے جہاں ہر بچے کو سیکھنے کا بھرپور اور مساوی موقع ملے۔ وہاں کی قیادت اور اساتذہ نہ صرف تعلیمی لحاظ سے مضبوط ہوتے ہیں بلکہ طلبہ کی شخصیت سازی، اخلاقی تربیت اور خود اعتمادی بڑھانے پر بھی خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ ایسا سکول اپنے طلبہ کو صرف کتابی علم ہی نہیں دیتا بلکہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
آئیڈیل سکول میں تعلیمی ماحول خوشگوار اور حوصلہ افزا ہوتا ہے، جہاں ہر طالب علم کو اپنی رائے کا اظہار کرنے اور اپنی صلاحیتیں آزمانے کی آزادی ملتی ہے۔والدین، اساتذہ کونسل فعال ہوتی ہے، اور والدین کو سکول کی سرگرمیوں اور فیصلوں میں شامل کیا جاتا ہے۔ سکول میں صاف ستھرا ماحول، اچھی لائبریری، جدید سہولیات، کھیل کے میدان اور محفوظ ماحول طلبہ کی مجموعی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایک مثالی سکول میں انتظامیہ، اساتذہ اور والدین سب مل کر بچوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے کوشاں رہتے ہیں جہاں طلبہ کو نہ صرف تعلیمی کامیابی بلکہ اچھا انسان بننے کی تربیت بھی دی جاتی ہے، تاکہ وہ معاشرے کے مفید اور ذمہ دار شہری بن سکیں۔ ایسے سکول ہی قوم کا روشن مستقبل بناتے ہیں۔ ایک مثالی تعلیمی ادارہ میں کھیل کا میدان بھی ہوتا ہے جہاں طلباء ہم نصابی سرگرمیوں میں مصروف ہوتے ہیں۔ ایک اچھے سکول میں بزم ادب سوسائٹی بھی ہوتی ہے، پراکٹوریل کمیٹی بھی ہوتی ہے جو مارننگ اسمبلی اور پی ٹی شوز کا انعقاد کرتی ہے اس کے علاؤہ کیریکٹر بلڈنگ سوسائٹی بھی ہوتی ہے جو بچوں کی تعمیر سیرت میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے ایک نمایاں سکول میں ایک کمرہ فرسٹ میڈیکل ایڈ کے لئے مختص ہونا ہے جہاں بچوں کی تربیت بھی کی جاتی ہے اور ضرورت پڑنے پر فرسٹ ایڈ بھی دی جاتی ہے۔ سکول میں سینئر اساتذہ ہر مشتمل گائیڈنس ایینڈ کونسلنگ کمیٹی بھی ہوتی ہے جو بچوں کو وقتاً فوقتاً کیرئیر گائیڈنس اور دیگر مسائل کے حوالے سے کونسلنگ بھی کرتی ہے۔ اس کے علاوہ تمام ریکارڈ ہارڈ اور سافٹ میں اپ ڈیٹ ہوتا ہے۔ ایک اچھے سکول میں بچوں کا ریزلٹ شاندار ہوتا ہے ایک معیاری سکول میں بنیادی سہولیات بہ درجہ اتم موجود ہوتی ہیں، بجلی، سولر،پانی، کمپیوٹر، پرنٹر، واٹر کولر، نوٹس بورڈ، فلالین بورڈ اور دیگر سہولیات موجود ہوتی ہیں۔ ایک بہترین سکول میں دلکش چمن بھی ہوتا ہے، ہر سال شجرکاری مہم میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جاتا ہے۔ سالانہ قومی و بین الاقوامی ایام بھی منائے جانے ہیں۔سچ تو یہ ہے کہ ایک معیاری درسگاہ ہی معیاری قوم کو جنم دیتا ہے۔ |
|