لوگ آٹو گراف تو مانگ لیتے تھے مگر نوکری دینے کو کوئی تیار نہ ہوتا تھا---- نعمان اعجاز کی شادی کی شرط نوکری کیوں تھی؟ جانیں

 
نعمان اعجاز کا نام پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے اپنی بے پناہ اداکارانہ صلاحیتوں کے سبب وہ اداکاری کے شعبے میں ایک بہت منفرد اور بلند مقام رکھتے ہیں- کسی بھی ڈرامے میں ان کی شمولیت ان کی صلاحیتوں کے سبب مرکز نگاہ بنانے کے لیے کافی ہوتی ہے- ٹی وی اسکرین میں سب کی نگاہوں میں رہنے والے نعمان اعجاز اپنی ذاتی زندگی میں الگ تھلگ اور لیے دیے رہنے والے انسان ہیں اسی وجہ سے ان کے چاہنے والے ان کی ذاتی زںدگی کے بارے میں بہت کچھ نہیں جانتے ہیں- اسی حوالے سے کچھ باتوں کے بارے میں ہم آپ کو بتائيں گے-
 
1: نعمان اعجاز کی شادی ایک فلمی لو اسٹوری
نعمان اعجاز نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنی بیگم رابعہ نورین سے شادی کے حوالے سے بتایا کہ انہوں نے جب پہلی بار رابعہ کو دیکھا تو ان کی سادگی نے انہیں بہت متاثر کیا اور انہوں نے ان کو دیکھتے ہی شادی کا فیصلہ کر لیا- اس وقت تک نعمان اعجاز کا ڈرامہ دشت آن ائیر ہو چکا تھا اور وہ اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہو چکے تھے- مگر جب وہ رشتے کے ارادے سے رابعہ کے والدین سے ملے تو وہ ان کی شہرت اور کامیابی سے ذرا بھی متاثر نہ ہوئے بلکہ ان کے نزدیک اداکاری کوئی مستقل کام نہیں تھا اور وہ اپنی بیٹی کا ہاتھ کسی ایسے فرد کے ہاتھ میں دینے کو تیار نہ تھے جو کہ اداکاری کو پیشہ سمجھتا تھا- اس لیے انہوں نے نعمان کی رابعہ کے ساتھ شادی کی شرط ایک مستقل نوکری کے ساتھ مشروط کر دی- نعمان اعجاز کے مطابق یہ ایک مشکل شرط تھی کیوں کہ وہ جس کے پاس بھی نوکری کے لیے جاتے وہ ان سے آٹوگراف تو ضرور مانگ لیتے تھے مگر ان کو نوکری دینے کے لیے کوئی بھی تیار نہ ہوتا تھا ایسے وقت میں رابعہ کی دادی ان کے کام آئیں اور انہوں نے انہیں ایک نوکری تلاش کر کے دی اس طرح نعمان دن میں نوکری کرتے اور رات میں اپنی اداکاری کے شوق کو پورا کرتے- بلاآخر وہ رابعہ کے والدین کو متاثر کرنے میں کامیاب ہو گئے اور اس طرح ایک فلمی لو اسٹوری شادی کے بندھن میں تبدیل ہو گئی-
 
 
2: بغیر معاوضہ کے انٹرویو نہیں دیتے
عام طور پر شو بز سے منسلک لوگ انٹرویو دینے کے بہت خواہشمند ہوتے ہیں اور ان کا یہ خیال ہوتا ہے کہ اس طرح ان کی شہرت میں اضافہ ہو گا مگر اس کے برخلاف نعمان اعجاز کا نظریہ کافی حد تک مختلف ہے- اور ان کا یہ ماننا ہے کہ انٹرویو دینے والے کو وہ اپنا وقت دیتے ہیں اور ان کے دیے ہوئے وقت سے وہ پیسہ کماتا ہے اس لیے وہ بغیر معاوضہ لیے کسی کو بھی انٹرویو نہیں دیتے ہیں- یہی وجہ ہے کہ وہ میڈیا پر کم کم نظر آتے ہیں ان کے انٹرویو کم دینے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ خود کو ہر طرح کے تنازعات سے دور رکھنے کی کوشش کرتے ہیں- ان کا ماننا ہے کہ انٹرویو لینے والے مختلف معاملات میں رائے پوچھنے کے بعد مرچ مصالحہ لگا کر بیان کرتے ہیں جس سے اداکار تنازعات کا شکار ہو جاتے ہیں-
 
3: ایوارڈ تقریبات میں جانے سے گریز کرتے ہیں
نعمان اعجاز عام طور پر ایوارڈ فنکشنز میں شرکت نہیں کرتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ وہ ان ایوارڈ کے حوالے سے بھی خدشات کا اظہار کر چکے ہیں اور ان کے مطابق ایوارڈ کے لیے منتخب ہونے کا عمل شفافیت سے خالی ہے- اور آج کل کے ایوارڈ کے فنکشن میں نئے اور نو آموز افراد کے ہاتھوں تجربہ کار اور کہنہ مشق اداکاروں کو ایوارڈ دلوائے جاتے ہیں جو کہ ایک مثبت عمل نہیں ہے- مگر اب پروڈکشن ہاؤسز کے شدید اصرار کے سبب کبھی کبھی نعمان اعجاز ایوارڈ کی تقریبات میں بھی نظر آنے لگے ہیں-
 
4: نعمان اعجاز کے بیٹے کی فن اداکاری میں آمد کی تیاریاں
نعمان اعجاز کے بڑے بیٹے زاویار بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کے شعبے میں آنے کا فیصلہ کر چکے ہیں اور اس حوالے سے نعمان اعجاز ان کی رہنمائی بھی کر رہے ہیں- مگر ان کا یہ ماننا ہے کہ وہ اپنے بیٹے کے لیے کسی قسم کی سفارش نہیں کریں گے اور اگر ان کا بیٹا اس شعبے میں کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے تو اسے اپنے زور بازو پر بھروسہ کرنا پڑے گا-
 
 
5: زيادہ گھلنا ملنا پسند نہیں ہے
نعمان اعجاز اپنے کام سے کام رکھنےوالے فرد ہیں وہ عام طور پر سیلیبریٹیز کی دعوتوں میں نظر نہیں آتے ہیں اور نہ ہی ایسی تقریبات کا حصہ بنتے ہیں جہاں بہت چمک دمک ہو-
 
6: وہ ایک سیلف میڈ انسان ہیں
نعمان اعجاز کا شمار ان لوگوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی محنت سے اپنا مقام بنایا ہے- انہوں نے اپنی پہلی گاڑی کے حوالے سے یہ بتایا کہ انہوں نے شادی کے بعد ایک سیکنڈ ہینڈ گاڑی پیسے جمع کر کے خریدی تھی اور اس کی خوشی وہ آج بھی محسوس کر سکتے ہیں-
 
7: سوشل میڈیا سے دور دور رہتے ہیں
نعمان اعجاز سوشل میڈیا کو مصنوعی زندگی سے تعبیر کرتے ہیں اس وجہ سے اس سے دور دور رہتے ہیں- مگر حالیہ دنوں میں لاک ڈاؤن کے سبب وہ کسی حد تک سوشل میڈيا پر نظر آنے لگے ہیں مگر اس کے باوجود ان کا واسطہ اس ذریعے سے کم کم ہی ہے-
 
 
8: انہوں نے آج تک اپنا کوئی ڈرامہ نہیں دیکھا
اپنے کام اور صلاحیتوں پر یقین رکھنے والے نعمان اعجاز کو خود کو اسکرین پر دیکھنا بالکل بھی پسند نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آج تک اپنا کوئی ڈرامہ بھی نہیں دیکھا بلکہ ان کا یہاں تک کہنا ہے کہ انہیں خود کو اسکرین پر دیکھنا پسند نہیں ہے- اس وجہ سے انہوں نے آج تک اپنی شادی کی مووی بھی نہیں دیکھی ہے -
Most Viewed (Last 30 Days | All Time)

Comments

آپ کی رائے
Language: