شیلانیاس کا گورکھ دھندا (طنزو مزاح)

للن سنگھ نے اپنے استاد کلن شریواستو کے چرن چھو کر کہا پرنام گرودیو ۔
کلن بولے جیتو رہو کیسے ہو؟ پہلے ماسک لگاو پھر بات کرو۔ تمہیں پتہ نہیں کورونا کال چل رہا ہے۔
للن ہنس کر بولا آپ کا آشیرواد پراپت ہے اس لیے ابھی تک کورونا سے بچا ہوا ہوں لیکن میری اِ چھاّ(خواہش) ہے کہ ۵ اگست کے بعد مروں ۔
کیوں بھائی5اگست کو ایسا کیا ہے جو تم اس سے پہلے مرنا نہیں چاہتے ؟اور اس کے بعد جینا نہیں چاہتے؟
للن نے کہا ارے گرودیو آپ نہیں جانتے ۔ ۵ اگست کو ایودھیا میں مودی جی رام مندر کا شیلا نیاس کرنے والے ہیں ۔
ارے پھر سے شیلا نیاس ؟ میں خود9 نومبر 1989 کے دن ایودھیا کے اندر شیلا نیاس میں موجود تھا ۔
اچھا تو کیا رام مندر کا شیلانیاس میری پیدائش سے پانچ سال پہلے ہی ہوچکا ہے۔ تو یہ پھر سے کیوں ہورہا ہے؟
مودی جی بیٹھے بیٹھے بور ہورہے ہیں ۔ آج کل کوئی ان کے من کی بات بھی نہیں سنتا ۔رام مندر کے بہانے ہی سہی لوگ ان کے درشن تو کرلیں گے ۔
وہ تو ٹھیک ہے گروجی لیکن یہ دوبارہ رام مندر کا شیلا نیاس بات سمجھ میں نہیں آئی ۔
کلن نے ہنس کر کہا تم نے آئی ایس ایس کے ابوبکر بغدادی کا نام سنا ہے۔
ہاں ہاں کیوں نہیں سنا لیکن اس کا رام مندر کے شیلا نیاس سے کیا لینا دینا؟
وہ کتنی بار مارا گیا جانتے ہو؟
سمجھ گیا ۔ بغدادی کے مارے جانے کی خبر کئی بار یہ خبر آچکی ہے ۔ اب تو یقین بھی نہیں ہوتا کہ وہ مارا گیا یا نہیں ۔ اس لیےکہ انسان دو بار تو نہیں مرسکتا؟
جی ہاں للن ! امریکہ کو جب ضرورت ہوتی تھی بغدادی کو مار دیا جاتا اور لوگ وشواس کرلیتے ۔ مودی جی کو ضرورت ہے اس لیے شیلانیاس کیا جارہا ہے۔
لیکن مودی جی کو کیا ضرورت آن پڑی ۔ وہ تو رام مندر تحریک کے دوران کبھی ایودھیا کے آس پاس پھٹکے بھی نہیں ۔
ارے بھائی سیدھی بات ہےپہلے مودی مقبول عام تھے اس لیے ضرورت نہیں پڑی ۔ اب مقبولیت گھٹ گئی ہے اس لیے رام کا نام لے رہے ہیں ۔
اچھا اب سمجھا لیکن مودی جی تو بہت کام کرتے ہیں پھر بھی ان کی مقبولیت گھٹ کیوں گئی؟
وہ کام کرتے ہیں یا نہیں ؟ میں نہیں جانتا ؟ اور کیا کرتے ہیں ؟ یہ بھی نہیں پتہ لیکن ان کا کوئی کام ہو نہیں رہا ہے ۔ کورونا اور گہلوت دونوں بے قابوہیں ۔
اوہو تو کیا یہ کورونا کو قابو میں کرنے کی کوئی ترکیب ہے؟
جی ہاں شرد پوار نے یہی کہا ہے کہ کچھ لوگوں کے خیال میں مندر تعمیر ہونے کے بعد کورونا وائرس ختم ہوجائے گا۔
وہ تو ٹھیک لیکن ان کی اتحادی شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ اروند ساونت نے توکہا کہ رام اعقیدےکا معاملہ ہے، اس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ۔
اروند ساونت کے لیے یہ دھرم کا معاملہ ہوسکتا ہے لیکن سنگھ پریوار کے لیے یہ سیاسی مسئلہ ہے اس لیے مودی جی تو اس کا فائدہ اٹھا کر رہیں گے۔
اچھا اگر ایسا ہے تو ادھوو ٹھاکرے نے سنگِ بنیاد کی تقریب ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کرنے کا مشورہ کیوں دے دیا؟
ادھو کو پتہ ہے کہ مودی ان کو اس ایودھیا نہیں بلائیں گے ۔ عدم شرکت کی خفت مٹانے کےلیے کورونا کا بہانہ بنا کر ویڈیو شیلانیاس کی تجویز رکھ دی۔
لیکن گرودیو بی جے پی کے رہنما سدھیر منگنتیور نےتو کہہ دیا کہہر کوئی جانتا ہے کوویڈ 19 رام مندر کی تعمیر سے ختم نہیں ہوگا… یہ عقیدے کا مسئلہ ہے۔
اچھا!تو بی جے پی ایم پی پرگیہ ٹھاکر نے کیوں اعلان کیا کہ 5 اگست تک شام 7 بجے5بار’’’ہنومان چالیسا‘‘ پڑھیں کورونا وائرس سے نجات مل جائے گی۔
اوہو گرودیو اسپاکھنڈی کا کیا؟ وہ پہلے کہہ رہی تھی میں گئوموتر سےاپنا علاج کرتی ہوں مگرطبیعت بگڑی تو جاکر ایمس میں بھرتی ہوگئی ۔
للن مجھے تو لگتا ہے وہ چاہتی ہے شیوراج سنگھ چوہان اپنا کورونا کا علاج بھابی کے پاپڑ کھا کر یں اور اس دنیا سے سدھار جائیں ۔
لیکن ایسے میں اس سادھوی کا کیا فائدہ ہوگا ؟
ارے بھائی فائدہ ہی فائدہ ہے۔ وہ بھی یوگی ادیتیہ ناتھ اور سادھوی اوما بھارتی کی طرح وزیر اعلیٰ بن جائے گی ۔ اور کیاَ؟
لیکن یہی بات تو ایم پی اسپیکر رمیشور شرما بھی کہہ چکے ہیں کہ جیسے ہی رام مندر کی تعمیر شروع ہوگی،کورونا کی تباہیختم ہو جائے گی۔
ایسا ہے تو لاک ڈاون کے بجائے یہی شروع کردیتے اتنے لوگ تو نہ مرتے اوریہ بھی تو سچ ہے کہ کورونا سے زیادہ لوگ رام مندر کے چکر میں مارے گئے
اچھا گرودیو اس بار کے آپ شیلا نیاس کے لیے اپنے ساتھ مجھے بھی لے چلیں ۔ میں بھی شریک ہونا چاہتا ہوں ۔
ارے بھیا !تمہاری اور میری کی بساط ؟ ابھی تک تو اڈوانی اور جوشی کو بھی نہیں بلایا گیا ہے۔
کمال ہے! اگر وہ پھر سے رتھ یاترا لے کر نکل پڑے تو کیا ہوگا؟
بھائی وہ زمانے لد گئے جب کانگریس راج میں رتھ یاترا نکلتی تھی اب مودی یگ ہے ۔ مودی جی رتھ سمیت جیل میں ڈال دیں گے ۔
بلاقصور کیسی کو جیل میں کیسے ڈالا جاسکتا ہے؟
دیکھو بھائی آج کل کپل شرما جیسے فسادی کھلے گھوم رہے ہیں ۔ خالد سیفی جیسے بے قصور جیل میں ہیں ۔ اڈوانی و جوشی کے خلاف تو مقدمہ بھی چل رہا ہے۔
کیا ان پر پر دہلی فساد کا مقدمہ لگا دیا گیا ہے؟
نہیں ۔ ان کے خلاف بابری مسجد کی شہادت مقدمہ چل ہی رہا ہے اور تم توجانتے ہی ہو کہ عدالت میں فیصلہ وہی ہوتا جو پردھان جی چاہتے ہیں ۔
جی ہاں مجھے پتہ ہے اسی لیے سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا نے کہا ہے کہ اس شیلانیاس میں رنجن گوگوئی کو مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے بلایا جانا چاہیے۔
جی ہاں! کون جانے وہ جائے نہ جائےلیکن اعظم خان نامی مسلم رام بھکت نے کہا ہے کہ اگر اسے نہیں بلایا گیا تو سریو ندی میں جل سمادھی لے لے گا۔
ارے بھائی اس کے لیے تو چلو بھر پانی ہی کافی ہے ۔ اسی میں ڈوب مرے سریو کو کیوں گندا کرتا ہے؟
اچھا لیکن گروجی وہ شنکراچاریہ سوروپانند سرسوتی کون ہیں جو سنگ بنیاد کی تاریخ کو ، اشبھ گھڑی (منحوس وقت) قرار دے رہے ہیں ۔
وہ بہت بڑے جگت گرو ہیں لیکن بھائی شبھ کام کرنا ہو تو اس کے لیے شبھ مہورت نکالا جائے ۔ جیسا اشبھ کام ویسا ہی منحوس مہورت ، حساب برابر۔
للن بولا لیکن گروجی اگر اس شیلا نیاس کو ایک آدھ ہفتہ ٹال دیا جاتا تو کیا فرق پڑتا؟
دیکھو بھائی ایک وجہ تو ہےتاکہ کوئی دھرم گرو تقریب میں شریک نہ ہو لیکن اصل بات یہ ہے کہ ۱۵ اگست کو لال قلعہ سے مودی اس کا ذکر کرسکیں ۔
اچھا سمجھ گیا ۔ پچھلی بار ۵ اگست کو کشمیر کی دفع ۳۷۰ ہٹائی گئی، اگلی بار رام مندر کا شیلا نیاس ۔ کیا اب یہی سب ہوگا؟
جی ہاں للن اب 2022 تک تو یہی تماشے ہوں گے ۔ اس کے بعد بھی اگر یہ جیت گئے تو دیش کا کیا ہوگا کوئی نہیں جانتا ؟

 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2124 Articles with 1450057 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.