جلدی کا فیصلہ

ایک محلے میں دو ہمسائے پاس پاس رہتے تھے۔ ایک بڑا لڑاکا تھا اور دوسرا دھیما اور دانا۔ دانا کے یہاں کچھ مرغیاں پلی ہوئی تھیں؛ مگر اس بات کا وہ ہمیشہ خیال رکھتا تھا کہ ہمسایوں کو تکلیف نہ ہو۔ باہر جاتے وقت مرغیوں کو دانہ پانی دے کر بند کرجاتا اور جب گھر آتا تو کھول دیا کرتا تھا۔

ایک دن یہ گھر میں موجود نہ تھا کہ مرغیاں کسی طرح کھانچے سے باہر نکل آئیں اور انھوں نے لڑاکے ہمسائے کے گھر جاکر کہیں بیٹ کردی، کہیں زمین کھود کھود کر گڑھے ڈال دیے۔ الغرض ہر جگہ کوڑا کرکٹ پھیلا دیا۔

لڑاکے نے دیکھا تو مارے غصے کے بیسیوں ہی گالیاں دیں اور جل بھن کر ایک مرغی کی گردن بھی مروڑ ڈالی۔

یہ غصے میں بھرا ہوا ابھی بک ہی رہا تھا کہ دانا بھی آپہنچا جس سے گھر والوں نے شکایت کی کہ اس کے ہمسائے نے ناحق گالیاں دے کر اتنا شور مچا رکھا ہے۔ ذرا جاکر پوچھو تو سہی۔اگر جانور آپ سے آپ نکل گئے تو اس میں ہمارا کیا قصور !۔

عقل مند نے سوچا کہ ایسے لڑاکے سے سمجھ داری کی اُمید فضول ہے۔ دانائی یہ ہے کہ اس کی درستی کی کوشش کرنی چاہیے۔یہ سوچ کر وہ ہمسائے کے گھر گیا اور نرمی سے کہا: آج کسی طرح آپ سے آپ مرغیاں نکل گئی تھیں، مجھے افسوس ہے کہ انھوں نے آپ کو تکلیف پہنچایا۔لائیے میں آپ کے صحن میں جھاڑو دے دوں اور کچھ نقصان ہوا ہو تووہ بھی پورا کردوں۔

دانا کی اِن ملائم باتوں نے لڑاکے کے دل پر بڑا اثر کیا؛ کیوں کہ اسے تو ایک مرغی کا گلا گھونٹ دینے سے ہمسائے کی طرف سے لڑائی جھگڑے کا اندیشہ تھا۔ اس نے فوراً دانا سے معافی مانگی اور پھر کبھی ایسی حرکت نہ کی جس سے دوسروں کو کوئی تکلیف پہنچے۔

پیارے بچوں!کبھی بھی غصے کی حالت میں کوئی فیصلہ نہیں لینا چاہیے اور جب تک دوسرے کی بات نہ سن لے کوئی فیصلہ نہیں دینا چاہیے۔ دیکھو اگر اس لڑاکے کو ہمارے پیارے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث مبارک یاد ہوتی تووہ اپنی اس حرکت سے باز رہتا : ’’سوچ سمجھ کر کام کرنا محض اللہ (کی توفیق )سے ہوتا ہے ،اور جلدی کا عمل شیطان کی طرف سے ہوتا ہے‘‘۔
الأَنَاۃُ مِنَ اللّٰہِ وَ العُجْلَۃُ مِنَ الشَّیْطَانِ
(سنن ترمذی: ۷؍۲۹۸حدیث:۱۹۳۵)
Muhammad Saqib Raza Qadri
About the Author: Muhammad Saqib Raza Qadri Read More Articles by Muhammad Saqib Raza Qadri: 147 Articles with 412770 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.