ترکی کا سستا مگر حسین ترین مقام ’’بودرم‘‘ جہاں دنیا کے امیر ترین لوگ بھی جاتے ہیں!

image
 
جب سے ترکی کا تاریخی ڈرامہ سیریل ’’ ارطغرل ‘‘ پاکستان میں آن ائیر ہوا ہے ہر کوئی ترکی کی ثقافت و سیاحت پر توجہ مرکوز کرتا دکھائی دے رہا ہے- جو لوگ سوئٹزرلینڈ یا کسی اور ملک گھومنے کیلئے جاتے تھے وہ اب لاک ڈاؤن کے دوران ہونے والے ذہنی تناؤ کو ختم کرنے کیلئے ارطغرل کے ملک یعنی ترکی جانا چاہتے ہیں-
 
کہا جاتا ہے کہ ترکی کے ضلع ’’معلا‘‘ کا مشہور سیاحتی مقام ’’ بودرم ‘‘ لوگوں کے لئے ایک بہترین سیاحتی مقام ہے یہ کسی بھی یورپی ملک کے مقابلے میں سستا بھی ہے- یہاں کا شفاف نیلا پانی اور سرسبز وادیاں انسان کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں- یہی وجہ ہے کہ صرف چند دن گزار کر لوگ یہاں سے زندگی بھر کیلئے حسین یادیں اپنے دامن میں سمیٹ کر لے جاتے ہیں ۔ یہاں امن و سکون کا دور دورہ رہتا ہے یہی وجہ ہے کہ نوجوان یہاں بغیر کسی ڈر و خوف کے گھوم پھر سکتے ہیں ۔
 
image
 
یہ بھی بتاتے چلیں کہ بودرم میں صرف عام لوگ گھومنے نہیں آتے بلکہ یہاں مشہور شخصیات بھی گھومنے کی غرض سے آتی رہی ہیں، ان میں سے ایک ناروے کی شہزادی مارتھا لوئس ہیں جنہوں نے گزشتہ سال اگست کے مہینے میں ’’بودرم‘‘ کو رونق بخشی تھی- اس کے علاوہ ڈچز آف کارنیوال ’’کمیلا پارکر‘‘ کو بھی بودرم مرینا میں اپنے دوستوں کے ساتھ گھومتے ہوئے دیکھا گیا، یہی نہیں بلکہ میکسیکن اداکارہ سلمہ ہائیک کو بھی بودرم کئی مرتبہ آتے جاتے دیکھا گیا ہے- دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کئی بار شامل رہنے والے بل گیسٹس اور ان کی اہلیہ ملینڈا گیٹس، ہولی وڈ اداکارہ نکول کڈمین اور ٹام ہنکس بھی ’’بودرم‘‘ کو ترکی کا بہترین سیاحتی مقام مانتے ہیں اور یہاں چھٹیاں گزارتے دکھائی دیتے ہیں ۔
 
ترکی ٹورزم انسویسٹرز ایسوسی ایشن کے وائس چئیرمین کے مطابق سال 2018 سے بودرم میں آنیوالے سیاحوں کی تعداد میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 2012 سے 2019 کے دوران بودرم آنے والوں کی سالانہ تعداد 1.1سے 1.3بلین رہی ہے ۔ یہاں 44 فور اسٹار ہوٹلز سیاحوں کو مقامی ڈشز کے ذائقوں اور روایتی چائے اور قہوے سے لطف اندوز کرواتے ہیں-
 
image
 
مقامی ہوٹلز کے علاوہ یہاں 12عالمی شہرت یافتہ لگژری ہوٹلز کی شاخیں بھی موجود ہیں، ان ہوٹلز کی مالیت 5 بلین سے زیادہ ہے- یہاں کے آرام دہ بیڈرومز ، ڈائننگ ایریا، واش رومز، سوئمنگ پولز اور بالکونیاں، لوگوں کو بودرم کے خوبصورت سرسبز مقامات کا نظارہ بھی کرواتے ہیں ۔ 5اسٹار ہوٹلز کے ڈبل روم کی قیمت 175ڈالر سے 230 ڈالر فی دن ہوتی ہے جبکہ اگر یورپ کے کسی ملک کے فائیو اسٹار ہوٹل میں ایک دن رہا جائے تو وہاں 580ڈالر سے 700ڈالر تک کی خطیر رقم ادا کرنی پڑتی ہے ۔
 
یہاں یورپی ممالک جرمنی، فرانس، برطانیہ، بیلجئیم ، ہالینڈ کے علاوہ آذر بائیجان ، ارمینیا، قازقستان ، ازبکستان ، روس ودیگر ممالک سے لوگ اس لئے کھینچے چلے آتے ہیں کیونکہ یہ یورپین ممالک کے سیاحتی مقامات سے سستا اور خوبصورت ہے۔ یہاں جدید ریسٹورنٹس، نائٹ کلبس، کروز جہاز کی سیر کرنے کو ملتی ہے ساتھ ہی ترکی کی تاریخ سے دلچسپی رکھنے والوں کیلئے ’’بودرم قلعہ‘‘ ایک نہایت پرکشش مقام ہے ،جو ترکی کے بہترین آرکیٹیکچر کا ایک نمونہ ہے-
 
image
 
image
 
بودرم میں موجود ’’میوزیم آف انڈر واٹر آرکیالوجی ‘‘ انسان کے ذہنی تھکن کو دور کرنے کیلئے کافی ہے ،علاقے میں موجود مختلف ساحل سمندر، ثقافتی گاؤں اور غاروں کی سیر سیاحوں کیلئے ایک انوکھا تجربہ ثابت ہوسکتی ہے ، ساتھ ہی نوجوانوں کو تازہ پانی میں کی جانے والی تیراکی اور ڈائیونگ ہمیشہ بودرم کی طرف دوبارہ کھینچ لانے کیلئے کافی ہے- یہاں مختلف حمام بھی موجود ہیں جو سیاحوں کو ترکی کی پرانی روایات کو جدید انداز میں دکھانے کیلئے کافی ہیں۔ وہ نوجوان جو خاموش جگہوں کی تلاش میں رہتے ہیں ان کیلئے ’’یالیکواک‘‘ جیسی پرسکون اور چٹانوں کے درمیان موجود جگہ جانا بہتر رہے گا، نوجوان دنیا کے ہنگاموں کو بھول کر یہاں آجائیں تو اس پُرسکون جگہ کی ہواؤں تک کو سن سکتے ہیں ۔
 
image
 
ترکی کے کئی علاقوں کی نسبت سستا اور امیر ترین لوگوں کا پسندیدہ علاقہ’’ بودرم‘‘ دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی خوبصورتی میں جکڑ لینے کی صلاحیت رکھتا ہے، ساتھ ہی ڈرامہ سیریل ارطغرل کی شہرت نے بھی ترکی بالخصوص ’’بودرم‘‘ کی سیاحت کو مزید فروغ دیا ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE: