|
|
عام طور پر کسی بھی اداکار کو ملنے والی محبت اور نفرت کا انحصار ان کرداروں پر
ہوتا ہے جو کہ وہ ادا کرتا ہے ہمیشہ ہیرو اور ہیروئين کا کردار ادا کرنے والوں کو
لوگ محبتوں سے نوازتے ہیں تو ولن کے کردار کرنے والوں کے بارے میں لوگ یہی سوچتے
ہیں کہ یہ لوگ حقیقی زندگی میں بھی ایسے ہی ہوں گے- یہی وجہ ہے کہ تمام تر بہترین
صلاحیتوں کے باوجود لوگ انہیں وہ محبت نہیں دے سکتے جس کے وہ مستحق ہوتے ہیں - |
|
فلموں کا ولن اور حقیقی زندگی کا ہیرو |
شفقت چیمہ کا پورا نام شفقت حسین چیمہ ہے ان کا تعلق ایک مذہبی گھرانے سے تھا اور
ان کے والد ایک عالم دین تھے- شفقت چیمہ نے ابتدائی تعلیم جامعہ نعیمیہ سے حاصل کی
انہوں نے بچپن ہی میں قرآن حفظ کر لیا تھا اور اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک بہت ہی خوش
الحان قاری اور نعت خواں بھی ہیں- اسکرین پر نظر آنے والے ظالم اور خونخوار وحشی
شفقت چیمہ کے مقابلے میں حقیقی زندگی میں وہ بہت ہی خوش اخلاق اور مشفق انسان ہیں
اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک بہترین مدرس بھی ہیں اور باقاعدگی کے ساتھ لوگوں کو تبلیغ
بھی کرتے ہیں- |
|
|
|
بہادر انسان |
شفقت چیمہ نے تقریبا ساڑھے نو سو فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جن
میں انہوں نے ثانوی کرداروں کے ساتھ ساتھ ولن کے کردار میں اداکاری کی ہے-
ان کے حوالے سے کہا جاتا ہے کہ ایک بار عمر شریف کی ایک فلم میں انہیں ایک
خطرناک سین کرنے کی آفر ہوئی جس کے انعام میں انہیں مین ولن کے کردار کی
آفر کی گئی اس سین میں شفقت چیمہ کو بڑی تعداد میں گلے میں زہریلے سانپ ڈال
کر سین فلم بند کروانا تھا جس کو شفقت چیمہ نے کیا- اس سین میں ایک موقع پر
اپنے منہ میں ڈال کر سانپ کو کاٹنا تھا شفقت چیمہ نے جب یہ سین فلم بند
کروایا تو اس وجہ سے ان کے جسم میں اس سانپ کا زہر پھیل گیا اور اس وجہ سے
انہیں کافی دنوں تک ہسپتال میں رہنا پڑا تھا- |
|
شفقت چیمہ کا بیٹا اور سلطان راہی |
شفقت چیمہ کو اللہ نے چھ بیٹیوں سے نوازہ تھا بیٹے کی خواہش میں ہر بار ان
کی جھولی میں اللہ تعالیٰ بیٹی ڈال دیتا جس کو وہ صبر اور شکر سے قبول کر
لیتے ۔ چھٹی بیٹی کی پیدائش کے بعد جب وہ اسٹوڈیو آئے تو ان کے چہرے پر
پریشانی کا غبار تھا جس کو دیکھ کر سلطان راہی نے ان سے ان کی پریشانی کی
وجہ دریافت کی تو انہوں نے چھٹی بیٹی کے پیدا ہونے کے بارے میں بتایا ۔ یہ
سن کر سلطان راہی نے ان سے کہا کہ وہ ابھی آتے ہیں اور جب سلطان راہی واپس
آئے تو ان کی پیشانی پر مٹی لگی تھی اس حوالے سے شفقت چیمہ کا کہنا تھا کہ
ایسا محسوس ہوتا تھا کہ سجدے میں سر جھکا کر دعا مانگتے رہے ہیں- واپس آنے
کے بعد سلطان راہی نے شفقت چیمہ سے کہا کہ انشا اللہ تمھاری اگلی اولاد
بیٹا ہی ہو گی اور ایسا ہی ہوا یہی وجہ ہے کہ شفقت چیمہ کا یہ ماننا ہے کہ
ان کا بیٹا ان سے زيادہ ان کے محسن سلطان راہی سے مشابہت رکھتا ہے- |
|
|