پاکستانی ڈراموں میں ہیروئن کو محبت میں ناکامی کی سزا اداکار گوہر رشید کی صورت میں ہی کیوں ملتی ہے؟ڈائریکٹر کی خواہش یا کچھ اور۔۔۔

image
 
پاکستانی ڈراموں کو جن کو ماضی میں ان کی مضبوط کہانیوں اور بہترین اداکاری کے سبب دنیا بھر میں سراہا جاتا تھا حالیہ دنوں میں ان کے موضوعات کے سبب سخت ترین تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے- ترکی ڈرامے ارطغرل غازی کی مقبولیت کے بعد لوگ ایک جیسی بھیڑ چال ، شادی بیاہ اور گھریلو سیاستوں کے علاوہ کچھ دیکھنے کے خواہاں ہیں۔ مگر ہمارے پروڈیوسر کسی قسم کا بڑا رسک لینے کے موڈ میں نظر نہیں آتے یہی سبب ہے کہ انہوں نے ایک جیسی کہانیوں کے لیے ایک جیسے اداکاروں کو بھی فکس کر لیا ہے -مثال کے طور پر اگر کسی اینگری ینگ مین کا کردار کرنا ہے تو اس کے لیے فیروز خان سے بہتر کوئی نہیں ہے- اسی طرح اگر ڈرامے کی کہانی میں ہیروئن کے ماں باپ نے ہیرو کے بجائے اس کی شادی کسی بھی دوسرے مرد سے کروانی ہوتی ہے تو ہمارے سارے ڈرائیکٹرز کی نظر میں اس کے لیے بہترین انتخاب اداکار گوہر رشید ہیں جو کہ ہر ڈرامے میں ہیروئن کے ناپسند شوہر کا کردار نبھاتے ہیں آج ہم آپ کو ان کے ایسے ہی کچھ کرداروں کے بارے میں بتائيں گے-
 
1: ڈائجسٹ رائیٹر کے شوکت
ڈرامہ ڈائجسٹ رائٹر ہم ٹی وی کا ایک مشہور ڈرامہ سیریل ہے جس میں صبا قمر نے فریدہ کا کردار نبھایا جس کا قلمی نام رشک حنا تھا- ایک نفیس اور ادبی سوچ کی حامل لڑکی کو اس کے والدین نے دسویں فیل اس کے پھپھو کے بیٹے شوکت سے بیاہ دیا تھا- اس کردار کے حوالے سے گوہر رشید کا یہ کہنا تھا کہ وہ کراچی کی مارکیٹ میں اس کردار کو نبھانے کے لیے بہت گھومے اور اس کے بعد طرح طرح کی رنگ برنگی قمیضيں ڈھونڈ کر لائے تاکہ وہ ایک چھیل چھبیلے لڑکے کا کردار ادا کر سکیں جس پر انہوں نے لوگوں کی بہت نفرتیں سمیٹیں جو کہ بیوی کی کمائی پر عیش کرتا ہے-
image
 
2: من مائل کے میکائيل
ڈرامہ من مائل ایک اور ڈرامہ جس میں گوہر رشید نے ظالم و جابر شوہر کا کردار ادا کیا- اس ڈرامے کی ہیروئن مناہل جو کہ صلاح الدین سے شادی کی خواہاں ہوتی ہیں مگر صلاح الدین کے انکار کے سبب اور اپنے والدین کے دباؤ میں آکر عیاش اور بگڑے ہوئے امیر زادے میکائیل یعنی گوہر رشید سے شادی پر مجبور ہو جاتی ہیں جو ان پر ہر قسم کے ظلم کے پہاڑ توڑ دیتا ہے- اس موقع پر میکائيل کے کردار میں گوہر رشید کی اداکاری غضب کی تھی اور لوگوں نے جتنی محبت من مائل کی منو کو دی اتنی ہی نفرت میکائیل کے حصے میں بھی آئی-
image
 
3: عشقیہ کے عظیم
ہم ٹی وی کے بعد اے آر وائی والوں نے بھی گوہر رشید کی ان خدمات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا اور ڈرامہ عشقیہ میں جب حمنہ کے لیے ناپسندیدہ شوہر کی تلاش شروع ہوئی تو نظر انتخاب ایک بار پھر عظیم کے کردار کے لیے اداکار گوہر رشید پر ہی آکر ٹہری- اگرچہ یہ کردار ماضی کے کرداروں کی طرح منفی نہ تھا اور عظیم نے ایک مثبت اور سمجھدار انسان ہونے کا ثبوت دیا مگر اس کے باوجود اس ڈرامے میں بھی ان کی بیوی کسی اور سے شادی کرنا چـاہتی تھی-
image
 
4: راز الفت کا اسماعیل
راز الفت کی کہانی مشک نامی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو کہ ایک بہت قدامت پرست گھرانے سے تعلق رکھتی ہے اور اس کے والد بہت ہی سخت گیر باپ ہیں- یونی ورسٹی کی تعلیم کے دوران ارتضیٰ نامی امیر کبیر لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو جاتی ہے اور مجبوراً سخت ترین شرائط کے بعد مشک کے والد اس رشتے کے لیے ہاں کر دیتے ہیں- مگر ان کی سخت گیری کے سبب دونوں گھرانوں میں فاصلے آجاتے ہیں اور عین شادی کے موقع پر ارتضیٰ کے گھر والے رشتے سے انکار کر دیتے ہیں اور ایک بار پھر قرعہ فال اسماعیل یعنی گوہر رشید کے نام نکلتا ہے جو کہ اس بار تین بچوں کے باپ ہیں اور ان کی بیوی کا کینسر کے سبب انتقال ہو جاتا ہے اور وہ مشک کے ساتھ شادی کر کے ان کے ناپسندیدہ شوہر کا کردار ادا کرنے کے لیے رضا مند ہو جاتے ہیں-
image
YOU MAY ALSO LIKE: