”ٹرین آرہی ہے، سامان ہٹا لو“۔۔۔ دنیا کی خطرناک ترین مارکیٹ”میکلونگ“ جو ریلوے لائن پر لگائی جاتی ہے

image
 
تھائی لینڈ میں ایک ایسی ریلوے لائن موجود ہے، جس پر مارکیٹ لگائی جاتی ہے۔ دکاندار گاہک کو ان کی مطلوبہ پھل، سبزیاں، مچھلیاں دینے میں مصروف ہوتے ہیں کہ اچانک انہیں ٹرین کی آمد کا پتا چلتا ہے۔ پھر تو نظارہ دیکھنے کے لائق ہوتا ہے، چند لمحات میں یہ تمام سامان ٹرین کی پٹری سے ہٹا دیا جاتا ہے اور ٹرین گزرنے کا انتظار کیا جاتا ہے۔ جیسے ہی ٹرین گزرتی ہے، وہاں کی ریلوے لائن پر مارکیٹ واپس پہلے کی طرح لگا دی جاتی ہے۔ یوں گاہک کا رش واپس پہلے کی طرح ہی ہوجاتا ہے اور لوگ خریداری میں ایسے مصروف ہوجاتے ہیں کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔
 
میکلونگ ٹرین مارکیٹ کو دنیا کی انوکھی ترین مارکیٹ مانا جاتا ہے۔یہاں آپ کو رنگ برنگے پھل و سبزیاں بہ آسانی تازہ اور مناسب قیمت میں مل جائیں گی ۔ تھائی ڈشز میں استعمال کئے جانے والے چلی پیسٹ بھی یہاں بیچے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی تازہ مچھلیاں بھی مارکیٹ میں بیچنے کیلئے لائی جاتی ہیں، جنہیں گاہک ہاتھوں ہاتھ خریدتے دکھائی دیتے ہیں ۔
 
 دکاندار تفریح حاصل کرنے کی غرض سے موسیقی لگاکر رکھتے ہیں، جس سے مارکیٹ میں ایک سماں سا بندھ جاتا ہے۔ لوگ ٹرین کا ہارن سننے کے ساتھ ساتھ، موسیقی، سامان ہٹانے کیلئے دی جانے والی آوازیں اور پھرتی سب ایک ساتھ ہی سن اور دیکھ سکتے ہیں۔
 
image
 
سامان ہٹانے اور لگانے میں وقت:
جیسے ہی ہارن یا الارم کی آواز دور سے سنائی دیتی ہے ، دکانداروں کے ہاتھ برق رفتاری سے چلتے ہیں، تمام لوگ الرٹ ہوجاتے ہیں اور ریلوے لائن پر موجود سامان کو ہٹانے میں مصرف ہوجاتے ہیں ۔ سامان ہٹانے اور ٹرین گزرنے کے دوران صرف پانچ منٹ لگتے ہیں۔ پانچ منٹ بعد واپس مارکیٹ لگا دی جاتی ہے اور گاہک ریلوے ٹریک پر دوبارہ کھڑے ہوکر سامان خریدتے دکھائی دینے لگتے ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو، یا ٹرین گزری ہی نہ ہو۔
 
اس مارکیٹ میں کچھ لوگ ریلوے ٹریک پر سامان بیچتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ ریلوے لائن کے اطراف میں اپنے ٹھیلے لگاتے ہیں، کچھ لوگ باسکٹ وغیرہ میں سامان بیچتے ہیں، جبکہ کچھ لوگوں کے ٹھیلوں کے نیچے پہئے لگے ہوئے ہوتے ہیں۔
 
image
 
کیا حادثات ہوتے ہیں؟
میکلونگ ٹرین مارکیٹ میں کیا حادثات ہوتے ہیں؟ اس سوال کا جواب ”ہاں“ ہے۔ چونکہ ٹرین کے آنے کے بعد تیزی دکھانی ہوتی ہے، جو لوگ ریلوے ٹریک پر نظر نہیں رکھ پاتے یا ان کا دھیان نہیں ہوتا، وہ سیکنڈز میں اپنی پوری رفتار سے گزرنے والی ٹرین سے محفوظ نہیں رِہ پاتے اور حادثے کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ دکانداروں کے ٹھیلوں کو بھی نقصان پہنچتے دیکھا گیا ہے، جو لوگ وقت پر سامان ہٹا نہیں پاتے، انہیں اپنے سامان کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔
 
یہاں کیسے آئیں؟
وہ لوگ جو تھائی لینڈ جا رہے ہیں، انہیں بتا دیں کہ اگر آپ اس ٹرین مارکیٹ کا دورہ کرنا چاہتے ہیں تو بینکاک سے پورا ایک دن نکال کر یہاں آئیں، کیونکہ اس مارکیٹ کو پوری طرح گھومنے کیلئے ایک دن تو چاہئے۔ کوشش کریں کہ بینکاک کے وانگ ویان یائی ٹرین اسٹیشن سے صبح کے 8:35 منٹ پر ٹرین پکڑیں اور ماہا چائی اسٹیشن پر پہنچ جائیں ۔ 9:28 تک آپ ماہا چائی اسٹیشن پہنچ جائیں گے، پھر فیری کے ذریعے بین لائیم ٹرین اسٹیشن تک پہنچ جائیں ۔ 10:10 منٹ پر آپ کو بین لائیم سے میکلونگ ٹرین اسٹیشن جانے کیلئے ٹرین مل جائے گی۔ آپ 11:10 پر میکلونگ ٹرین مارکیٹ میں پہنچ جائیں گے۔ آپ کو مارکیٹ کے اندر تک داخل ہونے کیلئے 20 منٹ واک کرنی ہوگی۔ اب تین گھنٹے تک آپ مارکیٹ میں گھومیں، شاپنگ کریں، چیزیں کھائیں، تین گھنٹے بعد جب یہاں سے ٹرین گزرے گی تو آپ اس انوکھے منظر کو دیکھ سکیں گے، جس میں مارکیٹ ریلوے لائن سے منٹوں میں ہٹاکر دوبارہ لگا دی جاتی ہے۔ 2:30 پر ٹرین آئے گی، اس لئے اگر آپ واپس جانا چاہیں تو مارکیٹ میں گھوم کر واپس جاسکتے ہیں۔ 4:30 پر آپ بین لائم پہنچ جائیں گے، جہاں سے ماہا چائی اسٹیشن تک پہنچنے کیلئے آپ کو فیری کا سفر کرنا ہوگا ۔ 5:30پر ٹرین ماہا چائی اسٹیشن پر آتی ہے جو کہ آپ کو 6:30 تک بینکاک کے وانگ ویان یائی اسٹیشن تک پہنچا دے گی، یوں آپ آسانی سے میکلونگ ٹرین مارکیٹ کا انوکھا سفر کرکے واپس بینکاک آسکتے ہیں۔
 
image
 
ویسے تو وقتاً فوقتاً پیش آنے والے جانی ومالی حادثات کے باوجود میکلونگ ٹرین مارکیٹ اب بھی ریلوے ٹریک پر باقاعدگی سے لگائی جاتی ہے، آپ بھی اس انوکھی اور خطرناک ٹرین مارکیٹ کی تصاویر دیکھیں۔
YOU MAY ALSO LIKE: