متحدہ۔اور وکی لیکس : میری سمجھ میں کچھ نہیں آتا

کچھ لوگ اور گروہ ایسے ہوتے ہیں جو کہ شیشے کے گھروں میں بیٹھ کر دوسروں پر سنگ باری کرتے ہیں یا پھر کہنا چاہئے کہ چونکہ خود تو وہ کیچڑ میں لت پت ہوتے ہیں اور ان کا دامن داغ دار ہوتا ہے اس لئے وہ دوسروں پر کیچڑ اچھالتے رہتے ہیں اور دوسروں کا دامن بھی داغ دار کرنے کی ناکام کوشش کرتے رہتے ہیں تاکہ ان اپنے کے عیب نمایاں نہ ہوسکیں ۔ لیکن تدبیر کند بندہ ا تقدیر زن خندہ کے مصداق وہ دوروں پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش میں خود ہی مزید گندے ہوجاتے ہیں۔

گزشتہ ماہ منگل چوبیس مئی کو کراچی کے معروف روزنامہ ”عوام“ نے ایک خبر جلی سرخی کے ساتھ شائع کی تھی۔ یہ خبر وکی لیکس کے حوالے سے تھی اور وکی لیکس نے کراچی میں امریکی قونصل جنرل کے ایک واشنگٹن بھیجے گئے ایک خفیہ مراسلے میں یہ لکھا ہے کہ ” متحدہ کے پینتیس ہزار مسلح جنگجو ہمارے ساتھ ہیں“ ۔یہاں یہ بات ذہن نشین رہنی چاہئے کہ ”روزنامہ عوام“ کسی سیاسی جماعت کا اخبار نہیں ہے بلکہ پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ گروپ آف پبلی کیشن کا ایک اخبار ہے اور اس کے ایڈیٹر سینئر صحافی اور معروف تجزیہ نگار محترم نذیر لغاری صاحب ہیں۔اس لئے کسی کو یہ شبہ نہیں ہونا چاہئے کہ یہ کسی سیاسی جماعت کے ترجمان اخبار نے خبر لگائی ہے۔ جبکہ عوام اخبار سے پہلے اتوار بائیس مئی کو روزنامہ ڈان نے یہ خبر جاری کی تھی۔ ذیل میں ہم اس خبر کا عکس پیش کررہے ہیں۔

image

اب میری سمجھ میں یہ بات نہیں آتی کہ ایک ”اللہ کا بندہ “ دوسری جماعتوں پر امریکی ایجنٹ ہونے کا الزام لگاتا ہے لیکن معلوم ہوتا ہے کہ افغانستان پر امریکی حملہ کے وقت کراچی میں ”ویل کم امریکہ ریلی“ ایک لسانی جماعت نکالتی ہے۔ اور امریکہ کو ویل کم کیا جاتا ہے۔

ایک ”اللہ کا بندہ“ لوگوں سے سوال کرتا ہے کہ اسلامی جماعتیں امریکی ایجنٹ اور پٹھو ہیں لیکن امریکی قونصل جنرل اپنے خفیہ مراسلے میں کچھ اور ہی انکشاف کرتا ہے۔اور دوسرے لوگوں کے بارے میں بتاتا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں۔

ایک ”اللہ کا بندہ“اسلامی جماعتوں پرامریکی ڈالر لینے کا الزام لگاتا ہے اور امریکی ایجنٹ ہونے کی بھپتی کستا ہے لیکن حقائق تو کچھ اور ہی کہہ رہے ہیں۔ تو اللہ کا یہ بندہ آخر اس قدر جھوٹا پروپیگنڈہ کیوں کرتا ہے؟ کوئی مجھے اس سوال کا جواب دے گا؟

میری سمجھ میں کچھ نہیں آتا۔کاش کوئی مجھ کو سمجھاتا
Saleem Ullah Shaikh
About the Author: Saleem Ullah Shaikh Read More Articles by Saleem Ullah Shaikh: 535 Articles with 1519953 views سادہ انسان ، سادہ سوچ، سادہ مشن
رب کی دھرتی پر رب کا نظام
.. View More