کتاب : روزے کے جدید مسائل
مؤلف : مولانامحمدسبحان رضامصباحی
صفحات : ۷۲
سن اشاعت: ۱۴۳۹ھ ؍۲۰۱۸ء
ناشر : دعوت قرآن ایجوکیشنل اینڈویلفیرسوسائٹی خضرپورکولکاتا۲۳
مبصر : محمدساجدرضامصباحی
روزہ اسلام کاایک اہم اوربنیادی رکن ہے ،جس کے مسائل واحکام کتب فقہ میں
تفصیل کے ساتھ موجودہیں ،اکثرلوگ ان سے واقف بھی ہیں ،لیکن روزے کے تعلق سے
کچھ جدیداورنوپیدمسائل ایسے ہیں جن کے احکام سے اکثرلوگ نابلدہیں ،رمضان
المبارک کاموسم خیرآتاہے تومفتیان کرام کی بارگاہ ہوں میں ملک کے مختلف
گوشوں سے اس طرح کے سوالات آنے لگتے ہیں ۔اسی ضرورت کومحسوس کرتے ہوئے
روزے جدیدمسائل کواس رسالے میں سلیقے سے جمع کیاگیاہے۔
مجلس شرعی جامعہ اشرفیہ مبارک اورشرعی کونسل آف انڈیا بریلی شریف کے
زیراہتمام ہرسال فقہی سیمینارمنعقدہواکرتاہے جس میں جدید اور پیچیدہ مسائل
پرملک کے معتبرومستندعلماومفتیان عظام غوروخوض اوربحث ومباحثہ کے بعد ایک
راے پر متفق ہو کر فیصلہ صادر فر ماتے ہیں۔چندسالوں قبل مجلس شرعی جامعہ
اشرفیہ مبارک پورکے فقہی سمینارمیں روزے کی حالت میں علاج کی مختلف صورتوں
کو زیر بحث لایا گیا اور اس حوالے سے کئی اہم فیصلےلیے گئے ،ملک وبیرون ملک
کے معتمدمفتیان عظام کے فتاویٰ میں بھی روزے کے جدیدمسائل ب کا ذکر جا بجا
ملتا ہے ۔مؤلف نے اپنی اس تالیف میں مختلف مقامات میں منتشر انھی احکام
کوحسن ترتیب کے ساتھ جمع کردیاہے ۔
اس اہم کتاب کے مؤلف نوجوان عالم دین، مولانامحمدسبحان رضامصباحی ہیں
،جوجامعہ اشرفیہ مبارک پورکے اہم فاضل ،بلندعزم وحوصلے کے حامل ،تحقیق
وجستجوکے عادی ،تحریروقلم کے شیدائی ،درس گاہ کے بہترین استاذ،عالمانہ
وقارکے ساتھ خطاب فرمانے والے سنجیدہ خطیب اورشہرکولکاتاکی ایک عظیم جامع
مسجدکے خطیب وامام ہیں ۔تحقیق وتصنیف کاذوق ِجنوں انھیں کبھی سکون سے
بیٹھنے نہیں دیتا،وہ یکے بعددیگرے معرکے سرکرتے جارہے ہیں، ان کی گئی اہم
تالیفات منظرعام پرآکرا ہل علم وفن سے خراج تحسین وصول کرچکی ہیں ۔حالات
فردزماں شیربنگال ،اسلام اورنکاح ،درس تقلید،مسائل امامت واقتدا،ان کی اہم
تالیفات ہیں ۔نوجوانی میں ان کی یہ حصولیابیاں ان کے روشن مستقبل کاپتہ
دیتی ہیں ۔
کتاب کے ابتدائی صفحات میں حضرت مفتی مختارعالم رضوی کے کلمات ِتکریم
اورحضرت مولانااحمدرضاقادری استاذ:دارالعلوم افضل المدارس کریلاباغ الٰہ
آبادکی مبسوط تقریظ]جسے مقدمہ کہنازیادہ مناسب ہوگا[کتاب کے اعتبارواعتماد
میں اضافے کاباعث ہیں ۔
کتاب کے ص:۲۲سے ۴۵تک روزے کی فضیلت واہمیت اورروزے کے عام مسائل فقہ کی
معتمد کتب سے نقل کیے گئے ہیں جب کہ ص:۴۶ سے ۷۲ تک روزے کے جدید مسائل بیان
کیے گئے ہیں ، کتاب کایہ حصہ سب سے اہم اورکتاب کی جان ہے ۔اس باب میں جن
مسائل کوشامل کیاگیاہے ان میں چندیہ ہیں ۔
روزے کی حالت میں انجکشن لگوانے کاحکم، روزے کی حالت میں ٹیکہ لگوانے کاحکم
،روزہ کی حالت میں گلوکوزچڑھانے کاحکم ،روزے کی حالت میں رائس ٹیوب [Rice
tube]کے استعمال کاحکم ،روزے کی حالت میں بلڈٹیسٹ کاحکم ،روزے کی حالت میں
ممسک حیض دواؤوں کے استعمال کاحکم ،روزے کی حالت میں ڈائلیسیس کاحکم ،روزے
کی حالت میں انسولین لینے کاحکم ،روزے کی حالت میں آکسیجن ماسک کاحکم
،روزے کی حالت میں چیونگ گم کھانے کاحکم اوراس طرح کے بے شمارمسائل اوران
کے احکام بیان کیے گئے ہیں ۔
مولاناموصوف نے ان مسائل کوجمع کرنے اوران کوبہتراندازمیں مرتب کرنے کے کڑی
محنت کی ہے اوررسالے کومفیدبنانے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔کتابت وطباعت کی
بعض خامیوں کونظراندازکردیاجائے تویہ رسالہ ہرلحاظ سے بہتر،عمدہ ،نفع بخش
ارذخیرہ فقہ افتا میں ایک اہم اضافہ ہے۔امیدہے کہ اہل علم اسے پسندیدکی
نگال سے دیکھیں گے۔
|