صیہونیت کے مقابلے میں مضبوط اسلامی بلاک کی اشد ضرورت

ایرانی صدر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیائے اسلام کی واحد ایٹمی طاقت ہے جو کسی بھی حال میں امریکہ کو نہیں بھاتی اسلئے وہ مسلسل اس کوشش میں میں مصروف ہے کہ پاکستان کو اس صلاحیت سے محروم کر کے اسے کمزور کیا جائے اور اس سازش کی تکمیل کیلئے امریکہ اقوام ِ متحدہ سمیت دیگرعالمی اداروں کو بھی استعمال کرسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے پاس اس امریکی سازش کی حقانیت کو ثابت کرنے کیلئے ٹھوس شواہد موجود ہیں ۔

احمدی نژاد کا پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے یہ بیان اگرچہ کسی انکشاف کے زمرے میں نہیں آتا کہ پاکستان کے محب وطن حلقے تو شروع سے ہی اس حوالے سے امریکی خباثت کا پردہ چاک کرتے رہے ہیں بلکہ بعض عسکری ماہرین تو امریکہ کی افغانستان آمد کا ایک مقصد پاکستان کے ''اسلامی بم''سے نجات حاصل کر کے دنیا کو''محفوظ''کرنا بھی قرار دیتے رہے ہیں ۔پاکستان کے جوہری پروگرام کے حوالے سے خود امریکیوں کے عزائم بھی وقتاََ فوقتاََ منظرِ عام پر آتے رہتے ہیں جن میں کبھی تو پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے دہشت گردوں کے ہاتھ لگنے کے خدشے کا اظہار کیا جاتا ہے اور کبھی اس پروگرام کو غیر محفوظ قرار دے کر مشترکہ کنٹرول کی درفتنی چھوڑی جاتی ہے ۔حیرت کی بات ہے کہ ایک ایسے وقت میں پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے ''لیک'' ہونے کا شوشہ چھوڑا جاتا ہے جبکہ پاکستان اس وقت تک جوہری صلاحیت حاصل کرنے والا آخری ملک ہے اور اس کے بعد کسی بھی ملک نے جوہری دھماکے نہیں کئے ہیں جبکہ دوسری جانب پوری دنیا جانتی ہے کہ سب سے پہلے ایٹمی ملک ہونے کا باضابطہ اعلان امریکہ نے کیا یعنی ہم کہہ سکتے ہیں کہ1945ءتک امریکہ ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے والاواحد ملک تھا کسی اور ملک کے پاس یہ ٹیکنالوجی نہیں تھی لیکن آج ہم دیکھتے ہیں کہ سات ممالک اس ایٹمی کلب میں شامل ہو چکے ہیں ۔یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر ایٹمی پروگرام کا لیک ہونا ایک جرم ہے تو اسکا سب سے بڑا مجرم تو خود امریکہ ہے جس کے سائنسدانوں کی ''غفلت''نے آج اس ''برائی ''کوسات ممالک تک پھیلا دیا ہے ۔مجھے یہاں امریکی برزجمہروں سے یہ بھی پوچھنا ہے کہ اگر ایٹمی پروگرام اور اس سے بننے والے ہتھیار اتنے ہی '' شجرِ ممنوعہ''ہیں تو ان کا استعمال بھی سب سے پہلے خود انہوں نے ہی نہیں کیا ؟ کیا ایک اسلامی ملک کے پر امن ایٹمی پروگرام کو ہدفِ تنقید بنانے سے پہلے امریکہ کی نظر ہیروشیما اور ناگا ساکی کی اُن لاکھوں لاشوں پر نہیں پڑتی جو دوسری جنگ عظیم میں اس نام نہاد امن کی دیوی کے چرنوں میں قربان ہو گئیں ،کیا دنیائے اسلام کی واحد جوہری قوت کے ایٹمی اثاثوں کو دنیا بھر کیلئے خطرہ قرار دینے والے امریکہ کو ویتنام میں نیپام بموں اور افغانستان میں ڈیزی کٹر سے پھیلنے والی وہ تباہی نظر نہیں آتی جو اس نے خود مچائی یاد رہے کہ نیپام اور ڈیزی کٹر دونوں ایسے ہتھیار ہیں جن کا استعمال ان کے انتہائی مہلک ہونے کی وجہ سے غیر قانونی تھا۔کیوں کہ یہ بم صرف جنگلات کو جلانے اور پہاڑوں کو تباہ کرنے کیلئے بنائے گئے تھے لیکن امریکہ نے ان کو زندہ انسانوں پر استعمال کر کے درندگی و سفاکی کی وہ تاریخ رقم کی کہ اس پر انسانیت کا سر شرم سے جھُک گیا۔

اس بحث کا ایک اہم نقطہ یہ بھی ہے کہ اس وقت اعلانیہ طور پر سات ممالک ایٹمی طاقت کے حامل ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ امریکہ کو پاکستان کا ایٹم بم ہی کیوں ہر وقت ڈراتا رہتا ہے اس کا ایک واضح اور درست ترین جواب تو ہمیں قرآن نے 1400سال قبل ہی دے دیا تھا کہ ''یہودونصاریٰ کبھی تمھارے دوست نہیں ہو سکتے''اور اسی دشمنی کی وجہ سے ہمارا دفاعی طور پر مضبوط ہونا عالم ِکفر کو کسی صورت گوارا نہیں ۔لیکن اس کے پسِ پردہ ہمیں عالمی صیہونی دہشت گردوں کی اُس گریٹ گیم کی بُو بھی واضح طور پر آرہی ہے جو مغرب کے بعد اب مشرق کو بھی اپنے خونی پنجوں میں جکڑنے کیلئے کھیلی جانیوالی ہے لیکن اس کی راہ میں چین کی معاشی اور پاکستان کی ایٹمی طاقت سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔لہذٰا ضرورت اس امر کی ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی امریکی مداخلت کو بجا طور پر اپنے لئے خطرہ سمجھتے ہوئے بڑے ایشیائی ممالک اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کریں خصوصااب خطے میں َپاکستان،ایران،ترکی اور افغانستان پر مشتمل اسلامی بلاک کی اشد ضرورت ہے اور اگر اس میں چین کو بھی شامل کر لیا جائے تو یہ بلاک خطے میں صیہونی ارمانوں کا قبرستان ثابت ہو سکتا ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ ممالک اس اجتماعی خطرے کو محسوس کرتے ہوئے کب اکٹھے ہوتے ہیں کہ یہ اقدام جنوبی ایشیا ہی نہیں دنیا بھر میں قیامِ امن کیلئے ایک سنگِ میل ثابت ہو گا۔
Qasim Ali
About the Author: Qasim Ali Read More Articles by Qasim Ali: 119 Articles with 91519 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.