ہارس ٹریڈنگ،ذمہ دارکون۔۔؟

ہمیں راہزنوں سے گلہ نہیں ان کاتوکام ہی جیبوں کی کٹائی ہے۔شکوہ توہمیں اس رہبرسے ہے جن کی نگرانی اورحکمرانی میں نہ صرف قافلہ لٹابلکہ آج بھی قافلوں پرقافلے لٹتے جارہے ہیں۔کپتان کی ایمانداری،حب الوطنی اوراخلاص پرتوہمیں شک نہیں لیکن انتہائی معذرت کے ساتھ میرے کپتان کے بلندوبانگ دعوؤں،میٹھے میٹھے وعدوں اورایماندارانہ تقریروں وتحریروں پرہمیں کیا۔۔؟آج ان کے اپنوں کوبھی یقین نہیں۔چھاننی جب اٹھ کے کوزے کوکہے کہ آپ میں دوسوراخ ہیں توپھرلوگ کوزے کے دوسوراخوں کونہیں بلکہ چھاننی کی طرف ہی دیکھتے ہیں۔ماناکہ ماضی میں ہمارے سابق حکمرانوں نے برابہت براکیالیکن سوال یہ ہے کہ پچھلے ڈھائی سال سے یہ جوایماندارروزسابق حکمرانوں کے ایک ایک گناہ گنتے جارہے ہیں آخر ان ایمانداروں نے میدان سیاست میں خودکیاکیا۔؟ہمارے بڑے اوربزرگ کہاکرتے تھے کہ اپناہاتھ اوردامن اگرصاف نہ ہوتوپھردوسروں کی طرف انگلی نہیں اٹھانی چاہیئے۔سیاست میں لین دین ،ضمیروں کی خریدوفروخت اوراچھے بھلے انسانوں کی لوٹ سیل کووزیراعظم عمران خان کی طرح ہم بھی بہت بڑا جرم اورگناہ سمجھتے ہیں ۔سیاست کونجاست کے درجے تک پہنچانے والے اس طرح کے جرائم اورگناہوں کی نہ اس سے پہلے ہم نے کبھی حمایت کی اورنہ اب ہم ایسے اقدامات کواچھی نظرسے دیکھتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کوتوصرف سینیٹ انتخابات میں ،،سیاسی گھوڑوں،،کی خریدوفروخت یادہے لیکن ہم تو2018کے عام انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی کے سائے تلے پورے ملک میں سیاستدانوں کی خریدوفروختکے لئے لگنے والی منڈیوں اورپھرجہازکے ذریعے فضاء میں لوٹ سیل کوبھی آج تک نہیں بھولے۔ جس طرح سینیٹ انتخابات میں نوٹوں کی لش پش گڈیوں پردوسروں کے ضمیرخریدناجرم اورگناہ ہے اسی طرح عین انتخابات یاچیئرمین سینٹ کے انتخاب کے موقع پردوسروں کے ضمیرخریدنااورسیاسی وفاداریاں تبدیل کرانابھی اس سے بڑاجرم اورگناہ ہے۔آج صبح وشام لوگوں کوایمانداری پریہ جوبھاشن دے رہے ہیں یہ ایمانداراگر2018کے انتخابات سے پہلے مسلم لیگ ن،پیپلزپارٹی اوردیگرسیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نامی گرامی سیاستدانوں کی قیمتیں نہ لگاتے توکیا۔؟یہ آج اقتدارمیں ہوتے۔؟ماناوزیراعظم عمران خان ایمانداربھی ہوں گے اورامانت داربھی۔ لیکن اس ملک کے اندر،،سیاسی گھوڑوں،،کی خریدوفروخت میں جتناکرداراورہاتھ سابق وزیراعظم نوازشریف،آصف علی زرداری اوردیگرکاہے اتناہی بلکہ اس سے بھی زیادہ خودہمارے اس ایمانداروزیراعظم کابھی ہے۔سینیٹ انتخابات کوشفاف بنانے کے حوالے سے ہم وزیراعظم عمران خان کے عزائم،نیت اوراخلاس پرشک نہیں کرسکتے لیکن تحریک انصاف کے سائے تلے ماضی قریب اوربعیدمیں سیاسی گھوڑوں کی خریدوفروخت اورپکے ٹکے مخالفین سے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کے عمل کودیکھتے ہوئے ہم وزیراعظم صاحب کے اس اخلاص اورنیت پریقین بھی نہیں کرسکتے۔جوشخص خودایک منڈی سے باربارضمیروں کی خریداری کریں وہ پھر اس منڈی کوختم کرنے میں کیسے مخلص ہوسکتے ہیں۔؟ ہمارے نادان کپتان مانیں یانہ۔اس ملک میں میاں نوازشریف اورآصف علی زرداری سے لیکرخودوزیراعظم عمران خان تک ہمارے سب لیڈروں اوررہنماؤں نے سیاستدانوں کی خریدوفروخت اورایک دوسرے کے ممبران وپارٹی عہدیداروں کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کوباقاعدہ ایک قسم کی ،،سیاست ،،کادرجہ دے رکھاہے۔ عمران خان اورہمارے دیگرلیڈراگرسیاست کونجاست بنانے والے ان عوامل کوثواب کادرجہ نہ دیتے توآج ملک میں ضمیروں کی خریداری کے لئے اس طرح منڈیاں نہ لگتیں۔سیانے اسی لئے توکہتے ہیں کہ جوبوؤگے وہ پھرکاٹوگے۔عمران خان سمیت ہمارے ان لیڈروں نے جوبویاتھاآج وہی انہیں کاٹناپڑرہاہے۔اسی وجہ سے توسیاسی مخالفین اور ناقدین وزیراعظم عمران خان کی جانب سے سینیٹ انتخابات کوشفاف بنانے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں اوراقدامات کوکپتان کی گھبراہٹ اورخوف قراردے رہے ہیں۔کہنے والے تویہاں تک کہتے ہیں کہ عمران خان کوسینیٹ انتخابات کی شفافیت سے کوئی لینادینانہیں بلکہ انہیں فکرسیاسی اصطبل میں باندھے ہوئے اپنے ان ،،سیاسی گھوڑوں،،کی ہے جنہوں نے سینیٹ انتخابات کی آمدسے بھی پہلے دم ہلانے اورپاؤں مارنے شروع کردیئے ہیں۔وہ حکومت جوخودقائم ہی لین دین،جوڑتوڑاورخریدوفروخت پرہوئی۔اس کی جانب سے سینیٹ انتخابات کوشفاف بنانے کیلئے اس طرح کی سنجیدگی کودیکھ کرواقعی لگتاہے کہ دال ساری نہیں توکچھ نہ کچھ ضرور کالی ہے ورنہ اس طرح کی سنجیدگی کے آثارکبھی دکھائی نہ دیتے ۔کیونکہ کپتان کی جانب سے جن کوہارس ٹریڈنگ کاذمہ دارقراردیاجارہاہے ان لوگوں،گروہوں،پارٹیوں اورقوتوں نے توصرف ضمیروں کے سودے کئے لیکن کپتان سے جڑے کھلاڑیوں نے توہارس ٹریڈنگ میں ان سے بھی سوقدم آگے نکل کرالیکشن سے قبل ضمیرہی نہیں بلکہ پورے پورے انسان خریدے۔عام انتخابات سے قبل امیدواروں کے انتخاب اورپھرالیکشن کے بعدحکومت بنانے کیلئے جہانگیرترین کے جہازکی آزادامیدواروں کے پیچھے پروازوں پرپروازیں کس کویادنہیں ۔؟آج وزیراعظم صاحب کے سنگ میں بیٹھنے والے عمرایوب خان،فوادچوہدری،شاہ محمودقریشی،شیخ رشید،غلام سرورخان،خسروبختیار،محمدمیاں سومرو،اعظم سواتی،زبیدہ جلال،فردوس عاشق اعوان اوران جیسے اوربہت سارے یہ وزیراورمشیر کیاآسمان سے اترے۔؟پھرچیئرمین سینیٹ کاانتخاب اورعدم اعتمادتحریک میں اکثریت کے باوجوداپوزیشن کی جیت کوشکست میں کس شفافیت کے تحت بدلاگیا۔؟ہاتھ اوردامن ایمانداروں کے صاف ہوتے توشفافیت شفافیت کے ان نعروں اوردعوؤں پرہم بھی آنکھیں بندکرکے یقین کرلیتے لیکن یہاں تومعاملہ ہی الٹ ہے۔ویسے اصطبل میں باندھنے والے گھوڑے اگرمسلسل دم ہلاتے اورپاؤں مارتے ہوں توپھرمالک واقعی بے فکراوربے غم نہیں رہ سکتے۔شائدیہی وہ وجہ ہے جس نے سینیٹ انتخابات کیلئے حکمران جماعت کے بڑوں کوبے قراراوربے چین کردیاہے۔ وزیراعظم عمران خان کی طرح ہمیں بھی اس ملک میں سیاستدانوں کی خریدوفروخت اورلوٹ سیل والے کھیل اورمیلے اچھے نہیں لگتے۔ہم بھی چاہتے ہیں کہ اس ملک میں ضمیروں کاکوئی سودانہ ہولیکن کیاکریں۔یہاں توایک سے بڑھ کرایک سوداگراوربیوپاری بیٹھے ہیں۔اپنے پاؤگوشت کیلئے کل بھی اس ملک کے اندرپوری کی پوری بھینس ذبح کی جاتی تھی اورآج بھی یہاں پاؤگوشت کے لئے پوری بھینس ذبح کرنے میں کوئی شرم محسوس نہیں کررہا۔چھانگامانگااورمری کے نام لیکرکوئی نوازشریف کوہارس ٹریڈنگ کاباپ کہیں یاآصف علی زرداری کوضمیروں کابیوپاری۔مولانافضل الرحمن کوکوئی گالیاں دیں یاسراج الحق کوکوئی مفت میں برابھلاکہیں۔اے این پی والوں کوکوئی ایزی لوڈکے طغنے دیں یاق لیگ اورایم کیوایم والوں کوکوئی رنگ بدلنے والے گرگٹ کہیں۔لیکن حق اورسچ یہ ہے کہ خان ہے یانواب،شریف ہے یازرداری،رئیس ہے یاچوہدری،سائیں ہے یاکوئی غلام ،سیاست کے حمام میں سب،یہ سب ننگے ہیں۔
 

Umar Khan Jozvi
About the Author: Umar Khan Jozvi Read More Articles by Umar Khan Jozvi: 223 Articles with 161120 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.