ہماری کوشش ہے کہ درست اور مفید معلومات آپ تک پہنچاتے
رہیں چنانچہ اسی کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر حاضر ہیں ۔آئیے سورۃ فجر کے
بارے میں جانتے ہیں ۔
سورہ ٔفجر مکہ مکرمہ میں نازل ہوئی ہے ۔اس سورت میں 1رکوع، 30 آیتیں ہیں ۔
فجر کا معنی ہے صبح،اور اس سورت کی پہلی آیت میں فجر کی قسم ارشاد فرمائی
گئی اس مناسبت سے اسے ’’سورۂ فجر‘‘ کہتے ہیں ۔
سورۂ فجرمیں ہمارے لیے پیغام
اگر اس سورۃ کا مطالعہ کریں تو ہمیں پانچ عظمت والی اَشیاء کی قسم بیان کر
کے کفار کو سمجھایا گیا اور سمجھانے کے لئے گزشتہ اَقوام کا اپنی قوت و
طاقت کے باوجود عذاب ِ الٰہی کا شکارہونے کو بیان کیا گیا ہے۔یہی نہیں بلکہ
اس کے ساتھ ساتھ اور بہت سی چیزیں ایسی ہیں جو اس سورۃ میں موجود ہیں ۔مثلاََ
(1)…غافلوں کی غفلت، ان کی فطرت اور کردار کا بیان ہے۔
(2)…برائیوں کی جڑ یعنی مال کی محبت اوراس کے اثرات کا تذکرہ ہے۔
(3)… پھر قیامت کی ہَولْناکیوں اور عذاب ِ الٰہی کی شدّت کا بیان ہے ۔
(4)… آخر میں مخلصین و مومنین کے انعام واکرام کا ذکر ہے۔
اے فضل فرمانے والے رب تو ہم پر علم کے دروازہ واہ فرمادے ہمیں اخلاص کے
ساتھ عمل کی توفیق سے بہرہ مند فرما۔آمین |