فطرت سے جنگ کراچی کو تباہ کر رہی ہے

فطرت سے لڑنے کا ایک بھیانک انجام کرونا وبا کی صورت میں پوری دنیا کے سامنے ہے، جس کے اثرات ایک اندازے کے مطابق 2022 تک رہیں گے۔ بڑے بڑے شہر بنانے کے خواب سے انڈسٹریز تک ماحولیات کو نقصان پہچانے میں خدا کے نائب کہے جانے والی مخلوق نے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ آج بڑے بڑے شہر فقط کنکریٹ کے جنگل ہیں، جن کی آلودگی اور بڑھتی ہوئی آبادیاں قدرت کے خزانوں کو نگلتی اور تباہ کرتی جارہی ہیں۔ ایسا ہی ایک شہر کراچی بھی ہے۔ میرے ملک کا انوکھا شہر۔ بحیرہئ عرب کے جنوبی ساحل پر بسنے والا ایک ایسا شہر جو افغانستان اور سابق سوویت یونین کی ریاستوں پر مشتمل خطے میں واحد گرم پانی کا علاقہ ہے۔ یہ شہر ایک قدرتی بندرگاہ رکھنے کے ساتھ اپنے سینے پر دو ندیاں ملیرندی اور لیاری ندی بھی بہا رہا ہے۔ کراچی کا محل وقوع اسے نہایت اہم شہر بناتا ہے۔ پاکستان کا یہ ساحلی علاقہ حیاتیاتی اور معدنی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن ان وسائل سے ملک وقوم کو فیضیاب کرنے کے بجائے انھیں تباہ کیا جارہا ہے۔
اس صورت حال کا خوفناک ترین پہلو یہ ہے کہ کراچی کے ساحلی علاقوں کے قریب واقع جزیرے سمندر میں غرق ہوتے جارہے ہیں۔ اس کی بہت سی وجوہات میں سے ایک اہم وجہ ان جنگلات کو نقصان پہنچنا ہے جو ساحلی علاقوں میں پائے جاتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اب تک اب تک 32 لاکھ سے 40 لاکھ ایکڑ زمین سمندر برد ہوچکی ہے۔ سمندری ساحلی سطح کو محفوظ رکھنے میں قدرت نے مینگروز کے نام سے پہچانا جانے والا ایک پودا اس زمین کو تحفے میں دیا ہے، لیکن بدقسمتی سے اس پودے کو شدید نقصان پہنچایا جارہا ہے۔
22جون2013 کو پاکستان میں مینگروز کے آٹھ لاکھ سینتالیس ہزار پودے لگاکر پاکستان میں مینگروز کی شجرکاری کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔ اس سے پہلے سال دوہزار نو میں بھی پاکستان نے کیٹی بندر میں پانچ لاکھ پینتالیس ہزار مینگروز لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا، لیکن اگلے سال ہی بھارت نے یہ ریکارڈ توڑ دیا۔ پاکستان میں اس پودے کی نشوونما کو اس وقت نقصان پہنچا تھا جب دو ہزار دس میں ہمارے ملک کو بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، لہٰذا لگائے گئے مینگروز میں سے ستر فیصد محفوظ رہے، جبکہ تیس فیصد کو شدید نقصان پہنچا۔ یہ تو وہ نقصان تھا جو قدرتی طور پر پر ہوا اور پھر قدرت کے کارخانے سے ہی کرم کی صورت میں اس ستر فیصد کی نشوونما میں واضح بہتری دیکھی گئی۔ لیکن اس نقصان کیا کیا جائے جو اس ملک کے چند لوگ کبھی چائنا کٹنگ اور کبھی پلاٹنگ کے نام سے کررہے ہیں۔
مینگروز فطرت کا وہ تحفہ ہے جو ساحلوں پر لہروں کے دباؤ کو روکتے اور سیلاب کے سامنے سینہ سپر ہوجاتے ہیں، لیکن ہم اپنے ان محافظوں کے ساتھ کیا کر رہے ہیں؟ یہ جاننے کے لیے جزیرہ بنڈل کا ماجرا سنیے۔ کراچی سے کچھ دور ایک غیرآباد جزیرہ ہے جو بنڈل کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس جزیرے میں مینگروز کے درختوں کا ایک گھنا جنگل ہے۔ قدرت نے نوح انسانیت کی بقاء اور تحفظ کے لیے ایسے انتظامات کرر کھے ہیں جو کہ انسانی آبادی کو بچاتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ جنگل بھی کراچی کو طوفانوں اور سونامی سے بچا کر رکھتا ہے، لیکن اس جزیرے میں بھی ریئل اسٹیٹ پراجیکٹ بنانے کا اعلان کردیا گیا۔ مستقبل کے خطرات سے بے خبر ہمارے کرتا دھرتا یہ جانتے ہی نہیں کہ ان اقدامات سے کراچی کے شہریوں کو کس حد تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔ یہ بات یقینی ہے کہ جزائر پر جدید شہر بننے سے کراچی کا ماحولیاتی دفاع ختم ہوجائے گا۔ اس قسم کے تعمیراتی پروجیکٹ کراچی کو تباہ کرنے کرسکتے ہیں، جس کا اثر کراچی کی حالیہ بارشوں میں ہمیں نظر آیا۔
قدرت کا نظام دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ سمندری جنگلات عموماً سمندر کے کنارے ان علاقوں میں پائے جاتے ہیں جہاں میٹھا پانی سمندر میں شامل ہوتا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں یہ جنگلات دریائے سندھ کے ڈیلٹا میں تقریباً دو لاکھ پچیس ہزار ایکڑ کے رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔ پہلے بلوچستان کے علاقے میں گھنے جنگلات تھے مگر اب یہ صرف چار ہزار ایکڑ پر جیونی، کلمت کور اور سونمیانی کے علاقوں میں باقی بچے ہیں۔ پچھلے چند سالوں میں تمرکاری سے گوادر، پشکان، پسنی اور ہنگو نیشنل پارک کی ایچوری میں مصنوعی جنگلات اگائے جارہے ہیں۔ ان جنگلات کو ساحلوں کا محافظ کہنا غلط نہ ہوگا۔ انہی جنگلات میں مچھلیوں کی بہت سی اقسام اور جھینگے کی افزائش ِنسل بھی ہوتی ہے۔ مچھلی اور جھینگے یہاں انڈے دیتے ہیں اور ان کے بچے ابتدائی دنوں میں ان ہی سے اپنی خوراک حاصل کرتے ہیں، جن علاقوں میں سمندری جنگلات میں کمی واقع ہوتی ہے، وہاں واضح طور مچھلی کے شکار میں بھی کمی آتی ہے۔
ہاکس بے ساحل پر مینگرو ز کی کٹائی کرکے غیر قانونی تعمیرات کی جارہی ہیں۔سینڈزپٹ سے منوڑہ جانیوالی سڑک پر مینگروز کی کٹائی کھلے عام جاری ہے۔چائنا کٹنگ کے نام پر ہونے والا یہ ظلم کراچی کے باسیوں کو اگلے چند سالوں میں شدید نقصان کی صورت میں بھگتنا پڑ سکتاہے۔چائنا کٹنگ کراچی کاوہ جن جو اب کراچی کے ساحلی علاقوں کو بھی نگل رہا ہے۔ذمہ دار ادارے اب بھی چپ شاہ کا روزہ رکھے ہوئے ہیں۔مافیاکے سامنے سب خاموش تماشائی بنے ہوئے۔اور کیسی عجب بات ہے کہ انتظامیہ ان افراد کو نامعلوم افراد کہہ کر اپنا دامن بچا رہی ہے۔
1977ء میں پاکستان میں تقریباً ڈھائی لاکھ ایکڑ پر جنگلات تھے جو کہ اب تقریباً دو لاکھ پچیس ہزار ایکڑ پر رہ گئے ہیں۔ اس کی بہت سی وجوہات ہیں۔ ایک بڑا مسئلہ جنگلات کی کٹائی ہے۔ مقامی آبادی ایندھن اور چارے کے لیے ایک اندازے کے مطابق ہر پانچ لاکھ ٹن جنگلات سے حاصل ہونے والی لکڑی استعمال کرتی ہے۔ دوسری طرف کراچی میں تمام تر صنعتی کارخانوں اور سیوریج کا گندا اور زہر یلا پانی سمندری آلودگی میں بے پناہ اضافہ کررہا ہے جس سے ان درختوں اور مچھلیوں کی افزائش اور بڑھنے کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔
سمندری جنگلات کے فوائد کے پیشِ نظر یہ بہت ضروری ہے کہ ان کا تحفظ کیا جائے کیونکہ ان کی تباہی ایک طرف تو پاکستان کی ماہی گیری کی صنعت (جوکہ سالانہ ایک سو ملین ڈالر سے زیادہ زرمبادلہ دیتی ہے) تباہ ہوجائے گی، دوسری طرف ساحلوں کے کٹاؤ کی وجہ سے ساحلی شہر اور گاؤں طوفانوں کے رحم و کرم پر ہوں گے۔ اس سلسلے میں سب سے اہم کام لوگوں میں سمندری جنگلات کی افادیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ یہ ہمارے ملک کے پالیسی بنانے والے ہیں جنہوں نے یہ سمجھتے ہوئے کہ دریائے سندھ کا پانی سمندر میں جاکر ضائع ہورہا ہے ڈیم اور بیراج بنا کر پانی کے ایک بڑے حصے سے سمندری جنگلات کو محروم کردیا ہے۔ مقامی آبادی کا ان جنگلات سے براہ راست تعلق ہے اس لیے یہ بہت ضروری ہے کہ ان لوگوں کو سمندری جنگلات کے تحفظ کے لیے ہونے والی منصوبہ بندی میں شامل کیا جائے اور ان جنگلات کے مناسب استعمال کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے۔
موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنا ہے تو اب اس دنیا کے باسیوں کے پاس محدود وقت ہے۔ ضروری ہے کہ ہم اب بھی فطرت مقابل کھڑے ہونے کی جرأت سے باز آجائیں۔ ورنہ نتائج اس سے کہیں زیادہ خوفناک برآمد ہونے کا خطرہ ہے جتنے ابھی تک سامنے آچکے ہیں۔
Sana Ghori
About the Author: Sana Ghori Read More Articles by Sana Ghori: 317 Articles with 281266 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.