استیہ گرہ


للن گجراتی نے کلن پنجابی سے کہا دیکھا آج تو وزیر اعظم نے وہ انکشاف کردیا کہ تم کانگریسیوں کا منہ کالا ہوگیا۔
کلن بولا اچھا ؟ مودی جی نے اب ایسا کون سا منہ کالا کرنے والا بیان دے دیا۔
ارے بھائی ان کا نہیں تم لوگوں بلکہ تم لوگوں کے منہ پر یہ کہہ کر کالک پوت دی کہ انہوں نے بھی ستیہ گرہ میں حصہ لیا ہے۔
اچھا گاندھی جی کی ستیہ گرہ میں ؟ تب تو یہ کام انہوں نے اپنے پچھلے جنم میں کیا ہوگا؟
پچھلے جنم میں کیا مطلب؟
مطلب یہ کہ ان کا یہ جنم تو گاندھی جی کے گوڈسے کی گولیوں سے قتل کا بعد ہوا ہے۔
ارے بھائی تم بیچ میں گوڈسے کو کیوں لے آئے؟
میں نہیں ان رکن پارلیمان سادھوی پرگیہ تو گوڈسےکو اپنا آئیڈیل مانتی ہے۔
یہ غلط بات ہے وہ تو وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنا آئیڈیل مانتی ہے ۔
وہی تو میں کہہ رہا ہوں کہ ایک آئیڈیل اگر گاندھی کا قاتل ہو تو دوسرا آئیڈیل گاندھی کا قائل کیسے ہوسکتا ہے؟ ؎
دیکھو یار تم بات کا بتنگڑ بنا دیتے ہو۔ میں ستیہ گرہ کی بات کررہا تھا تو تم نے گوڈسے کا قصہ چھیڑ دیا۔
دیکھو بھائی ایسا ہے کہ ستیہ گرہ تو گاندھی جی کی ایجاد کردہ اصطلاح ہے اور ان دونوں میں لاٹھی اور دھوتی کا ساتھ ہے۔
یہ لاٹھی اور دھوتی کا ساتھ کیا ہوتا ہے ۔
اوہو تم چولی دامن نہیں جانتے ۔ اب ان دونوں کا ساتھ ہوسکتا ہے تو گاندھی جی کی لاٹھی اور دھوتی کا ساتھ کیوں نہیں ہوسکتا؟
ہو تو سکتا ہے اور آج بھی گاندھی جی کی پر تصویر میں وہ نظر آتی ہیں لیکن حقیقت کی دنیا میں وہ دونوں غائب ہوگئی ہیں ۔
جی ہاں للن اب تو سنگھ کے نیکر اور لٹھ بازی کا زمانہ آگیا ہے۔
جی ہاں وقت وقت کی بات ہے پہلے لوگ فخر سے سفید گاندھی ٹوپی پہنتے تھے اب شان سے کالی ٹوپی پہننے لگے ہیں ۔
وہ تو ہے گاندھی جی کی ساری روایات ختم ہوگئیں لیکن ان کی ستیہ گرہ اب بھی زندہ ہے ۔
جی ہاں لیکن گاندھی جی مانند ستیہ گرہ کرنے والے سی اے اے مظاہرین کو بھی سرکار نے نہیں پوچھا اور اب کسانوں کو بھی نظر انداز کررہی ہے۔
وہ تو سرکار کی مجبوری ہے مگر پردھان جی اپنی ستیہ گرہ کو یاد دلا کر اس نظریہ میں نئی روح پھونک دی ۔
اچھا لیکن ستیہ کا آگرہہ یعنی سچائی پر اصرار سے پردھان سیوک کا کیا واسطہ؟
کیا مطلب ؟ کیا پردھان جی سچ نہیں بول سکتے ؟
سچ تو ہر کوئی بول سکتاہے لیکن تمہارے پردھان سیوک ایسی غلطی کرتے کم ہیں ؟
میرے کیا مطلب؟ کیا تم ان کو اپنا پردھان سیوک نہیں مانتے ؟
بھائی کوئی سیوا کرے تو اسے سیوک مانا جائے ؟ انہوں نے ابھی تک ہماری تو کوئی سیوا کی نہیں ۔ آپ کی سیوا کی ہو تو آپ مانیں ۔
اچھا اگر وہ سیوا نہیں کرتے تو کیا کرتے ہیں؟
ہم نے تو ان کو ہمیشہ ووٹ کی بھکشا مانگتے دیکھا ہے اس لیے ہم انہیں بھکشک مانتے ہیں ۔ اس بار تو ووٹ کی بھکشا مانگنے بنگلا دیش بھی چلے گئے ۔
تم نے دیش کے رکشک کو بھکشک کہہ کر ان کا اپمان ( توہین) کیا ہے۔ میں تم پر غداری کا مقدمہ درج کرواوں گا۔
دیکھو للن تم اس قسم کی دھمکی اپنے سنگھ کو دینا جو مصیبت آتے ہی دم دبا کر بیٹھ جاتے ہیں ۔ ہم اس سے نہیں ڈرتے کیا سمجھے ؟
یار میری سمجھ میں نہیں آتا کہ تم لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے کیا جائے ؟
فضول کے کام میں اپنی توانائی صرف کرنے کے بجائے کہ تماپنے پردھان سیوک کی ستیہ گرہ کے بارے میں بتاو ؟
ابھی تو تم نے اس کا ذکر کیا ۔ یہ پچاس سال پرانی بات ہے۔ جب بنگلادیش کی لڑائی چل رہی تھی اس وقت وہ 21 سال کے تھے ۔
اچھا تو کیا وہ جنگ بند کرانے کے لیے ستیہ گرہ کررہے تھے ؟
جی نہیں وہ جنگ لڑانے کے لیے ستیہ گرہ کررہے تھے ۔
اچھا ! لیکن اس کی ضرورت ہی کیا تھی اندرا گاندھی تو خود ہی برسرِ جنگ تھیں ۔
مجھے پتہ ہے ؟ یہ گیان تم مجھے نہ دو۔
اچھا تمہیں یہ کیسے پتہ چل گیا؟
ارے بھائی ہم بھکتوں کو سب کچھ مودی جی سے پتہ چلتا ہے ۔ انہوں بنگلا دیش میں اندرا گاندھی کے اس کام کی تعریف کی۔
اچھا اگر ایسا ہے تو انہوں نے یہ بھی بتایا ہوگا کہ پھر ستیہ گرہ کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
جی نہیں انہوں نے یہ تو نہیں بتایا مگر یہ انکشاف ضرور کیا کہ اس کے لیے انہیں جیل بھیج دیا گیا ۔
جیل بھیج دیا گیا؟ اس کی کیا ضرورت ؟؟ وہ تو حکومت کی حمایت کررہے تھے ؟؟؟
ارے بھائی اب بال کی کھال نہ نکالو ۔ ہم اگر اپنی حمایت کرنے والے کیجریوال کے پر کتر سکتے ہیں تو اندرا گاندھی ایسا کیوں نہیں کرسکتیں؟
وہ ایسا ہے للن کہ اندرا گاندھی تم جیسی احسان فراموش نہیں تھیں۔ اس لیے وہ ایسا نہیں کرسکتی تھیں ۔
جی ہاں وہ تو ہے لیکن وجہ جو بھی ہو ۔ مودی جی کو اس ستیہ گرہ کے لیے جیل جانا پڑا تھا ۔ انہوں نے کہہ دیا تو ہم نے مان لیا ۔
دیکھو اگر تمہارا اس پر اصرار ہے تو اس کی ایک ہی وجہ ہوسکتی ہے۔
وہ کیا ؟ اب تمہیں بتا دو؟؟
میرا خیال ہے تمہارے پردھان سیوک نے پاکستان میں جاکر وہ احتجاج کیا ہوگا ۔
پاکستان میں جاکر احتجاج کرنے کی غلطی وہ کیسے کرسکتے ہیں؟
کیوں حماقت کے لیے کوئی زمان و مکان کی قید تھوڑی نہ ہے ۔ انسان کہیں بھی جاکر کوئی بھی غلطی کرسکتا ہے۔
ارے بھائی پاکستان جانا کوئی آسان کام ہے؟
اس میں کیا مشکل ہے؟ گجرات کی سرحد پاکستان سے ملتی ہے یا نہیں ملتی؟؟
اسکول میں تو پڑھا تھا کہ ملتی ہے لیکن اب ملتی ہے یا نہیں یہ معلوم ؟
یہ نہیں معلوم کیا مطلب ؟؟ ہندو پاک کا نقشہ دیکھ لو معلوم ہوجائے گا ۔
بھائی دیکھو ہم تو وہی مانتے ہیں جو ہمارے پردھان سیوک بتاتے ہیں ۔
کیا مطلب وہ اگر کہہ دیں کہ ہندوستان کی سرحد امریکہ سے ملتی ہے تو وہ بھی مان لوگے ؟
کیوں نہیں ۔ وہ جو بھی کہیں گے ہم مان لیں گے ۔ ہم مودی جی کے ایسے ویسے بھکت نہیں ہیں ۔
اچھا اگر وہ کہہ دیں کے میں کچھ سے آگے بڑھ کر پاکستان چلا گیا تھا تو مان لوگے ؟
بالکل مان لیں گے ؟ کیوں نہیں مانیں گے ۔
اور وہ بتائیں کہ وہاں انہوں نے بنگلادیش کی خاطر احتجاج میرا مطلب ستیہ گرہ کیا تو وہ بھی مان لوگے ؟
جی ہاں پردھان جی جو بھی بولیں ہم مان لیں گے اور دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ایسا کرنے سے روک نہیں سکتی۔
ہاں بھائی میں کہاں روک رہا ہوں اور اگر وہ کہیں گے اندراگاندھی مجھے پاکستان سے ائیر اسٹرائیک کرکے چھڑا لائیں تو کیا کروگے ؟
ہم اس پر بھی ایمان لے آئیں گے ۔
ٹھیک ہے جب مودی جی کی اتنی ساری غلط باتوں کو مان لوگے تو میری بھی ایک بات مان لو ۔
اچھا ! وہ کیا ؟
کسی بھی بات کو ماننے سے پہلے اپنی عقل پر اسے پرکھو اور جھوٹ لگے تو مسترد کردو۔
جی ہاں یہ بہت اچھی بات ہے آج کے بعد میں تمہاری ہر بات کو عقل کی کسوٹی پر جانچنے کے بعد ہی مانوں گا مگر۰۰۰۰۰۰۰
کلن نے پوچھا مگر کیا؟
مگر یہ کہ مودی تو مودی ہے اور ہر بھکت کا یہ پرم کرتویہ (اولین فرض) ہے کہ اپنے گرو کی ہر بات کو من و عن تسلیم کرے ۔
اور ان کے چیلے شاہ جی کے بارے میں کیا خیال ہے؟
ان کی بھی ہر بات مان لیں گے اس لیے کہ وہ پردھان جی سے پوچھے بغیر کچھ نہیں بولتے ۔
اچھا تو شاہ جی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ بنگال کی 30میں سے 26 سیٹ جیت رہے ہیں کیا تماسے بھی مان لوگے ؟
جی یاں اگر وہ کہیں کہ ہم 30 میں سے 36 سیٹ جیت رہے ہیں تو وہ بھی مان لیں گے ؟
ارے یہ کیسے ہوسکتا ہے تم پاگل تو نہیں ہوگئے ؟
اچھا کلن یہ بتاو کہ ایک اوور میں کوئی 42رن بنا سکتا ہے؟
جی نہیں 6 بال پر 6 سکسر مارے تب بھی 36ہی بنیں گے ؟
اور اگر ہمارا امپائر جئے شاہ ایک بال کو نوبال قرار دے ڈالے تو کیا ہوگا ؟
ہاں بھائی اگر امپائر ہی تمہارا ہے تب تو 30میں سے 36 سیٹیں جیتی جاسکتی ہیں۔
تب تو ستیہ گرہ اور جیل یاترا کو بھی مان لینا پڑے گا کیونکہ میڈیا تو ہمارا ہی ہے۔
مان گئے بھائی سب مان گئے ۔ آپ میچ جیت گئے ۔
 

Salim
About the Author: Salim Read More Articles by Salim: 2045 Articles with 1221410 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.