شب قدر کی فضیلت

شب قدرکی فضیلت
ازقلم :صباشوکت رانا

ہم مسلمانوں پر اللہ کے بڑے احسانات ہیں۔ ہما رے لیے رمضان المبارک جیسا رحمتوں بھرامہینہ عطا کیا اور اس مبارک مہینے میں قرآن کریم نازل فرمایا تاکہ ہم ہدایت حاصل کرسکیں اوراس رمضان میں ایک شب اللہ تعالیٰ نے ایسی عطا کی جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے ۔کثیر روایت سے ثابت ہے کہ شب قدر رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی طاق راتوں میں سے کسی ایک رات میں ہوتی ہے۔

اللہ تعالیٰ سورۃ القدر میں ارشاد فرماتاہے:
ترجمہ:بے شک ہم نے اس (قرآن)کو شب قدر میں نازل کیااور تم کیا جانو شب قدر کی حقیقت؟ شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس(رات) میں فرشتے اور جبرئیل علیہم السلام اپنے رب کے حکم سے ہر کام کے لئے اترتے ہیں ۔وہ سلامتی ہے صبح چمکنے تک۔

احادیث میں بھی اس شب کی بہت فضیلتیں آئی ہیں۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جب رمضان کا مہینہ آیا تو نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا:بے شک تمہارے پاس یہ مہینہ آیا ہے اور اس میں ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے، جو شخص اس رات سے محروم رہ گیا وہ تمام نیکیوں سے محروم رہا اور محروم وہ ہی رہے گا جس کی قسمت میں محرومی ہے ۔

ہر مسلمان کو چاہیئے کہ وہ اس رات کو خوب عبادت میں گزارےاللہ سے اپنے گناہوں کی خوب معافی طلب کرے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : میں نے عرض کی یا رسول اللہ ﷺ اگر مجھے معلوم ہو جائے کہ لیلتہ القدر کونسی رات ہے تو اس رات میں کیا کہوں ؟ نبی اکرمﷺ نے ارشاد فرمایا: تم کہو " الھم انک عفو کریم تحب العفو فاعف عنی"

اے اللہ! بے شک تو معاف فرمانے والا ، کرم فرمانے والا ہے،تو معاف کرنے کو پسند فرماتا ہے، تو میرے گناہوں کو بھی معاف فرمادے۔(ترمذی)

قرآن اور حدیث سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ شب قدر کتنی بابرکت رات ہے ۔ ہمیں اس رات میں خوب عبادت کا اہتمام کرنا چاہیئےاور اللہ کو راضی کرنا چاہیئے، اپنے گناہوں کی بخشش کے لیے معافی طلب کرنی چاہیئے۔ایسا نہ ہو کہ ہم اپنی غفلت کے باعث محروم رہ جائیں ۔ اللہ ہمیں اس رات (شب قدر) کی خوب برکتیں نصیب فرمائے۔ آمین

Saba Shoukat Rana
About the Author: Saba Shoukat Rana Read More Articles by Saba Shoukat Rana: 22 Articles with 38816 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.