شجر سے محبت انسانیت سے محبت


درخت اﷲ تعالی کی خاص نعمتوں میں سے ایک ہے، انسان ، چرند ، پرند ،درند کی اہم ضرورت درخت ہیں ، حضرت محمد ﷺ نے درختوں کی حفاظت اور شجر کاری کے بارے فرمایا کہ ’’جو کوئی درخت لگائے ،پھر اس کی حفاظت اور نگرانی کرتا رہے یہاں تک کہ وہ درخت پھل دینے لگے ،وہ اس کی طرف سے صدقہ شمار ہوگا‘‘ حضرت محمدﷺ نے بیری کے درخت کے بارے میں فرمایا’’جو بیری کا درخت کاٹے گا، اسے اﷲ تعالیٰ اوندھے منہ جہنم میں ڈالے گا(سنن ابو داؤد)‘‘ آپ ﷺ نے فرمایا، قیامت قائم ہو رہی ہو اور کسی کو شجرکاری کا موقع ملے تو وہ موقع کو ہاتھ سے نہ جانے دے ،اگر قیامت قائم ہو رہی ہو اور تم میں سے کسی کے ہاتھ میں قلم ہو اور وہ اس بات پر قادر ہو کہ قیامت قائم ہونے سے پہلے وہ اسے لگا لے گا تو ضرور لگائے (مسند احمد) یہی وجہ ہے کہ آپﷺ نے درخت جس سے لوگوں کو فائدہ پہنچتا ہے کاٹنے یا برباد کرنے سے سختی سے منع کیا ہے،آپ ﷺنے جہاں عام دنوں میں درخت کاٹنے کی ممانعت فرمائی ،وہاں دورانِ جنگ بھی، نہروں کو آلودہ کرنے اور درختوں کو کاٹنے کی ممانعت فرما کر نہ صرف آبی ذخائر کی حفاظت کی تعلیم دی ،بلکہ ماحول کو آلودہ ہونے سے بھی بچایا، سیدنا علی کرم اﷲ وجہہ فرماتے ہیں حضور نبی اکرم ﷺ جب اسلامی لشکر کو مشرکین کی طرف روانہ فرماتے تو یوں ہدایات دیتے ’’کسی بچے کو قتل نہ کرنا، کسی عورت کو قتل نہ کرنا، کسی بوڑھے کو قتل نہ کرنا، چشموں کو خشک و ویران نہ کرنا، درختوں کو نہ کاٹنا(بیہقی)‘‘ درختوں کی اہمیت کے بارے محقیقن کا کہنا ہے کہ درخت نہ صرف سایہ دیتے ہیں بلکہ پھل اور جانوروں کے لیے چارہ فراہم کرنے کا بڑا زریعہ ہیں، سائنسدانوں کی تحقیق ہے کہ درخت آکسیجن خارج کرتے ہیں جس کے بغیر ہمارا زندہ رہنا ممکن نہیں درختوں سے قیمتی لکڑی اوربے شمار ادویات بھی بنائی جاتی ہیں، اس میں کوئی شک نہیں کہ درخت زمین کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ زمین کو کٹاؤ سے بچاتے ہیں،درخت تیز آندھیوں کو روکتے ہیں اور بارش کا سبب بھی بنتے ہیں، وطن عزیز پاکستان میں سال میں دو بار شجرکاری(موسم برسات ، موسم بہار) کی جاتی رہی ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے محکمہ جنگلات اس سلسلہ کو قائم ودائم رکھے ہوئے ہے لیکن جس تیز رفتاری سے گزشتہ چالیس سالوں میں درخت کاٹے گئے ہیں اس رفتار سے پودے نہیں لگائے گئے جسکی وجہ سے موسموں کی شدت میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ،سانچ کے قارئین کرام ! پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں شجرکاری کے حوالہ سے بلین مہم بڑی زورو شور سے شروع کر رکھی ہے آئے روز وزیر اعظم عمران خان اور حکومتی عہدیدار اور نمائندے شجر کاری کرتے نظر آتے ہیں اِن لگائے پودوں میں سے کتنے زندہ بچے یا اُنکی حفاظت کی گئی اس کے بارے مختلف آرا ء پائی جاتی ہیں ،سرکاری اداروں میں شجرکاری کے حوالہ سے خبریں تو اخبارات کی زینت بنتی رہتی ہیں لیکن کم ایسے ادارے یا سرکاری دفاتر ہیں جہاں لگائے گئے پودے باقاعدہ درخت بن کر سایہ فراہم کرنے کا سبب بنے ،شہروں میں ایسی شاہرائیں جو کسی دور میں اپنے اطراف بڑے بڑے درختوں کی وجہ سے پہچانی جاتی تھیں اب وہاں کچھ نظر نہیں آتا ،چند مقامات پر جو اکا دُکا درخت نظر آتے ہیں وہ سایہ اور ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اُس حد تک معاون ثابت نہیں ہو سکتے جس طرح دنیا کے دیگر ممالک میں دیکھنے اور سننے کو ملتے ہیں ، تعلیمی اداروں میں بیرونی دیواروں کے ساتھ ساتھ درخت تو نظر آتے تھے لیکن وسیع پیمانے پر خوبصورت پودے اورلان کم ہی دیکھنے کو ملتے تھے اپنے اوکاڑہ شہر کی بات کروں تو گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جسے موجودہ پی ٹی آئی حکومت کی تعلیمی اصلاحات کے بعد گزشتہ سال سے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج کا نام دے دیا گیاہے میں درختوں اور خوبصورت پھولوں سے سجے لان سابق پرنسپل پروفیسرظفر علی ٹیپو کی قائدانہ صلاحیتوں اور شجر سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ، گزشتہ دنوں کالج ہذا کے پرنسپل پروفیسر رضا اﷲ حیدر کی جانب سے ایک تقریب کا دعوت نامہ موصول ہوا ، کرونا وائرس وبا کی وجہ سے ڈیڑھ سال سے کالج میں کوئی بڑی تقریب منعقد نہ ہوسکی تھی اس لیے اس دعوت نامے پر جانے کا فیصلہ فوراََکر لیا ، تقریب مون سون شجر کاری مہم کے سلسلہ میں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج اوکاڑہ کے پرنسپل رضا اﷲ حیدر اور سٹاف کی کاوشوں سے منعقد کی گئی تھی میرے ہمراہ نوجوان صحافی چوہدری عرفان اعجاز بھی تھے ،ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن پروفیسر مسعود فریدی ، رہنما پاکستان تحریک انصاف چوہدری سلیم صادق ، پرنسپل پروفیسر رضااﷲ حیدر، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے ممتاز علی ، معروف کمپیئر پروفیسر ریاض خان ، پروفیسر راؤ ریاض ، پروفیسر نذر محمد ، وائس پرنسپل پروفیسرارشد ، پروفیسر راؤ اعجاز ،لیکچرار طیب عطاء، اسسٹنٹ پروفیسر خلیل احمد، آفس اسسٹنٹ رانا محمد نعمان ، پروفیسر کاشف مجید، پروفیسر حامد ، تحریک انصاف کے حفیظ اﷲ بلوچ ، اعجاز شاہ ، آصف گجرنے کالج کے خوبصورت لان میں مزید پودوں کا اضافہ کیا ، اس موقع پر راقم الحروف نے مہمانان گرامی سے گفتگو کی جو سانچ کے قارئین کرام کی نظر ہے ،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈرپی پی189 چوہدری سلیم صادق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان کا جو ویژن دیا اس کو دنیا نے سراہا ہمیں گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج اوکاڑہ میں آ کر بہت خوشی ہوئی کہ پرنسپل رضا اﷲ حیدر نے یہ اچھا اقدام کیا ،پودا لگانا ایک عبادت ہے اور ہمیں بھی اس کام میں شامل کیا آج حج(19جولائی) کا دن ہے اور اس کی فضیلت یہ ہے کہ جو بھی اچھا عمل ہوگا اس کا درجہ دوسرے دنوں کی نسبت زیادہ ہوگا۔آج ہم سے بہت اچھا کام ہوا۔ ڈسٹرکٹ اوکاڑہ میں گزشتہ سال الحمدﷲ جیسے سابقہ سالوں کی نسبت زیادہ پودے لگے تھے اس سال بھی پورے پنجاب سے زیادہ پودے لگیں گے ہم ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کی زیر نگرانی انجمن تاجران، سول سوسائٹی مل کر شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے گی،ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن پروفیسر مسعود فریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق شجر کاری مہم کا آغازکر دیا گیا ہے پاکستان بھر کے تعلیمی اداروں میں پودے لگانے کا ایک نیک سلسلہ جاری ہے جیسے کہ قرآن پاک میں آتا ہے کہ نیکی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرو اور برائی کے کاموں میں ایک دوسرے کو روکواور خود بھی باز آجاؤ درخت ہمارے ملک کی ضرورت ہیں ابھی بھی آٹھ فیصد جنگلات ہیں یہ بہت تھوڑے ہیں اگر اسی جذبہ سے یہ کام جاری رہا تو امید کی جارہی ہے کہ بہت جلد ہمیں ہر جگہ سبزہ نظر آئے گا درخت نظر آئیں گے یہ درخت لازمی طور پر ہمارے اداروں کا حسن ہیں اگر یہ موجود ہیں تو خوبصورت ماحول ہے یہاں بچے پڑھیں گے اور خوبصورت ماحول میں دل لگے گا اور پڑھائی بھی وہاں ہی ہوتی ہے جہاں ماحول خوشگوار ہو، پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج اوکاڑہ رضا اﷲ حیدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ کی ہدایات کے مطابق 17جولائی سے 31جولائی تک شجر کاری مہم جاری رہے گی اب تک 400سے زائد پودے کالج میں منگوائے جا چکے ہیں جبکہ عید کے بعد تقریباً 1000پودے لگائے جائیں گے اس کے علاوہ کالج میں موجود درختوں کی گنتی نئے سرے سے کروائی گئی ہے اور طالبعلوں کی بہتر رہنمائی کے لیے ان تمام 175درختوں کے سائنسی نام اور دیسی نام آویزاں کیے گئے ہیں ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رائے ممتاز علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجر کاری مہم 2021میں اعلیٰ حکام کی طرف سے ہمیں یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ ہمارے ضلع میں 17کالجز ہیں ہر کالج میں کم از کم 200پودے اور زیادہ سے زیادہ 500یا اس سے زیادہ پودے لگائیں ہم نے محکمہ جنگلات کے ساتھ مل کر اور کچھ اپنی مدد آپ کے تحت یہ سلسلہ شروع کیا ہے اور ہمارے یہ کوشش ہے کہ ضلع میں موجود 17کالجز میں کم از کم 10000پودے لگائیں جس میں پھل دار اورسایہ دار پودے لگانے پر زور دیا جا رہا ہے ،پی ٹی آئی گورنمنٹ کے رہنماؤں جن میں چوہدری سلیم صادق ،حفیظ اﷲ بلوچ اور دیگر شامل ہیں سے گزارش ہے کہ دیگر فوکل پرسن کو بھی اس مہم میں شامل کروائیں تاکہ ہم ان سے زیادہ سے زیادہ پودے لے سکیں اور ان کو لگا سکیں زندگی کے لیے سب سے ضروری چیز درخت ہے یہ آکسیجن فراہم کرتے ہیں اور آکسیجن انسانی زندگی کے لیے بہت ضروری ہے اس کے لیے ہم پورے ضلع میں میگا کمپین لانچ کر رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ 10000 سے زائد پودے 17کالجز میں لگائیں٭




 

Muhammad Mazhar Rasheed
About the Author: Muhammad Mazhar Rasheed Read More Articles by Muhammad Mazhar Rasheed: 87 Articles with 59979 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.