چودہ اگست،تجدید عہد کا دن

دنیا کے ہر ملک کے باسیوں کے لیے ان کا یوم آزادی بہت احترام کا دن ہوتا ہے اور زندہ قومیں اپنے یومِ آزادی کو شایان شان طریقے سے مناتی ہیں۔ پاکستان کا وجود دو قومی نظریے کی بنیاد پر تین چار مخالف قوتوں سے لڑ کر عمل میں آیا تھا اس لیے اس کا یومِ آزادی اپنے اندر کئی اسباق رکھتا ہے۔

آج ہمارے طلبہ وطالبات کو پاکستان کی تاریخ اور تحریک پاکستان سے متعلق اہم واقعاتاور ان قربانیوں کا بہت کم علم ہے کہ جن کی بنا پر ہم نے یہ آزاد خطہ حاصل کیا تھا۔ یہ بات تو دانشوروں کے ہاں طے ہے کہ جو قوم اپنی تاریخ بھول جاتی ہے وہ بہت جلد کہیں دوسری تاریخ میں گم ہو جاتی ہے۔ کسی مفکر کا قول ہے ’’ تاریخ قوم کا حافظہ ہوتی ہے اور جو قوم اپنی تاریخ بھلا دیتی ہے وہ گویا اپنا حافظہ کھو بیٹھتی ہے‘‘۔آج ضرورت ہے کہ تعلیمی اداروں کے سربراہان اپنے یہاں مورخین، علماء ، ادباء وشعراء کو گاہے بگاہےدعوت دیں کہ وہ طلبہ وطالبات کے ساتھ تاریخ پاکستان پر مذاکرہ کریں تا کہ تحریک پاکستان کی یادیں تازہ کی جائیں اور مقصدِ وجود کے بھولے ہوئے سبق کو تازہ کیا جا سکے۔

یہ پاکستان یونہی نہیں بن گیا بلکہ اس کی خاطر لاکھوں مسلمانوں نے اپنی جان، مال اور عزت و ناموس کی قربانی دی ہے۔ یہ آزادی جو ہمیں ہمارے آزاد وطن کی صورت میں ملی ہے اللہ کا بہت بڑا احسان ہے اور اس کی قدر کرنااور اپنے وطن کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار رہنا ضروری ہے۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کو بتانا چاہیے کہ آزادی کا تذکرہ کرنا کیوں ضروری ہے تا کہ:
1) ہم اس نعمت پر اللہ کا شکر ادا کریں
2) پاکستان کی حفاظت کے لیے تیار رہیں
3) آئندہ نسلوں میں حب الوطنی کا جذبہ منتقل کر سکیں
4) آزادی کی قدروقیمت جان سکیں

ہمارے تعلیمی ادارے، جو ہماری اقدار اور روایات اگلی نسل کو منتقل کرنے کے امین ہیں، کے لیے ضروری ہے کہ وہ یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کریں ۔ ان سرگرمیوں کی غرض و غایت محب وطن پاکستانی بنانا ہو۔ یوم آزادی کے موقع پر سکولوں میں درج ذیل اقدامات کیے جا سکتے ہیں:
1) سکول کو سبز ہلالی پرچم اور جھنڈیوں سے سجایا جائے
2) تقاریر، ملی نغموں اورترانوں کے مقابلہ جات کا انعقاد کروایا جائے
3) علاقائی لباس پہن کر ملی نغموں پر خاکے پیش کیے جائیں
4) سکول میں پرچم لہرانے کی تقریب منعقد کی جا سکتی ہے جس میں ایک بڑا پرچم تمام اساتذہ اور بچے مل کر لہرائیں
5) وطن کی محبت، کسی شہید کی روداد، یا تحریک پاکستان کے حوالے سے بنی کوئی فلم اجتماعی طور پر دیکھی جا سکتی ہے
6) فوجی پریڈ اگر ممکن ہو تو دیکھنے کا اہتمام کیا جا سکتا ہے
7) ملکی سرحدات پر ہونے والی تقریبات میں شرکت کی جا سکتی ہے
8) یومِ آزادی کے حوالے سے دیگر اداروں میں منعقدہ ہم نصابی سرگرمیوں پر مبنی مقابلہ جات میں شرکت کی جا سکتی ہے
9) سبز اور سفید لباس پہن کر پاکستانی پرچم سے مناسبت قائم کی جا سکتی ہے
10) بچو ں کو آزادی کی اہمیت بتانے کے لیے سربراہ ادارہ یا کوئی معلم گفتگو کریں
11) بچوں سے عہد لیا جائے کہ پاکستان کی وحدت اور سا لمیت کے تحفظ کی خاطر ہمہ وقت تیار رہیں گے
12) کسی تاریخی مقام کی سیر کا اہتمام کیا جا سکتا ہے
13) ملکی سلامتی و استحکام کے لیے نوافل کا اہتمام کیا جا سکتا ہے

اس طرح کی تقریبات سے بچوں میں جذبۂ حب الوطنی اور ملک کے بارے میں معلومات میں اضافہ ہوتا ہے۔اس دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ پاکستان کو عالمِ اسلام کا فخر اور اس کی قوت و شوکت کا مرکز بنائیں گے۔
 

Malik Sial
About the Author: Malik Sial Read More Articles by Malik Sial: 12 Articles with 13838 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.