پہلے آئیے پہلے پائیے

کیا آپ جنت میں جانا چاھتے ھیں ؟؟ مگر آپ کے نامہ اعمال ایسے ھیں جس کی وجہ سے آپ کو شک ھے جنت دھلی کی طرح دور ھے ۔ آپ کے اعمال آپ کی نامی اور بے نامی جائداد کی لسٹ کی طرح طویل اور کالی ھے نیت کے حساب سے بھی بد نیت ھیں آپ جنت بھی چاھتے ھیں اس کے لیے آپ کوئی محنت نہیں کر سکتے اپنے نفس کو قابو نہیں رکھ سکتے اپنے آپ بدل بھی نہیں سکتے تو یہ آپ کے لیے نایاب موقعہ ھے پہلے آئیے پہلے پائیے جنت میں جگہ کم رہ گئی ھے اس اسپیشل آفر کا فوراً فائدہ اٹھائیے -

ٹھہرئیے اگر آپ عام عوام ھیں تو یہ آفر آپ کے لیے نہیں ھے اس لیے کہ عوام تو پہلے ھی تھوک کے حساب سے جنت میں جا رھے ھیں فرشتے بھی پریشان ھیں کیا کریں یہ سیاست دانوں کے لیے اسپیشل آفر ھے یہ انصاف کی بات تو نہیں ھے عوام روزانہ درجنوں کے حساب سے جنت کو روانہ ھوتے ھے کئی برس سے یہ جنت جانے والا کارواں رک ھی نہیں رھا پاکستان کا کوٹہ پورا ھونے کو ھو گا عوام کا ایک جم عفیر جنت میں اکٹھا ھو چکا ھے اور کوئی سیاسی لیڈر جنت میں نہیں -

ویسے تو بھٹو بھی شہید ھیں ان کو پھانسی دینے والے مرد ِ مومن مردِ حق ضیاء الحق بھی جنتی ھیں شہید ھیں بی بی شہید ھیں جنتی ھیں وہ بھی مگر اتنے سے سیاسی لیڈر وں سے جنت میں کیا رونق لگے گی ان ھی لوگوں کی جنت میں حکمرانی ھوگی اب موجودہ سیاست دانوں بھی سوچنا چاھیے عمر سے سبھی پکے ھیں سیاست میں ابھی چاھے بچے ھوں سیاست کی الف بے سے نابلد ھوں مگر سیاست کے نام پہ گند ضرور کریں گے دولت سے اپنی عمر کم کرنے کی کتنی بھی کوشش کی ھو عمر کی اصلیت پھر بھی ظاھر ھو جاتی ھے -

اگر ھمارے سیاست دان چاھتے ھیں ان کی آخرت میں بھی ایسی آرام و سکون کی زندگی میسر ھو تو اپنے اعمالوں کو بدل لیں اگر بدل نہیں سکتے تو زیادہ کچھ نہیں کر نا ھو گا بس کچھ دن عوامی زندگی جینا ھوگا  acاپنے بنکرز سے نکلنا ھوگا جتنے بھی لوگ حفاظت پہ مامور ھیں ان کی چھٹی کر دیں ان سے کہیں وہ عوام کی حفاظت کریں جو ان کا کام ھے اور آپ خود پاکستان کی سیر کو نکل جائیں -

اگر ڈرون حملے سے بچ جائیں تو کسی- مسجد میں چلے جائیں کسی مزار کا رخ کریں یا پھر کسی عام متوسط طبقے کے کسی بازار میں چلے جائیں -

اگر یہاں سے شہادت کے درجہ پانے سے بچ جائیں تو کراچی کے سڑکوں پہ واک پہ نکل جائیں جہاں کوئی نہ کوئی اپنا مسلمان بھائی نجانے کیوں اپنے نشانے بازی کے پریکٹس کرے گا اور نشانہ بے گناہ کو ھمیشہ نشانے پہ لگتا ھے مجرم ھمیشہ صاف بچ نکلتا ھے مجرموں کو دیکھ کر گولی پتا نہیں کیوں سائیڈ سے نکل جاتی ھے -

خیر اس سے پہلے کہ آپ کے مخالف آپ سے پہلے جنت پہنچ کر سارے ووٹر اپنی طرف کر لیں اور آپ منہ دیکھتے رہ جائیں بس پہلے آئیے اور پہلے پائیے جنت آپ سے بس چند قدم کے فاصلے پہ ھے دنیا سے جاتے جاتے کچھ دن ایک عام انسان کی زندگی بھی جی کر دیکھ لیں کھلے آسمان کے نیچے گرمی کا مزا اور گرمی میں لوڈ شیڈنگ کا مزا مہنگائی کا مزا مہنگائی کے ساتھ فاقوں کا مزا خالی پیٹ دھشت کا مزا بے موت مرنے کا مزا-
sadia saher
About the Author: sadia saher Read More Articles by sadia saher: 41 Articles with 35741 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.