ان کی اہلیہ کا تعلق لبنان سے تھا، اپنی یا بچوں کی شادیاں بیرون ملک میں کرنے والے کچھ اہم پاکستانی سیاستدان

image
 
جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں کس نے کس سے شادی کرنی ہے اس کا فیصلہ انسان کی پیدائش کے وقت ہی کاتب تقدیر کر لیتی ہے مگر انسان کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ اس سب عمل میں اس کی کوششوں کا دخل ہے۔ اسی طرح جس طرح موت کا ایک وقت اور جگہ متعین ہے اسی طرح شادی کس جگہ پر ہونی ہے یہ بھی وقت سے پہلے ہی طے کیا جا چکا ہوتا ہے- مگر ہم حضرت انسان اس سارے معاملات کو اپنی دسترس پر سمجھ کر دوسروں کو اس حوالے سے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ خاص طور پر سیاستدانوں سے عوام یہ امید رکھتے ہیں کہ وہ اپنے جیون ساتھی کے طور پر کسی پاکستانی کا ہی انتخاب کریں گے اور شادی کے لیے بھی اپنے ملک کو ترجیح دیں گے مگر جب کبھی ایسا نہیں ہو سکتا تو ایسی شادیوں کو سخت تنقید کا نشانہ تاریخ کے ہر دور میں بنایا جاتا رہا ہے ایسی ہی کچھ شادیوں کے بارے میں ہم آپ کو آج بتائيں گے-
 
مرتضیٰ بھٹو اور غنوی بھٹو کی شادی
مرتضیٰ بھٹو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین ذوالفقار علی بھٹو کے بڑے بیٹے تھے ان کی پہلی شادی افغانستان سے تعلق رکھنے والی ایک دری لڑکی فوزیہ فصیح الدین سے ان کی پسند سے ہوئی تھی یہ شادی 1980 میں اس وقت ہوئی جب کہ ان کے والد کو پھانسی دی جا چکی تھی اور وہ جلاوطنی کے دن گزار رہے تھے- اس شادی سے ان کی ایک بیٹی فاطمہ بھٹو بھی تھیں مگر جلد ہی یہ شادی طلاق پر پہنچ کر ختم ہو گئی اور مرتضیٰ بھٹو اپنی بیٹی فاطمہ کے ہمراہ شام چلے گئے جہاں انہوں نے سیاسی پناہ لے لی تھی۔ وہیں پر ان کی ملاقات لبنانی نژاد غنویٰ کے ساتھ ہوئی جو کہ ایک ڈانسر تھیں یہ شادی 1989 میں شام میں ہی ہوئی تھی جس کے ایک سال بعد مرتضیٰ اور غنویٰ جلاوطنی ترک کر کے پاکستان آگئے جہاں پر غنویٰ کے ہاں ان کے اکلوتے بیٹے ذوالفقار علی بھٹو جونئیر کی پیدائش ہوئی- پاکستان واپسی کے بعد مرتضی بھٹو کو آصف علی زرداری کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا ، خاندان کے اندر اس بات پر ایک تناؤ کا آغاز ہو گیا کہ بھٹو کا وارث کون ہو گا یہ تناؤ 1996 میں مرتضی بھٹو کی ایک پرسرار پولیس مقابلے میں موت کے بعد ختم ہوا- غنویٰ بھٹو نے اپنے شوہر کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا جس کا الزام آصف علی زرداری پر لگایا گیا اور انہیں اس الزام میں گرفتار بھی کیا گیا مگر جلد عدم ثبوت کی بنا پر آزاد کر دیا گیا ۔ غنویٰ بھٹو ابھی بھی اپنے شوہر کے قاتلوں کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہیں مگر اس حوالے سے اب تک کچھ نہیں ہو سکا-
image
 
عمران خان اور جمائما خان کی شادی
پاکستان کے حالیہ وزیر اعظم اور سابقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان عمران خان ایک طویل عرصے تک ایک ہینڈسم کنوارے کے طور پر زندگی کو انجوائے کرتے رہے مگر 1995 کو سیکڑوں لڑکیوں کے دل اس وقت ٹوٹ گئے جب انہوں نے برطانوی نژاد یہودی جمائما گولڈ اسمتھ سے شادی کر لی۔ اور یہ شادی ایک سادہ سی تقریب میں پہلے نکاح کی صورت میں اور اس کے بعد باقاعدہ رجسٹرار کے دفتر میں رجسٹر ہوئی۔ مگر اس وقت تک عمران خان نے سیاست میں باقاعدہ شمولیت اختیار نہیں کی تھی۔ مگر 1996 میں جب انہوں نے سیاست میں آنے کا اعلان کیا تب ان کی اور جمائما کی شادی کے حوالے سے تنازعات نے جنم لیا- ان کے مخالفین نے ان کے خلاف ایک مہم چلانی شروع کر دی اس دوران اس جوڑے کے گھر میں دو بیٹوں کی پیدائش بھی ہو چکی تھی مگر بدترین سیاسی مخالفت کے سبب اس جوڑے کے پاس دو ہی راستے تھے یا تو عمران خان سیاسی کیرئیر ختم کر کے جمائما کے ساتھ برطانیہ چلے جائیں یا پھر یہ دونوں اپنی راہیں جدا کر لیں- بلاآخر 2004 میں اس خوبصورت جوڑے نے اپنی راہیں جدا کر لیں اور جمائما دونوں بیٹوں کے ساتھ انگلینڈ روانہ ہو گئيں۔ اس کے بعد عمران خان نے ایک شادی ریحام خان کے ساتھ بھی کی جو کچھ ہی عرصے میں طلاق پر پہنچ کر ختم ہوئی۔ اس کے بعد بشریٰ مانیکا سے عمران خان نے شادی کی جو اس وقت خاتون اول کے طور پر کام کر رہی ہیں-
image
 
مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی
گزشتہ ہفتے مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی شریف خاندان کے دیرینہ دوست کی بیٹی عائشہ سیف کے ساتھ انجام پائی۔ اس شادی کو شریف خاندان کے ہر عمل کی طرح سوشل میڈیا پر شہہ سرخیوں میں جگہ ملی۔ اس شادی کے حوالے سے بہت سارے ایسے سوال تھے جو کہ لوگوں کے دلوں میں سر اٹھا رہے تھے جن میں سے پہلا سوال یہ تھا کہ یہ شادی برطانیہ میں کیوں انجام پائی جب کہ جنید کی ماں اور باپ دونوں ہی اس میں شرکت نہیں کر سکتے تھے۔ دوسرا سوال یہ تھا کہ اگر عائشہ سیف کی ڈولی لینے لندن ہی جانا تھا تو کیا ولیمہ پاکستان میں نہیں ہو سکتا تھا۔ عوام اس شادی کو شریف خاندان کی سیاست قرار دے رہے ہیں جس کے ذریعے ایک جانب تو یہ خاندان ایک بار پھر خبروں میں آگیا اور دوسری جانب اس شادی کے نتیجے میں انہوں نے سیف الرحمن کے ساتھ اپنے دیرینہ سیاسی تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر کر دیا ہے-
image
 
نجم سیٹھی کی بیٹی میرا سیٹھی کی شادی
32 پنکچر والے سابق گورنر پنجاب نجم سیٹھی کو 2013 کے الیکشن کے حوالے سے عمران خان کی جانب سے سخت ترین تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین کے طور پر ان کی تقرری نے ان کے شریف خاندان کے ساتھ تعلقات کو اور بھی واضح کر دیا- ان کو اللہ نے دو بچوں سے نوازہ علی سیٹھی اور میرا سیٹھی نے اداکاری اور گلوکاری میں اپنا کیرئیر بنایا۔ مگر لوگوں کو اس وقت حیرانگی ہوئی جب 2019 میں نجم سیٹھی نے اپنی بیٹی میرا سیٹھی کی شادی کا فیصلہ ان کے دیرینہ دوست بلال سیٹھی کے ساتھ کیلیفورنیا امریکہ میں کرنے کا فیصلہ کیا-
image
 
نواز شریف کے بیٹے حسین نواز کی شادی
شریف خاندان پر یہ الزام بھی ہے کہ ان کے خاندان کے مرد ایک سے زیادہ شادیاں کرتے ہیں اور ان کی شادی کے حوالے سے افواہیں اکثر میڈیا کی زینت بھی بنتی رہتی ہیں- نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن نواز اور حسین نواز بہت کم عمری میں ہی پاکستان سے باہر چلے گئے تھے اس وجہ سے ان کا پاکستانی سیاست میں عمل دخل ایون فیلڈ اپارٹمنٹ سے قبل نہ ہونے کے برابر تھا- لہٰذا ان کی شادیوں کے حوالے سے بھی میڈيا پر زیادہ معلومات موجود نہیں ہیں مگر یہ کہا جاتا ہے کہ حسین نواز کی دو بیویاں اور سات بچے ہیں ان کی دوسری بیوی کے بارے میں ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ اس کا تعلق بھی پاکستان کے بجائے فلسطینی نژاد لبنان سے ہے اور وہ ان کے بیٹے کی ٹیوٹر تھیں جس سے انہوں نے دوسری شادی کی -
image
YOU MAY ALSO LIKE: