فن و ثقافت پر مبنی تقریبات جہاں صحت مند تفریح کا
ذریعہ ہیں وہاں کسی بھی قوم اور خطہ کی پہچان ہیں ۔ جو قومیں اپنی شناخت
بھول جاتی ہیں تباہی وبربادی ان کا مقدربن جاتی ہے ۔ پنجاب خوبصورت ثقافتی
رنگوں کی دھرتی ہے ،یہاں کی بدلتی رتیں محبتیں بانٹتی ہے ، اگر یوں کہا
جائے تو بے جا نہ ہو گا کہ پنجاب کے علاقائی رسم ورواج اور ثقافتی روایات
معاشرے کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ملتان آرٹس کونسل کئی دہائیوں سے ادب وثقافت
کی آبیاری کررہا ہے ، اور شعبہ انفارمیشن پنجاب کے سینئر آفیسر طاہر محمود
جو کہ ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل ہیں کی زیر نگرانی یہ ادارہ جنوبی پنجاب
کی روایات اور کلچراور تہذیب و تمدن کو فروغ دینے میں پیش پیش ہے، طاہر
محمود ثقافتی تقاضوں کے نبض آشنا ہیں اور اس ادارے کو فعال بنانے کے لئے
انہوں نے اس میں ایک نئی روح پھونک دی ہے ، اور ایسے شاندار اور خوبصورت
ثقافتی پروگرام منعقد کروائے ہیں جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔ گزشتہ
دنوں ایک ملاقات میں ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل طاہر محمود نے راقم الحروف
کو بتایا کہ تفریحی پروگراموں کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو گھٹن زدہ حالات
میں تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی
ثقافتی ورثہ کو فروغ دینے میں خصوصی دلچسپی ہے ۔ بلاشبہ جنوبی پنجاب
علاقائی رسم ورواج اور ثقافتی روایات کا امین ہے ۔ ملتان آرٹس کونسل
انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق آرٹ، زبان ، ادب اور خطے کی
ثقافت کی ترویج کے لیے خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے۔ ملتان آرٹس کونسل میں
ہر سال یوم کشمیر، یوم پاکستان، یوم آزادی اور دیگر مواقعوں پر مختلف خصوصی
پروگراموں کا انعقاد، ثقافت کے فروغ کے لئے ہر سال پنجابی، سرائیکی اور
بلوچی ثقافت کے دن پر رنگا رنگ پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔ زبان وادب کی
ترویج کے لیے مشاعرے، مکالمے، یوتھ میوزک فیسٹیول، فوک میلہ، سرائیکی
مشاعرہ، ملی نغموں کا مقابلہ، مقابلہ ہنر مندی ، کورونا کے خلاف قلم کاروں
کی جنگ اور دیگر پروگرام کروائے گئے ہیں جبکہ ہر جمعرات کو ادبی بیٹھک
تسلسل کے ساتھ جاری ہے ، ملتان آرٹس کونسل کی ادبی بیٹھک کو حال ہی میں 4سو
ہفتے مکمل ہو چکے ہیں، جس میں شہر اولیاء کے نامور ادیب اور شعرا شریک ہوتے
ہیں اور اپنی تخلیقات پیش کرتے ہیں ۔ فن اور فنکاروں کو پروموٹ کرنے کے لیے
فیملی ڈرامہ کروایا جاتا ہے تاکہ فیملیز کو تفریح کے مواقع فراہم کیے جا
سکیں۔اس کے علاوہ سالانہ ڈرامہ فیسٹیول، موسیقی کے مقابلے ، آرٹ کی ورکشاپ
اور سالانہ نمائش کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
ملتان آرٹس کونسل میں سال 2018-19ء کے دوران مجموعی طور پر 100سے زائد
پروگرام کروائے گئے ،سال 2019-20ء کے دوران مجموعی طور پر95 تقریبات کا
اہتمام کیا گیا جبکہ سال 2020-21ء کی نمایاں سرگرمیوں میں جشن تمثیل، فوک
گلوکار منصور ملنگی کی برسی کے موقع پر میوزیکل پروگرام، سالانہ ڈرامہ
فیسٹیول اور دیگر تقریبات شامل ہیں، اس سال کورونا لاک ڈاؤن کے باعث
تقریبات کچھ کم رہیں۔ 2019 ء میں ’’جنوبی پنجاب کی آواز‘‘کے نام سے ملتان،
ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن کے درمیان گائیکی کے مقابلے کروائے گئے ۔
اسی طرح 2020-21ء میں پنجاب بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت ادب، موسیقی،
مصوری، دستکاری اور شارٹ فلم کے مقابلے کروائے گئے ۔ ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں میں
ملتان ڈویژن نے شاعری میں دوسری اور موسیقی میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور
وسیب کے نامور گلوکار نعیم الحسن ببلو کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کروایا گیا۔
اگرچہ کورونا کی صورتحال نے ثقافتی سرگرمیوں کو گہنائے رکھا لیکن ملتان
آرٹس کونسل نے 2020ء کے دوران مقدور بھر کوشش کی اورا فنون لطیفہ اور
ثقافتی سرگرمیوں کا مرکز رہا اور درجنوں پروگراموں کا انعقاد کیاگیا جن کو
سامعین کی ایک بڑی تعداد نے سراہا۔ ثقافت اور فن کے فروغ کیلئے ملتان آرٹس
کونسل میں اکیڈمی قائم کی گئی تاکہ طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتیں اجاگر
کرنے کے لیے کشادہ ماحول میں بہترین مواقع میسر آسکیں۔ اس کے علاوہ ملتان
آرٹس کونسل نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے ذریعے جس طرح فنکاروں کی فلاح
وبہبودکیلئے کام کیا ہے اس کی نظیر نہیں ملتی۔ پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے
100 سے زائد فنکاروں کو وظائف دیے جارہے ہیں۔ جبکہ ملتان آرٹس کونسل کی
مرمت اور تزئین وآرائش کیلئے حکومت پنجاب نے فنڈز مختص کر دیے ہیں، جلد ہی
آڈیٹوریم میں اے سی سسٹم، سکیورٹی سسٹم اور دیگر سہولیات کو بھی اپ گریڈ
کیا جارہا ہے اور دفاتر میں توسیع کی جارہی ہے۔ ڈائریکٹر ملتان آرٹس ملتان
طاہر محمود نے بتایا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا زور ٹوٹنے کے بعد
ملتان آرٹس کونسل کی رونقیں مکمل بحال کی جائیں گی۔ گزشتہ سال کی طرح رواں
سال بھی پنجاب حکومت کی ہدایت پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد کروایا جائے گا،
جس میں ادب، مصوری، موسیقی، دستکاری، تھیٹر اور علاقائی رقص کے مقابلے
کروائے جائیں گے ، اس کے علاوہ مستقبل قریب میں عوام کو معیاری تفریح فراہم
کرنے کے لیے مختلف پروگرام بھی کروائے جائیں گے ، ان میں پتلی تماشہ، فیملی
ڈرامہ، میوزیکل پروگرام اور دوسری سرگرمیاں شامل ہیں۔
کرہ ارض پر حسین اور دلکش قدرتی مناظر، تاریخی عمارات و ورثہ کو دیکھنے کی
خواہش، مختلف علاقوں کی تہذیب وثقافت کے بارے میں جاننے اور نئی چیزوں کی
تلاش وجستجو انسانی فطرت کا خاصہ ہے ۔ قدرتی طور پرپانچ دریاؤں کی دھرتی
پنجاب عظیم لوک ورثے ، قدرتی مناظر، مذہبی مقامات کی سیاحت، تاریخی وقدیم
مقامات وعمارات، کلچر، میلے ، کھابے ، شاندار روایات، نایاب جنگلی حیات اور
پھولوں سے مالا مال ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں سرائیکی وسیب، خطہ پوٹھوہار،
مشرقی پنجاب، سون ویلی، ڈی جی خان ، صحرائے چولستان بہاولپور کا رنگا رنگ
اور متنوع ثقافتی حسن اپنی مثال آپ ہے اور ان علاقوں کی خوبصورت ثقافت اور
تہذیب ہمارے لئے قابل قدر سرمایہ ہے ۔ سرائیکی وسیب قدیمی کلچر کا حامل خطہ
ہے ۔ چولستان، ڈی جی خان اور بہاولپور کی ثقافت نہ صرف منفرد تاریخی روایات
کی امین ہے بلکہ عصر حاضر میں بھی اپنی ایک ممتاز حیثیت رکھتی ہے ۔ پنجاب
بہت سی ثقافتوں کا مرکز ہے، محبت، امن، بھائی چارے ، یگانگت اور رواداری
پنجاب کی ثقافت کے نمایاں رنگ ہیں اور ثقافت سے جڑی رہنے والی قومیں ہی آگے
بڑھتی ہیں۔ ماضی میں شعبہ ثقافت کو نظر انداز کیاگیا۔ ڈائریکٹر ملتان آرٹس
کونسل طاہر محمود نے پبلک ریلیشنز کے شعبہ میں زندگی کے کئی سال خدمات سر
انجام دیں، اور اب وہ ثقافت کے فروغ اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقہ فنکاروں،
تخلیق کاروں کی بھلائی کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ جبکہ جنوبی
پنجاب کے کلچر اور ثقافت کو اجاگر کرنے ، اور شہریوں کو صحت مند تفریح
فراہم کرنے میں ملتان آرٹس کونسل کا کردار مثالی ہے ۔ نوجوان ہمارا سرمایہ
ہیں اور ہمیں اس سرمائے کی نہ صرف حفاظت کرنا چاہیے بلکہ انہیں ترقی کے نئے
مواقع فراہم کرتے ہوئے ٹیلنٹ ہنٹ جیسے پروگراموں کا انعقاد کرتے رہنا چاہیے
تاکہ نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی ہو اور ان میں چھپی صلاحتیں اجاگر
ہوسکیں۔
|