|
|
ہر اداکار کی کوشش ہوتی ہے کہ اس کو بڑا بریک ملے تاکہ
وہ اپنی شناخت کا سفر طے کر کے اپنی پہچان بنا سکے۔ کسی ایک ڈرامے کی
کامیابی صرف اس کے ہیرو ہیروئین کی ہی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی کامیابی ہوتی
ہے اور اس کامیابی کو سیلیبریٹ کرنے کا سب کا اپنا انداز ہوتا ہے۔ کچھ اس
کے لیے پارٹی کرتے ہیں اور کچھ اداکار ایسے بھی ہوتے ہیں جو کہ اپنے کسی
بھی ڈرامے کی مقبولیت کے دوران یا اس کے فوراً بعد اپنی شادی کی تقریب
منعقد کر لیتے ہیں تاکہ خوشیوں کو دوبالا کر سکیں ایسے ہی کچھ اداکاروں کے
بارے میں آج ہم آپ کو بتائيں گے- |
|
بہروز سبزواری |
بہروز سبزواری کی شہرت کا آغاز اگرچہ خدا کی بستی سے ہو
چکا ہے مگر جس کردار نے انہیں شہرت کے آسمان کا روشن ستارہ بنا دیا وہ ان
کا ڈرامہ تنہائياں کا کردار قطب الدین عرف قباچہ کا کردار تھا جس میں انہوں
نے مرینہ خان کے مقابل کردار ادا کیا تھا- اس کردار کے منفرد اسلوب کے سبب
ان کو بہت شہرت ملی۔ یہاں تک کہ اس ڈرامے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ جب اس
کی قسط آن ائير ہوتی تھی تو ملک بھر کی سڑکیں ویران ہو جایا کرتی تھیں۔
یہاں تک کہ لوگ شادی کی تقریبات کا آغاز بھی ڈرامے کے بعد کیا کرتے تھے- اس
ڈرامے کی آخری قسط والے دن ایک جانب تو بہروز سبزواری نے اس ڈرامے کی آخری
قسط کے دیکھنے کا اہتمام کیا اس کے ساتھ اسی دن انہوں نے جاوید شیخ کی بہن
سفینہ بہروز کے ساتھ شادی کے کر جاوید شیخ کے ساتھ اپنی دوستی کو ایک مضبوط
ڈور سے باندھ بھی دیا- |
|
|
عثمان مختار |
حالیہ دور کے ہیرو عثمان مختار کے بارے میں یہ کہا جاتا
ہے کہ یہ جس ہیروئین کے مقابل بھی کام کرتے ہیں کچھ ہی دنوں میں شادی کے
بندھن میں بندھ جاتی ہیں- اس کی مثال میں نیمل خاور اور سارہ خان ہیں نیمل
خاور ڈرامہ انا میں عثمان مختار کے مقابل تھیں جن کی شادی حمزہ علی عباسی
کے ساتھ انجام پائی- جبکہ سارہ خان نے ڈرامہ ثبات میں عثمان مختار کے ساتھ
مرکزی کردار ادا کیا جس کے دوران ہی ان کی شادی فلک شبیر کے ساتھ ہو گئی-
حالیہ دنوں میں عثمان مختار کا ڈرامہ ہم کہاں کے سچے تھے عوام میں تیزی سے
مقبولیت حاصل کر رہا ہے جس میں وہ مائرہ خان کے مقابل مرکزی کردار ادا کر
رہے ہیں مگر اس دفعہ عثمان مختار نے خود ہی شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا-
عثمان مختار کی مایوں کی تقریبات کا آغاز زنیرہ انعام کے ساتھ ہو چکا ہے
امید ہے کہ جلد ہی ہم کہاں کے سچے تھے کی شہرت کے ساتھ ساتھ عثمان مختار کے
سہرے کے پھول بھی کھل جائيں گئے- |
|
|
سارہ خان |
سارہ خان کی شادی کی تقریب بھی اس حوالے سے سب کی توجہ
کی مرکز بن گئیں کیوں کہ ان کی شادی کی خبر ان کے مشہور ڈرامے کے دوران
بریک ہوئی اور ڈرامہ ثبات کے دوران ہی ان کی شادی فلک شبیر کے ساتھ انجام
پائی اور انہوں نے ڈرامہ ثبات کی کامیابی کے جشن کو اپنی شادی کے جشن کے
ساتھ سیلیبریٹ کیا- |
|