دیدی ڈر گئیں۔۔ سارہ علی خان کی وزیر داخلہ کو ٹوئٹر پر مبارکباد پر صارفین کی تنقید

image
 
سوشل میڈیا پر کسی کو اس کی سالگرہ کی مبارکباد دینا کوئی انوکھی بات نہیں لیکن جب سیف علی خان کی بیٹی اور بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان نے انڈیا کے وزیر داخلہ امت شاہ کو ٹوئٹر پر ان کے جنم دن کی مبارکباد دی تو صارفین سے یہ بات ہضم نہ ہوئی۔
 
سارہ کی اس ٹویٹ کے جواب میں سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل کو کئی لوگ آرین خان کی گرفتاری اور اداکارہ اننیا پانڈے سے اینٹی نارکوٹکس بیورو (این سی بے) کی طرف سے کی جانے والی پوچھ گچھ کے تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔
 
ٹوئٹر پر کسی نے سارہ کی ٹویٹ کو مجبوری تو کسی نے کہا کہ سارہ نے ایسا اینٹی نارکوٹکس بیورو سے بچنے کے لیے کیا ہے۔
 
واضح رہے کہ انڈیا میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ایک ٹیم نے دو دن قبل اداکار شاہ رخ خان کے ممبئی میں گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس کارروائی کا تعلق شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان سے ہے جو منشیات کے ایک معاملے میں زیرِ حراست ہیں۔
 
شاہ رخ خان کے علاوہ این سی بی کی ایک ٹیم جمعرات کو اداکارہ اننیا پانڈے کے گھر بھی گئی تھی۔ اننیا پانڈے اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی اور شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی قریبی دوست ہیں۔ این سی بی نے انھیں جمعرات اور جمعے کو پوچھ گچھ کے لیے بھی بلایا تھا۔
 
شاہ رخ خان کے بیٹے کے خلاف ابھی تک کوئی ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے ہیں اور بعض افراد اسے انتقامی کارروائی بھی قرار دے رہے ہیں۔
 
واضح رہے کہ گزشتہ برس خود کشی کرنے والے بالی وڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد سے انڈین حکام اس واقعے میں منشیات کے استعمال کے حوالے سے بھی تفتیش کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں بالی وڈ ستاروں دپیکا پاڈوکون، سارہ علی خان، شردھا کپور، راکول پریت، شروتی مودی اور فیشن ڈیزائنر سیمیون کھمبٹا کو انسدادِ منشیات بیورو (این سی بی) طلب کیا گیا تھا۔
 
سُشانت سنگھ کی موت کے بعد ان کی گرل فرینڈ ریا چکربرتی کو اُن کے لیے منشیات خریدنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم ریا نے اس الزام کی تردید کی تھی۔
 
image
 
’تمام ستاروں کے بچوں کو سارہ کی پیروی کرنی چاہیے‘
ایک صارف انایا خان نے سارہ کی ٹویٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’سارہ اپنے آپ کو این سی بی کے چھاپے سے بچا رہی ہیں۔‘
 
ایک اور صارف نے سارہ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: ’سارہ آپ کی عمر 26 برس ہے اور آپ کوئی چار پانچ برس سے ٹوئٹر استعمال کر رہی ہوں گی۔ ایسا کیوں ہے کہ ہم آپ کو پہلی بار کسی کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔‘
 
انھوں نے مزید لکھا: ’خیر شرمندہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہم سب کو حقیقت معلوم ہے۔ سالگرہ مبارک امت جی۔‘
 
image
 
امان جین نے لکھا: ’اس طرح آپ این سی بی کے چھاپے سے بچ سکتے ہیں۔‘ انھوں نے مزید لکھا: ’تمام ستاروں کے بچوں کو سارہ کی پیروی کرنی چاہیے۔‘
 
ایک اور صارف نے سارہ کا مذاق اڑاتے ہوئے لکھا: ’دیدی ڈر گئیں۔‘
 
للت مشرا نامی صارف نے لکھا: ’سارہ علی خان اب محفوظ ہیں۔ دیپیکا کو بچنے کے لیے مودی یا امت شاہ کو سالگرہ کی مبارکباد دینا ہو گی۔‘
 
image
 
ایک اور صارف نے لکھا: کہ سارہ نے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’بے جی پی یہی چاہتی ہے۔ ہتھیار ڈالنے اور غلامی میں زندگی پر مبارکباد۔‘
 
اگر امت شاہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو دیکھا جائے تو انھوں نے ابھی تک تو سارہ کی برتھ ڈے وش کا جواب نہیں دیا لیکن امت شاہ کے نام سے بنے ایک جعلی اکاؤنٹ سے سارہ کی ٹویٹ کے جواب میں سالگرہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا گیا: برتھ ڈے وش کا شکریہ۔ میں اپنی پوری کوشش کروں گا۔۔۔‘
 
image
 
Partner Content: BBC Urdu
YOU MAY ALSO LIKE: