ٹی وی ڈراموں میں بیڈ روم سین پر پابندی مگر صوفے پر بیٹھ کر سازشوں کی آزادی، منفی کرداروں اور صوفے میں عوام نے عجیب تعلق دریافت کر لیا

image
 
پاکستانی ڈراموں کی کہانی ایک مظلوم ہیروئین ایک اسمارٹ ہیرو ان کے ماں باپ اور ایک منفی کردار کے گرد گھومتی ہے۔ ڈرامہ کوئی بھی ہو کردار تھوڑی سی تبدیلی کے ساتھ یہی رہتے ہیں اس کے علاوہ ڈراموں کی تیاری کے لیے ایک جذباتی او ایس ٹی اور ایک پاور فل فیچر امیج درکار ہوتا ہے جس کی تیاری پر اتنا ہی وقت لگایا جاتا ہے جتنا وقت ڈرامے کی کہانی پر لگتا ہے کیوں کہ یہ اس کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں-
 
ٹی وی ڈراموں اور صوفے کا تعلق
حالیہ دنوں میں یہ خبر بہت زور و شور سے چل رہی ہے کہ پیمرا نے ڈراموں میں بیڈ روم سین اور غیر اخلاقی سین کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ پیمرا کا یہ کہنا ہے کہ اس طرح کے مناظر عوام اور نئی نسل کے اخلاقیات پر برا اثر ڈالنے کا باعث بنتے ہیں- اسی بات کو لے کر عوام نے ایک اہم پہلو کی طرف سب کی توجہ مبذول کروائی ہے کہ آج کل آن ائیر جانے والے بیشتر ڈراموں کے فیچر امیج کو اگر غور سے دیکھا جائے تو ان میں ایک بات کامن دیکھنے میں آتی ہے کہ ڈرامے کے اندر منفی کردار ادا کرنے والا اداکار یا اداکارہ کوصوفے پر بٹھایا جاتا ہے جب کہ باقی اداکار اس کے اردگرد کھڑے نظر آتے ہیں-
 
ڈرامہ مقدر کا ظالم بزنس ٹائکون سیف
اس ڈرامے میں فیصل قریشی نے ایک ایسے بزنس مین کا منفی کردار ادا کیا ہے جو کہ اپنی عمر سے آدھی عمر کی ایک متوسط طبقے کی لڑکی کو شادی شدہ ہونے کے باوجود اغوا کرتا ہے اور اس سے زبردستی نکاح کر کے اس کو اپنے گھر میں حبس بے جا میں رکھتا ہے- اس ڈرامے کے فیچر امیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ منفی کردار ادا کرنے والے فیصل قریشی شان سے صوفے پر بیٹھے ہیں-
image
 
ڈرامہ محبت چھوڑ دی میں نے نام کومل مگر کام ظلم
نجی چینل سے پیش کیا جانے والا ڈرامہ محبت چھوڑ دی میں نے حالیہ دنوں پیش کیا جا رہا ہے جس میں حاجرہ یامین کومل کے منفی کردار میں سامنے آئی ہیں جس میں ان کا کردار ایک ایسی نفسیاتی خاتون کا ہے- جس نے اپنے منفی طرز عمل سے اپنے شوہر اور اس کی دوسری بیوی کا جینا دو بھر کیا ہو ا ہے- اس ڈرامے کے فیچر امیج کو بھی دیکھا جائے تو اس میں حاجرہ یامین کو صوفے پر درمیان میں بٹھایا گیا ہے جو کہ یہ واضح کر رہا ہے کہ منفی کردار کا حامل انسان صوفے پر بیٹھا ہوتا ہے-
image
 
ڈرامہ قیامت میں منفی کردار میں احسن خان
اس ڈرامے میں بھی جیسا کہ اس کے فیچر امیج سے دیکھا جا سکتا ہے کہ احسن خان درمیان میں صوفے پر بیٹھے ہیں- جس سے واضح طور پر یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ احسن خان چونکہ صوفے پر بیٹھیں ہیں اس وجہ سے ان کا منفی کردار ہوگا- اس ڈرامے میں احسن خان نے ایک ایسے بگڑے ہوئے نوجوان کا کردار نبھایا ہے جس نے پہلے تو اپنی پہلی بیوی کو ایک اداکارہ کے پیچھے ہلاک کیا اور اس کے بعد اسی کی بہن نیلم منیر سے شادی کر کے اس کو بھی اپنے ظلم کا نشانہ بنایا-
image
 
ڈرامہ کم ظرف کی ظالم آپی
اس تصویر میں صوفے پر بیٹھی نادیہ خان نے اس ڈرامے میں ایک ایسی بڑی بہن کا کردار نبھایا ہے جو کہ اپنے بھائيوں اور ان کی زندگی میں پورے ڈرامے میں اسی صوفے پر بیٹھ کر زہر گھولتی رہیں اور اپنی ساری زندگی کی محرومی کا بدلہ اپنے بھائيوں اور ان کی بیویوں سے لیتی رہیں-
image
 
ان تمام ڈراموں کو دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ پیمرا کو اب بیڈروم سین کے ساتھ ساتھ صوفوں پر بھی پابندی لگا دی جانی چاہیے تاکہ ان پر بیٹھ کر کوئی دوسروں کی زندگی میں زہر نہ گھول سکے آپ کا اس بارے میں کیا خیال ہے؟
YOU MAY ALSO LIKE: