کتاب: آپ بیتیاں

آپ بیتی: محترمہ تسنیم جعفری
تبصرہ نگار: نیلم علی راجہ

آپ بیتیاں کتاب کا مطالعہ شروع کیا۔ جس کتاب میں مختلف عنوانات ہوں اس میں پسندیدہ کو ترجیح دیتی ہوں۔
لیڈیز فرسٹ کے مقولے کے مطابق سب سے پہلے ایک خاتون کی آپ بیتی پڑھی۔
بہت زبردست سوانح حیات تھی۔۔۔۔۔ایسا لگا جیسے ان سے آدھی ملاقات ہو گئی ہو۔ آدھی۔۔۔۔۔ زندگی میں کبھی روبرو ہو جائے گی۔ انشاءاللہ۔
نہایت پراثر شخصیت کی حامل خاتون ۔ایسا لگ رہا تھا جیسے زندگی کے اتار چڑھاؤ کو قلم کی سیاہی سے ان کاغذ کے ٹکڑوں میں سمو دیا گیا ہو۔ ایک روانی سی تھی ان کی سوانح حیات میں۔ پڑھتے ہوئے دھیان ادھر ادھر جا ہی نہیں سکا۔
صحیح معنوں میں نفیس خاتون کا لقب ان کو دیا جا سکتا ہے۔
چھوئی موئی سی، نازک جذبات رکھنے والی، حساس دل کی مالک، نہایت دھیمے مزاج کی حامل، بہت پر عزم، وقت کی پابند، ملنسار، پر اعتماد، محبت کرنے والی، رحم دل اور پرکشش شخصیت کی حامل تسنیم جعفری کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں۔
مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ میں ان کی آپ بیتی پڑھنے سے پہلے ان کو بالکل نہیں جانتی تھی اور اب ان کی شخصیت کی فین ہو گئی ہوں۔

تسنیم آپا کا بچپن گھر کے باقی بچوں سے ہٹ کر گزرا۔ والدین کی چھوٹی اولاد ہونے کے ناطے سے گھر بھر کی چہیتی اور مسائل سے نابلد رہیں مگر سب بڑوں کی سنجیدگی بھی اپناتی گئیں۔ ان کی آپ بیتی پڑھتے ہوئے مجھے کہیں کہیں وہ اپنی عمر سے بڑی اور حالات کا مقابلہ کرتے ہوئے حقیقت پسند لگیں۔

بچپن بھائیوں کے ساتھ کھیلتے گزرا۔ بہنیں بھی تھیں مگر بھائیوں کے ساتھ زیادہ وقت بیتا۔ انھی کے کھیل کھیلنا اور ہمہ وقت ان کا ساتھ ان کی بچپن کی یادوں کا ایک حصہ ہے۔
چھوٹی اور لاڈلی بہن ہونے کے ناطے تسنیم آپا کو ان کے بڑے بھائی جو کہ پروفیسر بھی تھے، نے زندگی کے ہر معاملے میں، چاہے وہ گھر ہو، نصابی سرگرمیاں ہوں یا غیر نصابی سرگرمیاں، بہت سپورٹ کیا۔ ہر جگہ ان کی ہمت بندھانے، ساتھ دینے، ڈھال بننے کے ساتھ ساتھ اپنے پروں میں چھپا کے رکھا جیسے کوئی متاع جاں کو رکھتا ہے۔
میرے مشاہدے میں یہ بات ہے کہ جن خواتین کے باپ یا بھائی ان کو بہت سپورٹ کرتے ہیں، ان کا خیال رکھتے ہیں وہ خواتین باقی خواتین کی نسبت بہت مضبوط اور پر اعتماد ہوتی ہیں۔ اسی طرح تسنیم آپا نے اپنی زندگی میں آنے والے ہر چیلنج، ہر مشکل کا مقابلہ بہت بردباری سے کیا۔
چوں کہ سانئس میں دلچسپی تھی اس لیے بچوں کے ادب میں سائنسی موضوعات کو متعارف کروایا جو کہ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں منفرد بات تھی۔

ناصرف لکھنے لکھانے کے شوق کو پروان چڑھایا بلکہ گھریلو ذمہ داریاں بھی بہت احسن طریقے سے انجام دیں۔ والدہ کی بیماری میں ان کا مکمل ساتھ دیا ان کی تیمارداری کرتے ہوئے ایک بہترین بیٹی ہونے کا ثبوت دیا ۔
زندگی کے ہر میدان میں ہر فن مولا اور کامیاب رہی ہیں۔ رشتے نبھانے ہوں، گھر داری ہو، تعلیم ہو۔ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی تعلیمی میدان کی طرح جھنڈے گاڑتی رہی ہیں۔
بھائیوں کی لاڈلی اور رکھ رکھاو والی تسنیم آپا بچوں کی ہر دلعزیز لکھاری تو ہیں ہی اس کے ساتھ ساتھ پینٹنگ کا بھی بے حد شوق رکھتی ہیں۔ اور ایک عمدہ آرٹسٹ کے طور پر بھی اپنا لوہا منواتی رہی ہیں۔ ایک مصور کے طور پر خود کو ناصرف منوایا بلکہ بہت جلد اعلی پائے کے مصوروں میں بھی جگہ بنا لی۔
لکھنے کا سفر ساتھ ساتھ جاری رکھا۔ اور بحیثیت استاد بھی فرائض سرانجام دیتی رہیں۔
تسنیم آپا کو شوق تو سائنس پڑھنے کا تھا مگر روح اور شخصیت میں آرٹ اور ادب رچا بسا ہوا تھا۔ چاہے وہ ڈرائنگ ہو یا پینٹنگ، مضمون نویسی ہو یا کہانی لکھنا۔۔۔۔۔۔ ہر ایک صنف میں خوب مہارت رکھتی ہیں۔
اب تک بہت سے ایوارڈز اپنے نام کر چکی ہیں۔ انھوں نے ادب اطفال کے لکھاریوں کے لیے ایوارڈ کا اجراء کیا۔ تا کہ بچوں کے ادیبوں کو خراج تحسین پیش کر سکیں۔
وہ اس ایوارڈ کا نام اپنے مرحوم والد یا بھائی کے نام پر رکھنا چاہتی تھیں۔ مگر ان کی ادب سے محبت اور محنت کو دیکھتے ہوئے ایوارڈ کو انھی کے نام سے منسوب کرتے ہوئے تسنیم جعفری ایوارڈ تجویز کیا گیا۔
اپنی آپ بیتی میں انھوں نے اپنی کامیابی کا راز کچھ یوں بیان کیا ہے:
"بہت سارے اچھے مقامات پر صبر و تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے، وقت کو شعار بنانا پڑتا ہے تبھی کچھ حاصل ہوتا ہے شاید یہی میری کامیابی کا راز ہے۔"
واقعی وقت کو اہمیت دینے والی شخصیت کیسے ناکام ہو سکتی ہے۔ جس نے ساری زندگی ایک منٹ بھی ضائع کرنے کو گناہ سمجھا ہو۔ جو خوف خدا رکھتی ہو اور سراپا محبت ہو۔
ادب سے ان کی محبت کا عالم یہ ہے کہ صرف بچوں کے لیے ان کی لاتعداد کہانیاں کتابی شکل میں شائع ہو چکی ہیں۔
آپ بیتی کے آخر میں ایک عمدہ پیغام بھی دیا ہے کہ:
"سائنسی میدان میں جو بھی سہولیات حاصل ہیں ان کا فائدہ اٹھائیں، اپنا قیمتی وقت تخلیقی اور تعمیری کاموں میں صرف کریں۔"
یہ پیغام مشعل راہ سے کسی طور بھی کم نہیں ہے۔

محترمہ تسنیم جعفری کی آپ بیتی اور دوسرے بہت سے نامور لکھاریوں کی آپ بیتی پڑھنے کے لیے آج ہی
کتاب: "آپ بیتیاں" خریدیئے۔
کتاب منگوانے کے لیے واٹس ایپ نمبر: 0333.2172372
(محبوب الہی مخمور )
الہی پبلی کیشنز پر رابطہ کریں۔


 

Neelum Ali
About the Author: Neelum Ali Read More Articles by Neelum Ali: 2 Articles with 1974 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.