علم دوست مجلہ 2021پیغام۔
(Dr Rais Samdani, Karachi)
|
علم دوست مجلہ 2021پیغام۔ یہ امر باعث مسرت ہے کہ ادارہ علم دوست پاکستان نے اپنے قیام کے دو سال خوش اسلوبی سے مکمل کر لیے ہیں اور اپنے دوسرے یوم تاسیس کے موقع پر علمی ایوارڈ کی تقریب منعقد کرنے جارہا ہے۔مَیں اس موقع پر ادارہ علم دوست کے صدر جناب شبیر ابن عادل اور ان کی ٹیم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ شبیر ابن عادل کو صحت ِ کاملہ عطا فرمائے انہوں نے علم و ادب کے فروغ کے لیے جو قدم اٹھارکھا ہے وہ اس میں کامیاب و کامران ہوں۔ ادارہ علم دوست کا قیام 9نومبر2020ء کوعمل میں آیا تھا۔ دو سالوں کے دوران صدرِ موصوف اور ان کی ٹیم نے متعدد کامیاب علمی و ادبی تقریبات کا اہتمام کیا۔ان کی محبت اور نوازش کہ انہوں نے مجھے ہر تقریب میں نہ صرف مدعو کیابلکہ صدارت اور مہمان خصوصی جیسے اعزازات سے نوازتے رہے۔ مجھے یہ بھی اعزاز بخشا کہ ادارہ علم دوست کے پہلے یوم تاسیس کے موقع پر انہوں نے مجھ ناچیز کو بھی علمی ایوارڈ برائے سال2020سے سرفراز فرمایا۔ شبیر ابن عادل ناسازی صحت کے باوجودعلمی و ادبی کاموں میں دل و جان سے محنت کر کے تقریب کو چار چاند لگادیتے ہیں۔وہ مجلسی صفات کی حامل شخصیت ہیں۔دھن کے پکے اور کام میں مگن رہنے والے۔ جو ٹھال لیتے ہیں اسے کر کے دکھاتے ہیں۔انہوں نے ادارہ علم دوست کو دو سال میں بامِ عروج پر پہنچا دیا۔ ادارہ علم دوست کا نصب العین ’مطالعہ اور کتاب کلچر کا فروغ ہے‘۔ اپنے اس اہم اور حسین مقصد کے حصول کے لیے ادارہ علم دوست مختلف علمی و ادبی نششتوں کا اہتمام کرتا رہاساتھ ہی ایک ماہانہ آن لائن جریدہ ”علم دوست“ بھی شائع کیا جو اپنے اشاعت برقرار رکھے ہوئے ہے۔لمحہ موجود میں ادبی تقاریب کا انعقاد کرنا، احباب کو تقریبات میں بلا نا، آن لائن جریدے کا اجراء انتہائی مشکل اور صبر آزماں کام ہیں۔ ان کے لیے صبرو استقامت، برداشت و درگزر، ضبط و تحمل، ثابت قدمی، وقت کی قربانی دینے کا حوصلہ درکار ہوتا ہے الحمد اللہ ادارہ علم و ادب کی پوری ٹیم ان صفات کی حامل ہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ ادارہ علم دوست نے کم وقت میں زیادہ کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ایک بار پھر مبارک باد کے ساتھ دعا گو ہوں کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ادارہ علم دوست کے صدر شبیر ابن عال کو صحت کلی عطا فرمائے اور انہیں اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر علمی وا دبی خدمات کو جاری و ساری رکھنے کی توفیق عطافرمائے، آمین۔ ۔۔۔، |