چائنا کا مال کیسا ہوتا ہے ؟
(Munir Bin Bashir, Karachi)
|
بہت عرصہ پہلے فیس بک پر کسی بچے کی انگریزی کی کاپی کا عکس چھپا تھا - اس میں بچے سے متضاد الفاظ پوچھے گئے تھے -ایک لفظ تھا ---- جینئوئن -- (Genuine) -- بچے نے انگریزی میں ہی جواب دیا تھا کہ اس کا متضاد "چائنا " ہوتا ہے - یاد رہے کہ جینئوین کے معنی ایسی مصنوع یا شے جو بالکل صحیح ہو - ھا ھا ھا ----واہ کیسا بدنام ہوا چائنا آپ کے دیس پاکستان میں----- بلکہ دنیا بھر میں ----------- ایسے تو مُنّی بھی بدنام نہیں ہوئی تھی --- اس زمانے کا مقبول گانا تھا “ "منی بدنام ہوئی ڈارلنگ تیرے لئے "
تو چائنا بھی اپنا مال ہر قسم کے طبقات تک پھیلانے کے چکر میں بدنام ہوا -وہ کھلونے جو پہلے صرف امیروں کی دسترس میں تھے اب جھگی میں کھیلتے بچوں کے ہاتھ میں بھی نظر آتے ہیں -یہ الگ بات ہے کہ ان مصنوعات کی زندگی کم ہے لیکن کسی دل میں حسرت تو نہیں رہتی -
چین کی بنی مصنوعات کیسی ہوتی ہیں ؟ اگر یہ سوال کیا جائے تو ہم میں سے اکثر کا جواب یہ ہو گا --- “ گھٹیا -کمتر- بے کار - ناکارہ --اس سے اچھا ہے کہ نہ خریدا جائے “ اور ساتھ ہی ساتھ ہر لفظ کی ادائیگی پر ہمارا چہرہ بھی ایسے ہی تاثرات کا اطہار کرتا رہے گا -
لیکن میں بالکل متفق نہیں-
دراصل بات یہ ہے کہ آپ چین کے تاجر سے کچھ خریدنا چاہیں تو وہ پہلا سوال کرے گا
کتنے کا چا ہیئے ؟
اور آپ جتنے کا کہیں گے اسی حساب سے مال تیارکردے گا- دوسرے الفاظ میں جتنا گڑ کہیں اتنا ہی ڈالے گا لیکن دام بھی اسی حساب سے مانگے گا -اگر آپ کی جیب اجازت دیتی ہے تو لے لیجئے - بننے والی مصنوع یا چیز کی شکل دیکھیں گے تو اورجنل (یعنی اصل شے ) سے پوری طرح مشابہ -ذرہ بھر بھی فرق نہیں --کوئی نہیں پہچان سکتا کہ اصل ہے یا نقل -لیکن اندر ساخت اتنی ردی بلکہ اندرونی ساخت آپ کی ادا کردہ قیمت کے لحاظ سے بنائی جاتی ہے -
اس کی مثال اس طرح لیجئے - آپ کسی خاص کمپنی کا چین میں بنا ہوا کلکو لیٹر (یعنی حساب دان ) لینا چاہتے ہیں --لیجئے صاحب کس نے روکا ہے - اب چینی تاجر سے بات کیجئے وہ -- وہی-- میرا پہلےلکھا ہوا فقرہ ------ سوال کی صورت میں کرے گا کتنی قیمت کا چاھئے ؟
جتنا گڑ ڈالو گے اتنا ہی میٹھا --
شکل دیکھیں تو سب کی ایک جیسی
یہ پہلا کلکولیٹر ہے - اس کا پلاسٹک ایسا ہے کہ گھر یا دفتر کی پہلی منزل سے بھی گرے تو مسکراتا رہے گا -کچھ نہیں ہو گا --مہنگی قیمت کا ------ اب آپ سستا اور ارزاں کرانا چاہتے ہیں کوئی بات نہیں - یہ لیجئے سستا حاضر ہے - اس کا پلاسٹک ایسا ہے کہ آفس میں آپ کی میز یا کرسی سے گر جائے تو کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہو کر آپ کے ہاتھ میں آجائے -لیکن قیمت تو سستی ہوگئی نہ ! دام میں سستا اور سستا کرانا چاہتے ہیں - یہ بھی مسئلہ نہیں --
یہ سب سے صحیح قسم کا کلکولیٹر ہے --آپ اسے سوئمگ پول میں بھی پھینک دیں -- باہر آکر اپنے کام میں لگ جائے کا جیسے کچھ ہوا ہی نہیں -اس کے اندر جو ربڑ کی سیل seal استعمال ہوئی ہیں نہایت ہی اعلی ربڑ کی ہیں - اس کے مقابلے میں دوسرا لیجئے - اس کو ہاتھ میں پکڑیں گے اور اگر گرمی کے سبب پسینہ آگیا تو یہ قطرے اندر گھس کر اسے بیکار بنا دیں گے -اس میں یا تو ربڑ کی سیل استعمال ہی نہیں کی گئی یا کی گئی ہے تو نہایت گھٹیا بلکہ ہو سکتا ہے گتا ہی استعمال کرلیا ہو -- بیرونی شکل میں کوئی تبدیلی نہیں --لیکن دام تو سستے ہوگئے نہ !
یہ لیجئے ایک اور کلکولیٹر مزید سستا - اسمیں وہ ٹکنالوجی ہی نہیں استعمال کی گئی جو پانی کے قطرات کو اندر آنے سے روکے - حالانکہ ربڑ نہایت ہی اعلی ہے - سو قیمت میں اور کمی ہو گئی --
مزید سستا کروانا چاہتے ہیں -- کوئی پرابلم نہیں اور سستا کر دیںگے - آپ لینے والے بنیں - - سب سے اچھا کلکولیٹر ایسا ہے کہ اس کے بٹن کو ہاتھ لگاو تو ٹھک سے ہندسہ اسکرین پر آجاتا ہے - یہ لو ہم نے سستا کردیا ہے -بس اس میں آپ کی انگلیوں کو ذرا زیادہ زور لگانا پڑے گا -دیکھیں نہ قیمت کم کرا رہیں ہیں تو اتنا تو برداشت کرنا ہی پڑے گا - یہاں چین کے تاجروں نے کچھ نہیں کیا بس بٹن کے نیچے واقع ربڑ کی خاصیت میں کمی بیشی کی ہے - انگلیاں تھک جاتی ہیں تو ہر روز دودھ کا ایک گلاس پی لیا کیجئے - جسم کے اعضا کو تقویت دیتا ہے -
ارے صاحب چلے کہاں ؟ اور سستا کر دیتا ہوں - یہ کلکولیٹر لیجئے اسکے بٹن کو چار مہینے استعمال کرتے رہیں گے تو بٹن کے نیچے واقع ربڑ جو اسپرنگ کا کام کرتا ہے جواب دے دے گا --جبکہ صحیح کلکولیٹر چار ماہ تو کیا چار سال بھی استعمال کریں نیچے لگا ہوا اسپرنگ نما ربڑ بالکل اپنی اصل حالت پر رہے گا - لے لیجئے صاحب سستا ہے - چار ماہ بعد گاہک کہاں آپ کے پاس آئے گا -
ارے آپ کہاں اٹھ کر جا رہے ہیں -- بولیں نہ اور سستا والا چاھئے -- لیجئے -- مزید کم قیمت والا بھی حاضر ہے -اس کلکولیٹر میں جو سرکٹ لگا ہے وہ ذرا کم کوالٹی کا ہے - ذرا زیادہ گرمی ہوگی تو گرمی برداشت نہیں کرتا - اسکرین پر کئی صفر نمودار ہو جاتے ہیں - آپ کے ملک میں کونسی زیادہ گرمی پڑتی ہے سستا ہے سستا -
------------------------ سو دوستو یہ ہے چائنا کی ٹکنالوجی ابھی تو ہم نے بٹن پر لکھے ہوئے ہندسوں کی کلر کوالٹی یا رنگ مدھم ہونے کے بارے میں غور نہیں کیا -
ابھی تو اس پر بھی بحث نہیں کی کہ اسکرین کیسا ہو گا ایسا تو نہیں کہ ناخن لگا اور سکریچ یعنی نشان پڑ گیا یا ایسا کہ کھردرے فرش پر بھی رگڑو تو ویسے کا ویسا -
اسی طرح تاروں کو ٹانکا لگانے کی ٹکنالوجی پر روشنی ڈال کر قیمت میں کمی بیشی نہیں کی ورنہ یہ آپ کو مفت میں ہی پڑتا
انٹر یعنی ایف ایس سی میں ہم نے "کم بی نیشن " وغیرہ کے سوال پڑھے تھے کہ پانچ چھ چیزیں کتنے طریقوں سے کمبائین کر سکتے یا جوڑ سکتے ہیں - چین کے تاجر ان چیزوں کے ماہر ہیں اور اسی حساب سے دام کم سے کم اور کوالٹی خراب سے خراب ہوتی جاتی ہے -اب آپ پرمنحصر ہے کہ قیمت پر سمجھوتا کرتے ہیں یا - کوالٹی پر- یہ علم ہونا چا ہئے اسی ملک چین میں صحیح خصوصیات کا سامان بھی بنتا ہے اور امریکہ کی اعلیٰ درجے کی منڈی میں فروخت ہوتا ہے اس پر خصوصی طور پر لکھا ہوتا “ برائے برطانیہ فرانس جرمنی“ |