پاکستان کی 8 خوبصورت ترین سڑکیں - پہلے نمبر پر کونسی؟ ویڈیو دیکھیں

اگر آپ اپنی گاڑی میں اکیلے کہیں جارہے ہیں اور آپ کا سفر سینکڑوں میل طویل ہے تو یقیناً آپ جلد ہی بوریت کا شکار ہوجائیں گے- لیکن اگر پورے سفر کے دوران آپ کو اپنے اردگرد بلند و بالا پہاڑ٬ سرسبز چراہ گاہیں یا شاندار قدرتی نظارے دیکھنے کو ملیں تو آپ کا سفر نہ صرف انتہائی دلچسپ ثابت ہوجائے گا بلکہ آپ کو وقت گزرنے کا پتہ بھی نہیں چلے گا- آج کے آرٹیکل میں ہم آپ کو پاکستان میں واقع ایسی کئی خوبصورت سڑکوں کے بارے میں بتائیں گے جن پر سفر کرنا منزل پر پہنچنے سے زیادہ دلچسپ لگتا ہے-
 
image
پرکشش قدرتی مناظر سے آراستہ نتھیا گلی سے ایبٹ آباد تک تعمیر کی جانے والی یہ خوبصورت سڑک 54 کلومیٹر طویل ہے- اس سڑک پر سفر کرتے ہوئے آپ کو وقت گزرنے کا پتہ ہی نہیں چلتا کیونکہ اس پورے سفر کے دوران آپ کے اردگرد مسلسل بلند و بالا پہاڑ اور ہریالی رہتی ہے اور یہ حسین مناظر آپ کو اپنے سحر میں گرفتار کیے رکھتے ہیں-
 
image
مکران کوسٹل ہائی وے پر سفر کرنا زندگی بھر کے لیے ایک خوبصورت یادگار بن جاتا ہے- دلکش نظاروں کا مالک یہ ہائی وے پاکستان میں موجود بحیرہ عرب کے ساحل کے ساتھ ملحق ہے- یہ ہائی وے صوبہ سندھ کے شہر کراچی سے لے کر صوبے بلوچستان کے شہر گوادر تک 653 کلومیٹر کے ایک وسیع رقبے پر پھیلا ہوا ہے-
 
 
image
اگر آپ ایڈیونچر کے شوقین ہیں تو پھر آپ کو گلگت بلتستان میں واقع اس شاہراہ کا سفر ضرور کرنا چاہیے- یہ خوبصورت سڑک شاہراہ قراقرم کا ایک حصہ ہے جو پاسو کونز سے جا ملتی ہے- اس سڑک پر کیا جانے والا سفر بھی انتہائی دلچسپ ثابت ہوتا ہے جس کی بنیادی وجہ پرکشش قدرتی مناظر ہیں جو آپ کو بور نہیں ہونے دیتے-
 
image
وادی شگر کی یہ سڑک 170 کلومیٹر طویل ہے اور اسکردو سے اسکولے کے درمیان دریائے شگر کے ساتھ ملحق ہے- دریا اس سڑک کے حسن میں چار چاند لگا دیتا ہے اور یہاں سے گزرنے والے مسافر کبھی یہاں کی خوبصورتی کو فراموش نہیں کرپاتے- اگر آپ خوبصورت راستوں کے شوقین ہیں تو پھر آپ کو اس سڑک کا سفر ضرور کرنا چاہیے-
 
image
گوجال روڈ کے نام سے مشہور یہ حسین و جمیل سڑک گلمت گاؤں سے گزرتی ہے- اس سڑک پر سفر کے دوران آپ کا واسطہ متعدد خوبصورت اور پرکشش مناظر سے پڑتا ہے- یہاں سے گزرتے ہوئے تازہ ہوا کے جھونکے اور بلند پہاڑ پورے سفر کے دوران آپ کو اپنی جانب متوجہ کیے رکھتے ہیں-
 
image
پیر سوہاوہ کے نام سے مشہور مارگلہ پہاڑیوں کے درمیان سے گزرنے والی یہ سڑک خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہے - قدرتی نظاروں سے محبت کرنے والوں کے لیے یہ مقام کسی جنت سے کم نہیں- کیا آپ تصور کرسکتے ہیں جب یہاں ہلکی ہلکی بوندا باندی ہوتی ہے تو یہ سڑک کتنا حسین منظر پیش کرتی ہوگی اور یہاں سے گزرنے والے افراد کو کتنا لطف آتا ہوگا؟
 
image
سانپ کی مانند بل کھاتی یہ عجیب و غریب سڑک آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں واقع ہے- اس سڑک پر سفر کے دوران انسان کو دور دور تک صرف ہرے بھرے درخت اور آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچاتی گھاس ہی نظر آتی ہے- یہاں کی خوبصورتی لفظوں میں بیان کرنا ناممکن ہے اس لیے ضروری ہے کہ آپ کو جب بھی موقع پر ملے اس سڑک کا سفر ضرور کریں-
 
image
اب ہم آپ کو اس سڑک کے بارے میں بتائیں گے جسے پاکستان کی سب سے خوبصورت سڑک ہونے کا اعزاز حاصل ہے- جی ہاں ہم بات قراقرم ہائی وے کی جس سے گزرتے ہوئے لاتعداد حسین اور دلفریب نظارے آپ کے منتظر ہوتے ہیں- اس ہائی وے کو دنیا کا 8واں عجوبہ بھی قرار دیا جاتا ہے- یہ ہائی وے چین اور پاکستان کو آپس میں منسلک کرتی ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: