کیا میں عجیب ہوں؟

مجھے پرانی کتابیں پسند ہیں ۔ مجھے شاعری پڑھنا اور لکھنا پسند ہے ۔اور مجھے آج بھی خط و خطابت پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں؟

مجھےچھوٹے اور مدھم روشن گھر پسند ہیں ۔مجھے ان گھروں میں برآمندے، جن کے سامنے گھنے اور بوڑھے درخت سایہ دیتے ہوں، پسند ہیں۔ اور ان چھوٹے سے گھروں میں ڈھیر سے لوگوں کا رہہنا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں؟

مجھے بزرگوں میں بیٹھنا پسند ہے ۔ ان کے گزرے وقتوں کے قصے کہانیاں سننا پسند ہے ۔ اور مجھےگرم گرم چاٸے پینا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں؟

مجھے کھڑکیاں کھلی رکھنا پسند ہے ۔ مجھے پرندوں کے چہچہانے کی آوازیں سننا پسند ہے ۔ اور مجھے بارش میں گیلی مٹی کی خوشبو سونگھنا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں؟

مجھے میڈم کی بجاٸے باجی جی کہلانا پسند ہے۔ مجھے اپنی گاڑی کا دروازہ خود کھولنا پسند ہے۔ اور مجھے آج بھی بالٹی میں پانی بھر کر نہانہ پسند ہے۔ کیا میں عجیب ہوں ؟

مجھے پھیری والوں سے خریدنا پسند ہے ۔ ان سے ان کا حال احوال پوچھنا پسند ہے ۔ اور دکان کے باہر بیٹھے چوکیدار سے مسکرا کر سلام کرنا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں؟

مجھے جھگڑنا اور جھگڑ کر صلح کرنا پسند ہے ۔مجھے نا مکملیت پسند ہے ۔ اور مجھے بے ضرر خامیوں کے ساتھ جینا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں؟

مجھے اپنی چیزوں کو رکھ کر بھول جانا پسند ہے ۔ ضرورت پڑنے پر تمام گھر کو الٹ پلٹ کر کہ ڈھونڈنا پسند ہے ۔ اور ڈھونڈ کر پھر سے سمیٹنا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں ؟

مجھے رشتوں میں حق جمانا پسند ہے ۔ مجھے اپنوں سے محبت کرنا پسند ہے ۔اور اُس محبت کا اظہار کرنا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں ؟

مجھے مِس کال کا فوراً جواب دینا پسند ہے ۔ مجھے پہلی گھنٹی پر فون اٹھانا پسند ۔ اور فون پر اونچی آواز میں بات کرنا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں؟

مجھے اپنوں کا ضرورت میں وقت بے وقت مخل کرنا پسند ہے ۔ مجھے غیروں پر رشتوں کو فوقیت دینا پسند ہے ۔ اور مجھےاپنے کٸے وعدے نبھانا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں ؟

مجھے جلد سونا اور سویرے جاگنا پسند ہے ۔ مجھے دن میں کام کرنا پسند ہے اور رات ہوتے ہی کام کو ادھورا چھوڑ کر آرام کرنا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں؟

مجھے گزرے وقتوں کو یاد کرنا پسند ہے ۔فارغ وقت میں پرانی البم کی پرانی تصویروں کو دیکھنا پسند ہے ۔ اور دیکھتے دیکھتے اُن لمحوں میں کھو کر کبھی ہنسنا اور کبھی رو دینا پسند ہے ۔ کیا میں عجیب ہوں؟

Saima Qureshi
About the Author: Saima Qureshi Read More Articles by Saima Qureshi: 17 Articles with 12573 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.