پچھتر سالہ ماں کو بائیک پر پورا پاکستان گھمانے کا ذمہ لے لیا، سفر ختم کرنے پر ایسے تحائف مل گئے جس نے زندگی بدل ڈالی

image
 
ماں کے قدموں تلے جنت ہے اور ماں کی خدمت کا حکم تو سب ہی نے سنا بھی ہوگا اور ہر انسان کی کوشش یہی ہوتی ہے کہ اگر اس کی ماں بوڑھی ہو جائے تو وہ اس کے آرام کا ہر طریقے سے خیال رکھے اور ایسا کوئی عمل نہ کرے جو اس کے لیے تکلیف کا سبب بنے-
 
مگر ایسے انسان کے بارے میں پہلی بار سنا ہوگا جو 75 سال کی ماں کو بائیک پر بٹھا کر پورا پاکستان گھمانے کے لیے لے جائے اور پاکستان دیکھنے کی اس کی خواہش کو اس طرح سے پورا کرے جو کہ ایک مثال بن جائے-
 
قدیر گیلانی جس کا تعلق لاہور سے ہے اور جو شوقیہ طور پر ایک بائک رائڈر ہیں اور اپنی بائک پر بیٹھ کر پورے ملک کا سفر کرتے ہیں- ان کو ان کی 75 سالہ ماں کبریٰ بی بی نے جب یہ بتایا کہ وہ بھی ان کی طرح پورا ملک گھومنا چاہتی ہیں تو فرمانبردار بیٹے نے ماں کی اس خواہش کی تکمیل کے لیے ان کو اپنے پیچھے بائک پر بٹھا کر گھمانا شروع کر دیا-
 
انہوں نے اپنے سفر کا آغاز لاہور سے مانسہرہ تک کیا جو کہ تین دن کا ٹور تھا- اس ٹور نے ان کی ہمت بندھائی اور ان کو محسوس ہوا کہ ان کی ماں ایک باحوصلہ خاتون ہیں اور وہ اس طرح سفر کر سکتی ہیں اس میں انہوں نے بالا کوٹ ، ناران کاغان اور شمالی علاقہ جات دیکھے -
 
image
 
اس کے بعد انہوں نے ایک مہینے کا ٹور پلان کیا جس میں انہوں نے کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے کئی علاقوں کا اپنی ماں کے ہمراہ دورہ کیا- اپنی ماں کے سفر کے حوانے سے قدیر گیلانی کا یہ کہنا ہے کہ سفر کے دوران وہ تھک جاتے تھے مگر ان کی ماں کا حوصلہ مثالی ہوتا تھا-
 
قدیر کا کہنا تھا کہ کے پی کے اور شمالی علاقہ جات کے لوگوں کی مہمان نوازی مثالی ہے یہ لوگ ان کو رہائش کے لیے نہ صرف اپنے گھر پیش کرتے تھے بلکہ مہمان کا بہت احترام کرتے تھے۔ قدیر گیلانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگرچہ انہوں نے اپنے بیوی بچوں کے ساتھ بھی سفر کیا ہے مگر اپنی ماں کے ساتھ سفر ان کے لیے سب سے یاد گار سفر ہوتا ہے-
 
ان کے اس سفر کی ویڈیو اور کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اب تک دو بائک تحفے میں مل چکی ہیں- اپنے اس سفر کی ویڈيو انہوں نے سوزوکی کمپنی کے ایک مقابلے میں جب ویڈيو اپ لوڈ کی تو اس کے بدلے میں ان کو سوزوکی کمپنی نے بھی پہلے نام سے نوازہ اور اس کے بدلے میں ان کو آلٹو کار بھی ملی-
 
image
 
اپنی ماں کے ساتھ سفر کےحوالے سے ان کا یہ کہنا ہے کہ ایسا کبھی بھی نہیں ہوا کہ ان کی بائک کبھی پنکچر ہوئی ہو ماں کے ساتھ اس سفر میں کسی قسم کی کوئی مشکلات نہیں ہوئيں- ان کی خواہش ہے کہ اگر ان کو ویزہ مل جائے تو وہ اپنی ماں کےساتھ عمرہ کے سفر پر بائک پر ہی جانا چاہتے ہیں-
 
اس کے علاوہ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ بلوچستان کے سفر کو بھی پلان کر رہے ہیں اور جلد ہی اپنی ماں کو لے کر وہاں بھی جانا چاہتے ہیں- اس حوالے سے ان کی ماں کا یہ بھی کہنا ہے کہ دوسری عورتوں کو بھی چاہیے کہ عمر کو بنیاد بنا کر گھر میں نہ بیٹھیں بلکہ اپنے وقت کا اچھا استعمال کریں اور نئی نئی چیزوں کو دریافت کریں-
 
image
YOU MAY ALSO LIKE: