دنیا کا پہلا فائیو جی ہائی اسپیڈ ٹرین اسٹوڈیو

چائنا میڈیا گروپ نے ہائی اسپیڈ ٹرین پر دنیا کے پہلےفائیو جی لائیو اسٹریمنگ اسٹوڈیو کے ساتھ دنیا کو دنگ کر دیا ہے اور عالمی میڈیا کو نشریات کی ایک نئی جہت سے متعارف کروایا ہے۔ سی ایم جی نے ابھی حال ہی میں چین کے دارالحکومت بیجنگ کو سرمائی اولمپکس 2022 کے میزبان شہر چھیانگ جیا کھو سے ملانے والی ہائی اسپیڈ ریلوے لائن پر اپنے نئے، جدید ترین لائیو اسٹریمنگ اسٹوڈیو کی نقاب کشائی کی، جو جدید ٹیکنالوجی کے متعدد شعبہ جات میں ملک کی برتری کا عمدہ مظہر ہے۔ 350 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی بلٹ ٹرین سے الٹرا ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز کو لائیو سٹریم کرنا کسی بھی طور پر ایک آسان کام نہیں ہے مگر چائنا میڈیا گروپ نے اس مشکل چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ یہ اسٹوڈیو ہائی اسپیڈ ٹرین سے الٹرا ہائی ڈیفینیشن ٹی وی لائیو براڈکاسٹنگ کے لیے 5G+4K/8K+AI ٹیکنالوجی کی نئی ایپلی کیشن سے آراستہ ہے۔ دوسری جانب یہ پیش رفت فائیو جی ، الٹرا ہائی ڈیفینیشن ڈسپلے، اور ہائی اسپییڈ ٹرین نیٹ ورکس میں چین کی تکنیکی مہارت کا بہترین مظاہرہ ہے۔اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چائنا میڈیا گروپ کو ، چائنا ریلوے، چائنا ریلوے بیجنگ گروپ، چائنا یونی کام، اور چائنا موبائل کا تعاون حاصل رہا جنہوں نے ہائی اسپیڈ ٹرین میں قابل اعتماد اور لچکدار 5G سگنلز کو برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل کو یکجا کیا اور 5G سہولیات نصب کیں۔

سرمائی گیمز کی کوریج پر مامور صحافی مستحکم اور تیز رفتار 4K ٹرانسمیشن کے ساتھ کسی بھی مقام سے مہمانوں سے بات کرنے کے لیے ورچوئل ٹیکنالوجیز کا استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم، ناظرین کو ایسا گمان ہوتا ہے کہ جیسے وہ ایک ہی اسٹوڈیو میں موجود ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے صحافی سرمائی اولمپکس کے دوران بناء کسی جغرافیائی بندش کے انٹرویوز کر سکیں گے۔چائنا میڈیا گروپ اولمپک براڈکاسٹ سروسز کے ساتھ مل کر اعلیٰ ریزولیوشن، واضح اور درستگی کے حامل کئی ایونٹس کی بہترین و معیاری کوریج کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔کھیلوں کے دوران ناظرین سست رفتار ری پلے کی مدد سے تیز رفتار ایتھلیٹس کو متعدد زاویوں سے دیکھ سکیں گے جبکہ مختلف مقابلوں کے پانچ سے دس سیکنڈ کے اندر ایڈیٹرز بہترین لمحات تلاش کرتے ہوئے ناظرین کو ری پلے دکھا سکیں گے ۔ سی ایم جی اپنی لائیو فیڈز میں بتدریج 4Kمانیٹرز، یا الٹرا ایچ ڈی مانیٹرز کو شامل کر رہا ہے،4K پر اپ گریڈیشن کے بعد تصویری معیار اور کلر کوالٹی دونوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

یہ ہائی اسپیڈ ٹرین 170 کلومیٹر سے زائد کا یک طرفہ سفر 56 منٹ میں مکمل کرے گی ۔ اس کے علاوہ، ٹرین میں مستحکم سگنل کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے ایکسپریس ریلوے کے ساتھ 400 سے زائد فائیو جی بیس اسٹیشن نصب کیے گئے ہیں۔یہ نہ صرف سرمائی اولمپک میں شرکت کرنے والوں کے لیے تیز رفتار اور قابل اعتماد ٹرانسپورٹ فراہم کرے گی بلکہ مستقبل میں میڈیا اور پبلک ٹرانسپورٹ کے درمیان انضمام کو بھی گہرا کر نے میں انتہائی معاون ثابت ہو گی۔اس کے علاوہ، یہ ٹی وی پروگراموں اور موبائل ایپس کے لیے ورچوئل پروڈکشن اور ملٹی پارٹی کنکشن سروسز فراہم کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ٹرین میں پروگرام کے سلسلے کو فائیو جی نیٹ ورک کے ذریعے تمام نیوز اسٹوڈیوز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر حقیقی وقت میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔

یہ بات قابل زکر ہے کہ متعدد ٹی وی چینلز اور چائنا میڈیا گروپ کے نیو میڈیا پلیٹ فارمز 4 فروری سے شروع ہونے سرمائی اولمپکس کے دوران ورچوئل انٹرویوز اور لائیو اسٹریمنگ کے لیے ہائی اسپیڈ ٹرین اسٹوڈیو کا استعمال کر سکیں گے اور دنیا بھر کے ناظرین جدید ترین نشریاتی ٹیکنالوجی کی مدد سے بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 کی اعلیٰ معیار کی کوریج سے محظوظ ہو سکیں گے ۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 961 Articles with 398653 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More