وہ چیز جو آپ کو ملازمت سے محروم کرسکتی ہے... آفس میں ہونے والی سیاست سے کیسے بچیں؟

image
 
پاکستان میں سیاست صرف سیاستدانوں تک ہی محدود نہیں بلکہ ہر جگہ سیاست کا عنصر موجود ہوتا ہے اور خاص طور پر دفاتر میں ساتھیوں کیخلاف سیاست بھی ایک المناک حقیقت ہے اور اس سیاست کی وجہ سے بعض اوقات حقدار اپنے حق سے محروم اور نااہل اہم عہدوں پر بھی پہنچ جاتے ہیں۔ اب ہمیں کام بھی کرنا ہے اور سیاست سے بچنا بھی ہے تو ایسا کیا کیا جائے کہ ہم کام کی جگہوں (Workplace)پر سیاست محفوظ رہ سکیں۔ بصورت دیگر معاملہ اس حد تک بھی بڑھ سکتا ہے کہ آپ کو نوکری چھوڑنا پڑ سکتی ہے-
 
ذاتیات کے بجائے پروفیشنل رویہ
سب سے پہلے تو ہمیں کرنا یہ چاہیے کہ ایک پروفیشنل رویہ اختیار کریں اور ذاتیات میں الجھنے کے بجائے اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھیں کیونکہ جب آپ غیر ضروری طور پر ساتھیوں کی ذات میں دلچسپی لیں گے تو یہاں پروفیشنل معاملات میں خرابی کا اندیشہ ہوتا ہے- جس سے آپ کی کمی اور خامیاں دوسروں پر عیاں ہوکر آپ کیلئے مشکلات کا سبب بن سکتی ہیں۔
 
اپنی ذمہ داری اور مرتبے کا خیال رکھیں
اکثر دفاتر میں دیکھا یہ جاتا ہے کہ ملازمین اپنے امور کی انجام دہی کے بجائے دوسروں کے کام میں مداخلت کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں- جس کے بعد دوسرے بھی موقع کی تاک میں رہتے ہیں اور موقع ملتے ہی آپ کیخلاف سازش کا جال بن دیتے ہیں۔ اس لئے آپ کو کوشش یہ کرنی چاہیے کہ اپنی ذمہ داری اور مرتبے کا خیال رکھیں اور غیر ضروری امور میں مداخلت سے گریز کریں۔
 
سنی سنائی باتوں پر دھیان نہ دیں
کام کی جگہوں پر جہاں آپ بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں وہاں سنی سنائی باتوں (Gossip)کا چرچا بھی خوب ہوتا ہے ۔آپ کو کرنا یہ ہے کہ ان سنی سنائی باتوں کو سنجیدہ لینے بجائے اگنور کرنا سیکھیں اور ایسی غیر صحت مند سرگرمیوں(Unhealthy activities) میں حصہ نہ لیں جس سے دوسروں کا رجحان آپ کی طرف کم ہوجائے گا۔
 
image
 
ساتھیوں کو بالکل نظر انداز نہ کریں
بعض اوقات آپ کا بالکل روکھا رویہ بھی آپ کے خلاف سازش کے تانے بانے بنُنے کا سبب بنتا ہے کیونکہ اکثر ساتھی آپ کے رویہ کو لے کر آپ سے غیر ضروری باتیں منسوب کرنا شروع کردیتے ہیں- اس لئے ساتھیوں سے ایک حد تک بات چیت ضرور کریں تاکہ وہ آپ سے متنفر ہوکر آپ کیخلاف کوئی منفی رائے قائم نہ کریں۔
 
جی حضوری سے گریز کریں
دفاتر میں جی حضوری سے کرنے والوں کو بادی النظر میں ایک خاص مقام حاصل ہوتا ہے لیکن حقیقت میں ہر اسٹاف ایسے لوگوں کیلئے پیٹھ پیچھے انتہائی نامناسب رائے رکھتا ہے-- اس لئے غیر ضروری طور پر جی حضوری کرنے کے بجائے ایک واضح مؤقف رکھیں اور خود کو ایک مناسب درجہ پر رکھیں تاکہ آپ پر جی حضوری کا ٹھپہ نہ لگ سکے۔
 
گروپ بندی سے دور رہیں
دفاتر میں گروپ بندی کا معاملہ بہت عام ہے، کسی بھی دفتر میں بااثر افراد گروپ بندی کرکے دوسروں پر رعب جمانا پسند کرتے ہیں- لیکن آپ کوشش کریں کہ گروپ بندی سے دور رہیں اور خود کو اپنے کام کی حد تک محدود رکھیں تاکہ آپ غیر ضروری تنازعات میں اپنی توانائی صرف نہ کریں۔
 
دوسروں کیلئے غلط رائے نہ دیں
کام کی جگہ پر دوسروں کیلئے القابات اور رائے بھی آپ کیخلاف سیاست کا ایک بڑا سبب بن سکتی ہے۔ کبھی بھی مالکان، ساتھی اسٹاف یا نچلے اسٹاف کے ساتھ دوسروں کی برائی نہ کریں۔ اگر آپ کو کسی کی کوئی بات یا عادت ناگوار بھی گزرتی ہے تو اس کو نظر انداز کریں کیونکہ آپ کی کسی کے سامنے دی گئی رائے آپ کو سیاست کی دلدل میں دھکیل سکتی ہے۔
 
image
 
درست اور غلط کیلئے مناسب الفاظ کا چناؤ
یاد رکھیں کہ آپ کے الفاظ کی ادائیگی آپ کو فرش سے عرش اور عرش سے فرش پر پہنچاسکتی ہے۔ رائے دیتے وقت ہمیشہ مناسب الفاظ کا استعمال کریں اور سامنے والے کو یکسر مسترد کرنے کے بجائے شائستگی سے اپنی بات سامنے والے تک پہنچائیں تاکہ آپ کی عزت بھی برقرار رہے اور آپ کیخلاف کوئی محاذ کھڑا نہ ہوسکے۔
 
مالکان سے ایک مناسب فاصلہ برقرار رکھیں
اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ مالکان سے براہ راست منسلک ملازمین سے ساتھیوں کا رویہ تیکھا اور بعض اوقات طنزیہ بھی ہوتا ہے اور دفتر میں ہونیوالی کسی بھی بدمزگی کا الزام باس کے زیادہ قریبی یا چہیتے ملازمین پر لگا دیا جاتا ہے۔ اس لئے مالکان سے ایک مناسب فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ مالکان اور ساتھیوں کی نظر میں آپ کی عزت یکساں طور پر برقرار رہے۔
 
نچلے ملازمین سے معتدل رویہ
دفاتر میں ہونیوالی سیاست میں نچلے ملازمین (Lower staff) کا بہت اہم یا سب سے زیادہ کردار ہوتا ہے کیونکہ لوئر اسٹاف بلا روک ٹوک مالکان اور ملازمین تک رسائی رکھتے ہیں اور یہاں کی وہاں پہنچانے اور اپنے پاس سے افواہیں پھیلانے میں بہت بڑا کردار ادا کرتے ہیں۔ نچلے اسٹاف کے ساتھ معتدل رویہ رکھیں بہت زیادہ دوستانہ یا حاکمانہ رویہ آپ کیلئے مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔
YOU MAY ALSO LIKE: