توشہ خانہ اور عمران خان

عمران خان جب حزب اختلاف میں تھے تو نہ صرف توشہ خانے سے رعایتی دام پر تحفے لینے کو غلط بتایا کرتے تھے بلکہ اپنے بھاشن میں اسرائیلی وزیراعظم کے خلاف تحفے لینے کے الزامات کی تحقیقات کے حوالے دیتے اور اسرائیلی نظام انصاف کی اس حوالے سے تعریف کرتے کہ وہ ایک وزیراعظم کے خلاف بھی تحفے ہڑپ کر جانے کی تحقیق کرتا ہے، جب حکومت میں آئے تو آصف علی زرداری اور نواز شریف کے خلاف مہنگے تحائف توشہ خانہ سے کم قیمت پر خریدنے کے الزام میں نیب کے ذریعے مقدمات بنوائے، ان مقدمات میں یہ دونوں طویل عرصہ تک پیشیاں بھی بھگتے رہے اور ضمانتیں بھی کروائیں۔
اب خود پر بات آئی ہے تو عذر لنگ تراشے جا رہے ہیں ایک طرف کہتے ہیں عمران خان کو کسی تحفہ کے بیچنے کی ضرورت ہی نہیں اس کا تو ایک آٹو گراف اس کے پرستار کروڑوں میں خرید لیتے ہیں، تو دوسری طرف کہا جا رہا ہے کہ یہ تحفے عمران کو ملے تھے، توشہ خانہ میں جمع کرائے اور پھر قانون کے مطابق خرید کر بیچ دیے کون سا جرم کیا ہے؟ حالانکہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ تحفے عمران کو نہیں وزیراعظم پاکستان کو ملے تھے، قوانین کے مطابق وزیراعظم ایسے تحائف توشہ خانہ میں جمع کروانے کا پابند ہے، البتہ جمع کروانے کے بعد اگر وہ چاہے تو رعایتی نرخ پر خرید سکتا ہے، مگر یہ رعایتی نرخ ایسا نہ ہو کہ جس سے قومی خزانے کو بڑا نقصان پہنچے، لہٰذا ایک عمومی اصول کے مطابق 50فی صد تک رعایت دی جا سکتی ہے، یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ تحفے مفت نہیں ملتے، ہر وصول شدہ تحفے کے بدلے حکومت پاکستان بھی غیر ملکی مہمانان کو تحفے تحائف دیتی ہے۔ اس لیے ایسے تحائف کا اخلاقی تقاضا یہ ہے آپ وہی تحفہ توشہ خانہ سے خریدیں جسے آپ رکھنا چاہتے ہوں، نہ کہ ان تحائف کی بے توقیری کرتے ہوئے انہیں بیچ کر پیسے بنانے کا دھندہ شروع کردیں۔

اس ضمن میں مزید عرض ہے کہ عمران خان کا جرم وہی ہے جس پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے خلاف کارروائی کا وہ خود حوالہ دیتے تھے، یہ وہی جرم ہے جس پر عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کو نیب کے ذریعے مقدمات میں فٹ کروا دیا تھا تاکہ ان کے خلاف کرپشن کے بیانیہ کو تقویت ملے، دوسری بات یہ کہ عمران خان کے اپنے بیان کے مطابق ان کا تو بطور وزیراعظم ملنے والی لاکھوں روپے تنخواہ میں گزارہ ہی نہیں ہوتا اور مبینہ طور پر ان کے گھر کا خرچہ ترین اور علیم جیسی اے ٹی ایمز چلاتی رہی ہیں یا پھر شوکت خانم کے زکواۃ کے پیسوں سے چلتا رہا ہے، تو پھر عمران خان کے پاس اتنے قیمتی تحفے خریدنے کے لیے کروڑوں روپے کہاں سے آئے؟ کیا یہ کسی تیسری پارٹی سے سرمایہ کاری کروائی گئی تھی کہ تحفہ بیچ کر سود سمیت ادا کردیں گے اور خود بھی کمائیں گے؟ تیسری بات اگر آپ نے جائز ذرائع آمدن سے یہ تحائف خریدے تو ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کیوں نہ کیے؟ کیا اس طرح آپ نے ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کا جرم نہیں کیا؟ اور چوتھی بات کہ جب تک آپ بطور وزیراعظم حکومت میں تھے توشہ خانے کا ریکارڈ کیوں نہیں کھول رہے تھے؟ اگر یہ کوئی جرم تھا ہی نہیں تو پردہ پوشی کس بات کی تھی؟ کیا اب دوست ممالک میں بدنامی اور جگ ہنسائی نہیں ہورہی؟

اب تک ملنے والے اطلاع کے مطابق عمران خان کو بطور وزیراعظم 58 مختلف مواقع پر 100 سے زائد تحائف ملے جن میں سے بعض تو سرکاری خزانے میں جمع ہی نہیں کروائے گئے، یہ بذات خود ایک جرم ہے، اور پھر جو تحائف جمع کروائے گے انہیں 20فی صد تک کی قلیل رقم کے عوض خریدا گیا، ایسا کرنا خواہ قانونی جرم نہ ہو مگر حب الوطنی اور ریاست مدینہ کے درس دینے والوں کو یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ سرکاری خزانے کو اس بے دردی سے لوٹیں۔

اور آخری بات اخلاقی طور پر کسی کا دیا ہوا تحفہ، خواہ آپ نے توشہ خانے سے قانون کے مطابق خرید ہی کیوں نہ لیا ہو، فروخت کرنا کوئی باعزت، باوقار یا قابل فخر کام ہے؟ ایسی کیا ضرورت آن پڑی تھی کہ نوبت تحفے بیچنے تک آ گئی؟ اور یہی بات آپ کی بدنیتی (تحفے کم قیمت پر خرید کر مہنگے بیچ کر پیسے کمانا) کو ظاہر کرتی ہے، یہی آخری بات دراصل آپ کے گھٹیا پن اور نو دولتیے ہونے کو ظاہر کرتی ہے کہ آپ کو تحفہ دینے والے کے جذبے اور تحفے کی قدر قیمت کا کوئی اندازہ ہی نہیں ہے۔ آپ کے لیے تو چند ٹکے ان جذبات اور تعلقات سے زیادہ اہم ہیں، اسی لیے تحفے بیچ دیے۔
 

Qazi Nadeem Ul Hassan
About the Author: Qazi Nadeem Ul Hassan Read More Articles by Qazi Nadeem Ul Hassan : 155 Articles with 164171 views Civil Engineer .. View More