از۔۔۔۔بابرالیاس
معارف الحدیث - کتاب الطہارت - حدیث نمبر 426
عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ : قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ
وَسَلَّمَ : " السِّوَاكُ مَطْهَرَةٌ لِلْفَمِ ، مَرْضَاةٌ لِلرَّبِّ "
(رواه الشافعى واحمد والدارمى والنسائى وروى البخارى فى صحيحه بلا اسناد)
حضرت عائشہ صدیقہ ؓسے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا " مسواک منہ
کو بہت زیادہ پاک صاف کرنے والی اور اللہ تعالیٰ کو بہت زیادہ خوش کرنے
والی چیز ہے "۔ (مسند امام شافعی، مسند احمد، سنن دارمی، سنن نسائی۔ نیز
صحیح بخاری میں امام بخاری نے بھی اس حدیث کو بلا اسناد یعنی تعلیقاً روایت
کیا ہے۔)
تشریح
طہارت و نظافت کے سلسلہ میں رسول اللہ ﷺ نے جن چیزوں پر خاص طور سے زور دیا
ہے اور بڑی تاکید فرمائی ہے ان میں سے ایک مسواک بھی ہے۔ ایک حدیث میں آپ
ﷺ نے یہاں تک فرمایا ہے کہ اگر مجھے یہ خیال نہ ہوتا کہ میری امت پر بہت
مشقت پڑ جائے گی تو میں ہر نماز کے وقت مسواک کرنا ان پر لازم کر دیتا۔
مسواک کے جو طبی فوائد ہیں اور بہت سے امراض سے اس کی وجہ سے جو تحفظ ہوتا
ہے آج کل کا ہر صاحبِ شعور اسسے کچھ نہ کچھ واقف ہے۔ لیکن دینی نقطہ نگاہ
سے اس کی اصل اہمیت یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کو بہت زیادہ راضی کرنے والا
عمل ہے۔ اس مختصر تمہید کے بعد مسواک کی ترغیب و تاکید کے بارے میں رسول
اللہ ﷺ کے چند ارشادات پڑھئے! تشریح .....
کسی چیز میں حسن کے دو پہلو ہو سکتے ہیں ایک یہ کہ وہ حیاۃ دنیا کے لحاظ سے
فائدہ مند اور عام انسانو کے نزدیک پسندیدہ ہو اور دوسرے یہ کہ وہ اللہ
تعالیٰ کی محبوب اور اجر اخروی کا وسیلہ ہو۔ رسول اللہ ﷺ نے اس حدیث میں
بتلایا ہے کہ مسواک میں یہ دونوں چیزیں جمع ہیں، اس سے منہ کی صفائی ہوتی
ہے، گندے اور مضر مادے خارج ہو جاتے ہیں۔ منہ کی بدبو زائل ہو جاتی ہے، یہ
اس کے نقد دنیوی فوائد ہیں اور دوسرا اخروی اور ابدی نفع اس کا یہ ہے کہ وہ
اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہونے کا بھی خاص وسیلہ ہے۔
عَنْ شُرَيْحِ بْنِ هَانِى عَنِ قَالَ : سَأَلْتُ عَائِشَةَ بِأَيِّ شَيْءٍ
كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَبْدَأُ إِذَا
دَخَلَ بَيْتَهُ؟ قَالَتْ : « بِالسِّوَاكِ. (رواه مسلم)
شریح بن ہانیؓ سے روایت ہے کہ میں نے ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے
پوچھا کہ رسول اللہ ﷺ جب باہر سے گھر میں تشریف لاتے تھو تو سب سے پہلے کیا
کام کرتے تھے؟ تو انہوں نے فرمایا کہ سب سے پہلے آپ ﷺ مسواک فرماتے تھے۔
(صحیح مسلم)
معارف الحدیث - کتاب الطہارت - حدیث نمبر 432
عَنْ أَبِي أَيُّوبَ قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ
وَسَلَّمَ : أَرْبَعٌ مِنْ سُنَنِ الْمُرْسَلِينَ : الحَيَاءُ ،
وَالتَّعَطُّرُ ، وَالسِّوَاكُ ، وَالنِّكَاحُ. (رواه الترمذى)
مسواک سنت انبیاء اور تقاضائے فطرت
حضرت ابو ایوب انصاری ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا چار
چیزیں پیغمبروں کی سنتوں میں سے ہیں۔ ایک حیاء، دوسرے خوشبو لگانا، تیسرے
مسواک کرنا اور چوتھے نکاح کرنا۔ (جامع ترمذی)
تشریح
رسول اللہ ﷺ نے اس حدیث میں یہ بتلا کر کہ یہ چاروں چیزیں اللہ کے پیغمبروں
کی سنتیں اور ان کے معمولات میں سے ہیں اپنی امت کو ان کی ترغیب دی ہے اور
بلا شبہ یہ بڑی مؤثر ترغیب ہے۔ حیا کے بارے میں کتاب الاخلاق میں تفصیل سے
لکھا جا چکا ہے، نکاح کے بارہ میں ان شاء اللہ کتاب النکاح میں لکھا جائے
گا۔ تعطر یعنی خوشبو لگانا بڑی محبوب صفت ہے، انسان کے روحانی اور ملکوتی
تقاضوں میں سے ہے اس سے روح اور قلب کو ایک خاص نشاط حاصل ہوتا ہے، عبادت
میں کیف اور ذوق پیدا ہوتا ہے اور اللہ کے دوسرے بندوں کو بھی راحت پہنچتی
ہے اس لیے تمام انبیاء علیہم السلام اور اللہ تعالیٰ کے سارے اچھے بندوں کی
محبوب سنت ہے۔
معارف الحدیث - کتاب الطہارت - حدیث نمبر 433
عَنْ عَائِشَةَ ، قَالَتْ : قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ
وَسَلَّمَ : " عَشْرٌ مِنَ الْفِطْرَةِ : قَصُّ الشَّارِبِ ، وَإِعْفَاءُ
اللِّحْيَةِ ، وَالسِّوَاكُ ، وَاسْتِنْشَاقُ الْمَاءِ ، وَقَصُّ
الْأَظْفَارِ ، وَغَسْلُ الْبَرَاجِمِ ، وَنَتْفُ الْإِبِطِ ، وَحَلْقُ
الْعَانَةِ ، وَانْتِقَاصُ الْمَاءِ " قَالَ زَكَرِيَّا : قَالَ مُصْعَبٌ :
وَنَسِيتُ الْعَاشِرَةَ إِلَّا أَنْ تَكُونَ الْمَضْمَضَةَ. (رواه مسلم)
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔ دس چیزیں ہیں جو
امور فطرت میں سے ہیں۔ مونچھوں کا ترشوانا، داڑھی کا چھوڑنا، مسواک کرنا،
ناک میں پانی لے کر اس کی صفائی کرنا، ناخن ترشوانا، انگلیوں کے جوڑوں کو
(جن میں اکثر میل کچیل رہ جاتاہے اہتمام سے) دھونا، بغل کے بال لینا، موئے
زیر ناف کی صفائی کرنا، اور پانی سے استنجا کرنا۔ حدیث کے راوی زکریا کہتے
ہیں کہ ہمارے شیخ مصعب نے بس یہی نو چیزیں ذکر کیں اور فرمایا کہ دسویں چیز
بھول گیا ہوں، اور میرا گمان یہی ہے کہ وہ کلی کرنا ہے۔ (صحیح مسلم)
تشریح
اس حدیث میں ان دس چیزوں کو " مِنَ الْفِطْرَةِ " یعنی امور فطرت میں سے
کہا گیا ہے۔ بعض شارحین حدیث کی رائے یہ ہے کہ الفطرۃ سے مراد یہاں سنت
انبیاء یعنی پیغمبروں کا طریقہ ہے اور اس کی تائید اس سے ہوتی ہے کہ اسی
حدیث کی مستخرج ابی عوانہ کی روایت میں فظرۃ کی جگہ سنت کا لفظ ہے، یعنی اس
میں " عَشْرٌ مِنَ الْفِطْرَةِ " کی بجائے " عَشْرٌ مِنَ السُّنَّةِ " کے
الفاظ ہیں، ان حضرات کا کہنا ہے کہ اس حدیث میں انبیاء علیہم السلام کے
طریقہ کو الفطرۃ اس لئے کہا گیا ہے کہ وہ فطرت کے عین مطابق ہوتا ہے۔ اس
تشریح کی بناء پر حدیث کا مطلب یہ ہو گا کہ انبیاء علیہم السلام نے جس
طریقہ پر خود زندگی گزاری اور اپنی اپنی امتوں کو جس پر چلنے کی ہدایت کی
اس میں یہ دس باتیں شامل تھیں۔ گویا یہ دس چیزیں انبیاء علیہم السلام کی
متفقہ تعلیم اور ان کے مشترکہ معمولات سے ہیں۔ بعض شارحین نے الفطرۃ سے دین
فطرت یعنی دین اسلام مراد لیا ہے۔ قرآن مجید میں دین کو فطرت کہا گیا ہے،
ارشاد ہے " فَاَقِمْ وَجْهَكَ لِلدِّيْنِ حَنِيْفًا١ؕ فِطْرَتَ اللّٰهِ
الَّتِيْ فَطَرَ النَّاسَ عَلَيْهَا١ؕ لَا تَبْدِيْلَ لِخَلْقِ اللّٰهِ١ؕ
ذٰلِكَ الدِّيْنُ الْقَيِّمُ " (1) (الروم ۳۰: ۳۰) اس بناء پر حدیث کا مطلب
یہ ہو گا کہ یہ دس چیزیں دین فطرت یعنی اسلام کے اجزاء یا احکام میں سے
ہیں۔ اور بعض شارحین نے الفطرۃ سے انسان کی اصل فطرت و جبلت ہی مراد لی ہے
اس تشریح کی بناء پر حدیث کا مطلب یہ ہو گا کہ یہ دس چیزیں انسان کی اصل
فطرت کا تقاضا ہیں جو اللہ نے اس کی بنائی ہے۔
گویا جس طرح انسان کی اصل فطرت یہ ہے کہ وہ ایمان اور نیکی اور طہارت و
پاکیزگی کو پسند کرتا ہے اور کفر اور فواحش و منکرات اور گندگی و ناپاکی کو
ناپسند کرتا ہے اسی طرح مذکورہ بالا دس چیزیں ایسی ہیں کہ انسانی فطرت (اگر
کسی خارجی اثر سے ماؤف اور فاسد نہ ہو چکی ہو) تو ان کو پسند ہی کرتی ہے
اور حقیقت شناسوں کو یہ بات معلوم اور مسلم ہے کہ انبیاء علیہم السلام جو
دین اور زندگی کا طریقہ لے کر آتے ہیں وہ دراصل انسانی فطرت کے تقاضوں ہی
کی مستند اور منضبط تشریح ہوتی ہے۔ اس تفصیل سے خود بخود معلوم ہو جاتا ہے
کہ حدیث کے لفظ الفطرۃ کا مطلب خواہ سنت انبیاء ہو خواہ دین فطرت اسلام ہو،
اور خواہ انسان کی اصل فطرت و جبلت ہو، حدیث کا مدعا تینوں صورتوں میں ایک
ہی ہو گا اور وہ یہ کہ دس چیزیں انبیاء علیہم السلام کے لائے ہوئے اس متفقہ
طریقہ زندگی اور اس دین کے اجزاء و احکام میں سے ہیں، جو دراصل انسان کی
اصل فطرت و جبلت کا تقاضا ہے۔
حضرت شاہ ولی اللہ رحمۃ اللہ علیہ نے حجۃ اللہ البالغہ میں اپنے خاص
حکیمانہ طرز پر اس حدیث کی شرح کرتے ہوئے جو چند سطریں لکھی ہیں ان کا
خلاصہ ہم ذیل میں درج کرتے ہیں فرماتے ہیں: " یہ دس عملی باتیں جو دراصل
طہارت و نظافت کے بات سے تعلق رکھتی ہیں، ملت حنفیہ کے مونسس و مورث حضرت
ابراہیم علیہ السلام سے منقول ہیں۔ اور ابراہیمی طریقہ پر چلنے والی حنیفی
امتوں میں عام طور سے ان کا رواج رہا ہے اور ان پر ان کا عقیدہ بھی رہا ہے۔
قرنہا قرن تک وہ ان اعمال کی پابندی کرتے ہوئے جیتے اور مرتے رہے ہیں، اسی
لئے نا کو فطرت کہا گیا ہے اور یہ ملت حنیفی کے شعائر ہیں۔
اور ہر ملت کے لئے ضروری ہے کہ اس کے کچھ مقرر و معلوم شعائر ہوں اور وہ
ایسے اعلانیہ ہوں جن سے اس ملت کی فرمانبرداری اور نافرمانی احساس اور
مشاہدہ کی گرفت میں آ سکے، اور یہ بھی قرین حکمت ہے کہ شعائر ایسی چیزیں
ہوں جو نادر الوقوع نہ ہوں اور ان میں معتد بہ فوائد ہوں اور لوگوں کے ذہن
ان کو پوری طرح قبول کریں اور ان دس چیزوں میں یہ باتیں موجود ہیں۔ اس کو
سمجھنے کے لئے ان چند باتوں پر غور کرنا چاہئے! جسم انسانی کے بعض حصوں میں
پیدا ہونے والے بالوں کے بڑھنے سے پاکیزگی پسند اور لطیف مزاج آدمی کی
سلیم فطرت اسی طرح منقبض اور مکدر ہوتی ہے جس طرح کہ حدث سے یعنی کسی گندگی
کے جسم سے خارج ہونے سے ہوا کرتی ہے۔
بغل میں اور ناف کے نیچے پیدا ہونے والے بالوں کا حال یہی ہے۔ اسی لیے ان
کی صفائی سے سلیم الفطرت آدمی اپنے قلب و روح میں ایک نشاط اور انشراح کی
کیفیت محسوس کرتا ہے جیسے کہ یہ اس کی فطرت کا خاص تقاضا ہے۔ اور بالکل
یہیحال نخنوں کا بھی ہے۔ اور ڈاڑھی کی نوعیت یہ ہے کہ اس سے چھوٹے اور بڑے
کی تمیز ہوتی ہے اور وہ مردوں کے لئے شرف اور جمال ہے اور اسی سے ان کی
مردانہ ہیئت کی تکمیل ہوتی ہے اور وہ سنت انبیاء ہے۔ اس لئے اس کا رکھنا
ضروری ہے (۱) اور اس کا صاف کرنا مجوس و ہنود وغیرہ اکثر غیر مسلم قوموں کا
طریقہ ہے۔ نیز چونکہ بازاری قسم کے اور نیچی سطح کے لوگ عموماً ڈاڑھیاں
نہیں رکھتے اس لئے ڈاڑھیاں نہ رکھنا گویا اپنے کو ان ہی کی صفوں میں شامل
کرنا ہے۔
اور مونچھوں کے بڑھانے اور لمبا رکھنے میں کھلا ہوا ضرر یہ ہے کہ منہ تک
بڑھی ہوئی مونچھوں میں کھانے پینے کی چیزیں لگ جاتی ہیں اور ناک سے خارج
ہونے والی رطوبت کا راستہ بھی کا راستہ بھی وہی ہے اس لئے صفائی اور
پاکیزگی کا تقاضا یہی ہے کہ مونچھیں زیادہ بڑی نہ ہونے پائیں اس واسطے
مونچھوں کے ترشوانے کا حکم دیا گیا ہے۔ اور کلی اور پانی کے ذریعہ ناک کی
صفائی اور مسواک اور پانی سے استنجا اور اہتمام سے انگلیوں کے ان جوڑوں کو
دھونا جن میں میل کچیل رہ جاتا ہے، صفائی اورپاکیزگی کے نقطہ نظر سے ان سب
چیزوں کی ضرورت و اہمیت کسی وضاحت کی محتاج نہیں "۔
بعض اکابر علماء نے فرمایا ہے کہ اس حدیث سے یہ اصول معلوم ہو گیا کہ جسم
کی صفائی اور اپنی ہیئت اور صورت کی درستی اور ایسی ہر چیز کا ازالہ اور اس
سے اجتناب جس سے گھن آئے اور کراہیت پیدا ہو احکام فطرت میں سے ہے اور
طریقہ انبیاء ہے۔ اللہ تعالیٰ نے صورت کی تحسین کو اپنا خاص انعام و احسان
بتلایا ہے۔ وَّ صَوَّرَكُمْ فَاَحْسَنَ صُوَرَكُمْ اس حدیث کو حضرت عائشہ
صدیقہ ؓ سے ان کے بھانجے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے روایت کیا ہے، ان سے
روایت کرنے والے طلق بن حبیب ہیں۔ اور ان سے روایت کرنے والے مصعب بن شیبہ
ہیں۔ ان کے شاگرد زکریا بن ابی زائدہ ہیں۔ ان ہی زکریا نے اپنے اپنے شیخ
مصعب سے یہ حدیث روایت کی ہے جس مین انہوں نے دس چیزوں میں سے نو کو و ثوق
سے ذکر کیا اور دسویں کے متعلق بتلایا کہ وہ مجھے اچھی طرح یاد نہیں رہی،
البتہ میرا خیال ہے کہ وہ مضمضہ (کلی) کرنا تھا۔
|