واقعہ ایک ۔۔۔ سبق ونصیحتیں کئ

اللہ سبحان وتعالٰی نے قرآن پاک میں کثرت سے پچھلی قوموں کے عبرت ناک واقعات،ان کی نافرمانیوں اورعذاب کا ذکرکیا ہے تاکہ عقل و خُرد رکھنے والے عبرت و نصیحت حاصل کر سکیں۔ آج کے دور میں ہمارے صرف زبانی کلامی اسلامی معاشرے میں اَن گنت غیراخلاقی، غیراسلامی، بھیانک، دل دہلا دینے واقعات رونما ہو رہے ہیں، جن کی مثال نہیں ملتی۔ المیہ اِن واقعات کا پیش آنا نہیں، انہیں نظر انداذ کرنا، اہمیت نہ دینا، روک تھام کے عوامل نہ اپنانا اور سب سے بڑھ کرعبرت یا سبق حاصل نہ کرنا ہے۔

میری اوقات نہیں کہ کسی کی ذات یا اسکے ساتھ رونما ہونے والے واقعہ پر بات کروں مگر واقعہ کچھ ہے ہی ایسا جس میں اللہ پاک نے عقل والوں کے لۓ بہت سے سبق و نصیحتوں سے پردہ اٹھایا ہے۔ مگر افسوس کے ساتھ مجھے کچھ خاص امید نہیں اپنے ملک کے رہنے والوں سے کہ وہ اس سے اثرلیتے ہوۓ کوئ سبق یا نصیحت قبول کریں گے۔

تمہید کچھ لمبی ہو گئ، چلیں اصل موضوع کی طرف اپنے قارئین کی توجہ مبذول کراتی ہوں۔ آجکل میڈیا بالخصوص سوشل میڈیا پرمرحومہ ماڈل واداکارہ حمیراعلی اصغرکی پراسرارموت نے سب کو حیران اورپریشان کردیا ہے۔ پولیس اور دیگر ادارے اپنے تمام وسائل کو بروۓ کار لاتے ہوۓ اس کیس کی تفتیش جلد مکمل کرنا چاہتے ہیں تاکہ عوام الناس کو حقیقت سے آشنا کیا جا سکے اور اگر حمیرا کی موت میں کوئ ملوث ہوتو اسے کیفرِکردار تک پہنچایا جا سکے۔ جانتی ہوں آپ سب کا وقت بہت قیمتی ہے اس لۓ میں یہاں کیس کی تفصیلات میں نہیں جاؤنگی وہ آپ باآسانی دیگرسوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل کر سکتے ہیں۔ اپنی ناقص عقل اور سمجھ بوجھ سے جو سبق میں نے اس واقعہ سے سیکھیں ہیں، وہ آپ تک بھی پہنچانا چاہتی ہوں کیونکہ وقت قلیل ہے، ہم اپنی اصلاح کا عمل جتنا جلدی ہو سکے شروع کر دیں تو بہتر ہے۔

1۔ والدین اولاد پر کسی بھی بات پر بے جا دباؤ نہ ڈالیں، اولاد کو جیتا جاگتا انسان سمجھیں کوئ روبوٹ نہیں۔
2۔ اولاد اگر کوئ ایسا کام کرنے کا ارادہ کرے جو ہمارے دین، اخلاقیات، معاشرتی رواج کے خلاف ہو تواچھے طریقے سے سمجھانے کی کوشش کریں اور اس کی ہدایت کے لۓ ہمیشہ دعاگو رہیں۔
3۔ اگر اولاد نہ مانے تو اس سے لا تعلقی اور قطع تعلقی کا اظہار کر کے انہیں تنہا مت چھوڑیں۔ والدین ہونے کا ظرف نبھائیں۔
4۔ معافی اور درگزر جیسے مشکل اوصاف کواپناتے ہوۓ اعلٰی ظرفی کا مظاہرہ کریں۔ دوسروں کو معاف کریں اور خود بھی معافی مانگ لینے میں شرم محسوس نہ کریں چاہے کوئ آپ سے چھوٹا ہی کیوں نہ ہو۔
5۔ اس بات پر یقینِ کامل رکھتے ہوۓ کہ سب نے اس دنیاۓ فانی سے کوچ کرنا ہے خالی ہاتھ سب مال اسباب، دولت جائیداد چھوڑ کر۔ تو پھردوسروں کا حق مارنا چھوڑ دیں بالخصوص بہنوں، بیٹیوں کو باپ دادا کی جائیداد کے جائز حقوق سے محروم کرنے کو ایک بڑا گناہ تصور کرتے ہوۓ اس سے بچیں۔
6۔ اپنے ارد گرد رہنے والوں کی خبر گیری کرتے رہیں۔ کوئ مشکل، پریشانی یا تکلیف سے دوچار ہو تو اس کے لۓ آسانی کا سامان کریں کیونکہ حقوق العباد کی اہمیت سے شاید ہم سب واقف ہیں، عمل نہیں کرتے وہ بات الگ ہے۔
7۔ اپنے اخلاق اور پڑوسیوں سے اپنے تعلقات ہمیشہ اچھے رکھیں تاکہ کسی بھی مصیبت، دکھ، غم و پریشانی میں آپ سب سے پہلے ان سے مدد طلب کرنے کے قابل ہو۔
8۔ بات تلخ ہے مگر حالات و واقعات کے پیشِ نظر ناگزیر ہے۔ اس دنیا کے کسی بھی رشتے پر بھروسہ، اعتماد و اعتبارکرنے سے اجتناب برتیں۔ معذرت کے ساتھ اب ہم مردہ قوم، مردہ معاشرہ اور بےضمیر لوگوں کا صرف ہجوم ہیں۔ ایسی قوم جو جذبات واحساسات سےعاری اور انسانیت کی روح سے بالکل ناواقف ہوتی چلی جا رہی ہے۔
9۔ لوگوں سے امیدیں وابستہ نہ کریں، صرف ربِ کائنات سے امید رکھیں اور صرف اُسی پر بھروسہ کریں۔ اس کیس میں ہی دیکھ لیں جن لوگوں اور so-called دوستوں سے حمیرا کو کچھ مدد کی امید تھی، انہوں نے ہی اسکے ساتھ کیا کیا۔
10۔ ہر رشتہ اب صرف آپ کو پیسے کے ترازو میں تولتا ہے۔ جب پلڑہ ہلکا محسوس ہونے لگے کو کیا کوئ اپنا، کوئ پرایا سب ایک جیسے معلوم ہوتے ہیں۔ اسی لۓ مشہورمقولہ ہے "برے وقت میں تو اپنا سایہ بھی ساتھ چھوڑ دیتا ہے"۔
11۔ کوئ بھی کام کرتے وقت فطرت اور دین کے احکامات اور معاشرے کے اصول و ضوابط کا خاص خیال ضروررکھیں۔ اسکے خلاف مت جائیں۔
12۔ صرف اپنی ذات اور نفس کی پاکیزگی پر دھیان دیں، کیچڑ اچھالنے والے تو موت کے بعد بھی بہت جنم لے لیں گے۔
13۔ رب تعالٰی کی عطا کردہ تھوڑی بہت ہدایت مل جانے پردوسروں کی سزا وجزا کا فرمان جاری نہ کریں۔ کسی کی موت پر انگلیاں نہ اٹھائیں۔ آپ کی موت کب، کیسے آۓ آپ نہیں جانتے۔ کسی کی کردارکشی سے حتی الامکان بچیں کیونکہ یقیناً یہ ایک بڑا گناہ ہے اور مومن کو زیب نہیں دیتا۔

بہت ہی دردناک اور روح کو جھنجھوڑ دینے والا واقعہ ہے۔ اختتام اللہ پاک سے دعا اور آپ کے کہے گۓ آمین کے ساتھ کرونگی:
اے ربِ ذوالجلال! ہم سب کو ہدایت کے سیدھے رستے پر چلا، نفس اور شیطان کے دھوکوں، وسوسوں اور بہکاؤں سے بچا۔ مرحومہ حمیرا علی اصغرکی قبر کی منازل کو آسان فرماتے ہوۓ اُسے جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطا فرما۔ آمین ثم آمین 
Asma Ahmed
About the Author: Asma Ahmed Read More Articles by Asma Ahmed: 52 Articles with 59253 views Writing is my passion whether it is about writing articles on various topics or stories that teach moral in one way or the other. My work is 100% orig.. View More