'میں تو خود وکی لیکس ہوں‘

خراب موسم، گھر میں مرمت کا کام اور وکی لیکس کی جانب سے رازوں کا فاش ہونا ایسے میں تفریح ہو تو کیسے؟

کتنا ٹیلویژن دیکھیں، کتاب پڑھیں یا فیس بک پر چیٹ کریں۔ باہر نکلیں تو یخ سے بنی شیشے کی سڑک پر گرنے کا نہ صرف ڈر بلکہ ڈاکٹر نے اب تاکید بھی کی ہے کہ معمولی چوٹ سے ہڈیاں ٹوٹنے کا احتمال ہے۔ اندر بیٹھنے کے لیے جگہ ہی نہیں کیونکہ بلڈر نے پورے گھر کو اُلٹ پُلٹ کر رکھا ہے مگر گھر کے اندر بیٹھنے کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں۔

وقت کاٹنے کے لیے میں نے بلڈر سے ہی گفتگو شروع کی۔ ویسے میڈیا میں کام کرنے والوں کو اکثر سوال پوچھنے کی بڑی بیماری ہوتی ہے۔

میرا بلڈر افغانی ہے جو پینتیس برسوں میں پہلے کے بیس برس خیبر پختونخواہ میں گُزار چکا ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں سے لندن میں رہتا ہے اور دن رات مزدوری کر کے تمام کمائی گھر بھیجتا ہے۔ ایک گھر پاکستان میں اور دوسرا افغانستان میں بنایا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کا کٹر حامی، افغان طالبان اور پاکستان حکومت کا کٹر مخالف اور مذہبی رواداری کا پاسدار ہے۔ پاکستان یا افغانستان میں ہر مسئلے کا باعث پاکستان کو سمجھتا ہے اور دنیا میں دہشت گردی کی جڑ پاکستان کو گردانتا ہے گو کہ خیبر پختونخواہ کی سیاست میں کافی سرگرم رہا ہے۔

میں نے پوچھا کہ بلوچستان میں بعض بلوچوں کی جو مہم چل رہی ہے اُس کے پیچھے کوئی اور ملک ہے؟

'آئی ایس آئی والی بات نہ کرو باجی، کوئی مہم وہم نہیں ہے۔ بلوچستان میں، ایجنسی والے جس کو چاہے دہشت گرد بناتے ہیں، میں جانتا ہوں چند لیڈروں کو، وہ توخاندانی لڑائی زیادہ ہے۔ بگٹی مری لاشاریوں کی آپس کی جنگ ہے جس کا فائدہ ہمیشہ کی طرح ایجنسی اُٹھاتی ہے۔ ان کی روزی روٹی جنگ کی بدولت ہی چلتی ہے۔ کشمیر جنگ، افغان جنگ، ایم کیو ایم جنگ، اب بلوچ جنگ۔ ایسی لڑائی ہم نے پختونخواہ میں بھی دیکھی ہے'۔ افغانی بِلڈر نے جواب دیا۔

میں نے پوچھا کہ وکی لیکس کے بارے میں پتہ ہے کہ پاکستان کے بارے میں کیا کہا گیا ہے؟ اُس نے میری پوری بات سُنے بغیر ہی فوراً کہہ دیا 'کمال ہے باجی آپ امریکہ کی بات پر یقین کرتی ہو جو سب سے بڑا جھوٹا ہے، امریکہ کو افغانستان یا پاکستان کے بارے میں کیا معلوم؟ چند سال وہاں فوجیں بٹھا کر کیا وہ ہمیں اب ہماری سات صدیوں کی تاریخ بتائے گا؟ یہ کونسی بڑی بات ہے کہ سعودیوں کو زرداری اچھا نہیں لگتا، تو کیا ہمیں اچھا لگتا ہے؟ نواز شریف کے بارے میں کس کو نہیں معلوم کہ وہ پنجابی طالبان کی حمایت کر رہا ہے۔ خیبر والے چیخ چیخ کر کہہ رہے ہیں۔ ان کی بات کیا سنائی نہیں دیتی؟ باجی اگر میں آپ کو یہ بتاؤں کہ طالبان کوئی نہیں بلکہ خود افغانستان اور پاکستان کے سپاہی ہیں تو کیا آپ میری بات کا یقین کروگی؟ مگر یہی بات وکی لیکس بتائے گا تو پوری دنیا میں ہاہاکار مچ جائے گی، باجی میں زندہ جاگتا وکی لیکس ہوں اور میرے پاس ایسے راز ہیں جو خود حکومتوں کے پاس نہیں ہیں'۔

وہ اردو پشتو میں کافی کچھ کہنے جا رہا تھا اور میں اس کو صلاح دینے ہی والی تھی کہ بلڈر کے بجائے ویب سائٹ کیوں نہیں شروع کرتے۔ مگر میں کہتے کہتے رک گئی۔

نعیمہ احمد مہجور