یہ سیاسی جماعتیں باری باری عوام کی کھال ادھیڑ رہی ہیں

پاکستان میں پہلے ن لیگ اور پیپلز پارٹی دو سیاسی جماعتیں تھیں جو باری باری اقتدار میں آتیں تھیں اب تیسری جماعت پی ٹی آئی بھی حصہ دار بن گئی ہے. پیپلزپارٹی چار بار اور ن لیگ تین مرتبہ اقتدار میں آ چکی تھی. پی ٹی آئی پرورش پاتے پاتے اب جوان ہو چکی ہے.

پاکستان میں پہلے ن لیگ اور پیپلز پارٹی دو سیاسی جماعتیں تھیں جو باری باری اقتدار میں آتیں تھیں اب تیسری جماعت پی ٹی آئی بھی حصہ دار بن گئی ہے. پیپلزپارٹی چار بار اور ن لیگ تین مرتبہ اقتدار میں آ چکی تھی. پی ٹی آئی پرورش پاتے پاتے بائیس سال میں جوان ہو چکی تھی اب اسے اقتدار منتقل کرنے کیلئے ایک ماحول بنایا گیا، ایک مہم چلائی چلائی گئی، میڈیا اور ادارے اس مہم کا حصہ بنے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو چور ڈکلئیر کیا گیا، عمران خان کی ایمانداری کا ڈھول پیٹا گیا، تبدیلی کا نعرہ لگایا گیا، کرپشن کے خلاف جہاد کا اعلان کیا گیا، اداروں کو سدھارنے کا عزم کیا گیا، فوری انصاف کا وعدہ کیا گیا، نئے پاکستان کا سہانا خواب دکھایا گیا اور عمران خان کو اقتدار میں لایا گیا. اس نے چار سال میں پاکستان کو سو سال پیچھے دھکیل دیا، اقتدار سے باہر عمران خان کو عوام کا بہت درد محسوس ہوتا تھا اور اقتدار میں آنے کے بعد اس نے بھی دوسرے لیڈروں کی طرح عوام پر عرصہ حیات تنگ کر دیا. جب عمران خان حکومت میں تھا تو پاکستان کو لوٹنے والی، عوام کا پیسہ کھانے والی، تین تین چار چار بار اقتدار کا مزہ لوٹنے والی، غریب آدمی کا خون چوسنے والی ن لیگ اور پیپلز پارٹی جماعتیں عوام کی ہمدرد بن گئیں. ان پارٹیوں نے سڑکوں پر اپنا مسکن بنانا شروع کیا، مہنگائی مارچ کرنا شروع کیا. عوام کا مسیحا بننا شروع کیا. یوں کہیں کہ غریب عوام کے جذبات سے کھیلنا شروع کیا، عوام کو ورغلانا اور بیوقوف بنانا شروع کیا، اپنا سیاسی کھیل کھیلنا شروع کیا اور اپنی سیاست کو چمکانا شروع کیا، جب عمران خان کی حکومت ختم کر کے یہ خود اقتدار میں آئیں تو عوام کی ہمدرد یہ دونوں جماعتیں عوام کی دشمن بن گئیں. پانچ دس روپے پیڑول مہنگا ہونے پر شور مچانے والی اور عوام کا درد محسوس کرنے والی جماعتوں نے آج خود عوام پر ساٹھ روپے کا پیٹرول بم پھینکا ہے تو مطمئن ہیں. آج انہیں مہنگائی کا احساس نہیں ہو رہا، آج انہیں عوام کا درد محسوس نہیں ہو رہا. اب کل کا جلاد آج کا ہمدرد بن گیا ہے. کل مہنگائی کا طوفان لانے والا آج مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آ رہا ہے. حقیقت تو یہ ہے ان سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی باریاں پکی کی ہوئی ہیں، کبھی ایک عوام کی کھال اتارتی ہے تو کبھی دوسری عوام کی کھال ادھیڑتی ہے. یہ سیاسی جماعتیں چکی کے دو پاٹ ہیں جس میں پس عوام رہی ہے.
 

Hafiz Azam Mahmood
About the Author: Hafiz Azam Mahmood Read More Articles by Hafiz Azam Mahmood: 32 Articles with 21245 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.