تفریح اور بچت ایک ساتھ، اپنے بجٹ میں رہتے ہوئے شاندار سیر و تفریح کے لیے چند آزمودہ ٹپس

image
 
عام طور پر گرمی کے دنوں میں جب اسکول بند ہوتے ہیں تو اکثر لوگ ان دنوں میں بچوں کے ساتھ سیر و تفریح کا پروگرام بناتے ہیں- مگر بعض اوقات غلط منصوبہ بندی کے سبب یہ پروگرام خوشی اور سکون دینے کے بجائے مزید پریشانی اور فالتو اخراجات کا سبب بن جاتا ہے جس کے بعد اکثر افراد ایسے پلان بنانے سے توبہ گار ہو جاتے ہیں- لیکن اگر آپ ان کچھ ٹپس پر عمل کریں تو اس سے نہ صرف وقت اور پیسے کی بچت ہو سکتی ہے بلکہ ایسے پلان بار بار بنانے کا موقع بھی مل سکتا ہے-
 
تفریح کے پلان سے قبل کیے جانے والے کام
سیر تفریح کے لیے عام طور پر لوگ شمالی علاقوں کا رخ کرتے ہیں کیوں کہ یہ علاقے شدید گرمی کے موسم میں بھی ٹھنڈے ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ یہاں کے دلفریب مناظر انسان کو سال بھر کے لیے تازہ دم کر دیتے ہیں- لیکن وہاں سے لاعلمی کے سبب اکثر افراد بڑے نقصان کا بھی سامنا کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں ایسے افراد کو تفریح پلان کرنے سے قبل کچھ باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے-
 
1: تفریح کے لیے جانے سے قبل اس جگہ تک جانے کے راستے کا تعین
اگر آپ تفریح کے لیے کسی ایسے علاقے میں جا رہے ہیں جہاں اس سے قبل نہیں گئے تو سب سے پہلے وہاں تک پہنچنے کے لیے راستے کا انتخاب کریں اور وہاں تک پہنچنے کے لیے بہترین روٹ کا تعین کریں- اور اس کے ساتھ ساتھ وہاں تک سفر کے لیے ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے متعلق معلومات حاصل کریں- سفر کے ذرائع میں ٹرین، جہاز اوربس سروس کے ساتھ ساتھ اپنی گاڑی کے آپشن بھی موجود ہوتے ہیں ان سب کے اخراجات اور روٹ کے متعلق مکمل معلومات حاصل کریں-
 
image
 
2: رہائش کا انتطام
اگر آپ کا شمار ان افراد میں ہوتا ہے جو یہ سوچتے ہیں کہ رہائش کا انتظام وہیں پہنچنے کے بعد کر لیں گے تو پھر آپ پریشانی کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو جائیں کیوں کہ بہت سارے ایسے لوگ ہوتے ہیں جو آپ کی لاعلمی سے فائدہ اٹھا کر آپ کو لوٹنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں- اس وجہ سے بہتر یہی ہے کہ منزل پر پہنچنے سے قبل ہی رہائش کا انتظام یا بکنگ کروا لیں-
 
کسی بھی ہوٹل یا ریسٹ ہاؤس میں رہائش اختیار کرنے سے قبل جن باتوں کا جاننا ضروری ہے وہ کچھ اس طرح سے ہیں-
 
ٹوائلٹ کی صفائی چیک کریں
گرم اور ٹھنڈے پانی کے متعلق معلومات
ہوٹل یا ریسٹ ہاؤس کے بستر چیک کر لیں
رہائش کے چارجز کا موازنہ اردگرد موجود دوسری جگہوں کی سہولیات کے حساب سے ضرور کر لیں
 
ہوٹل یا ریسٹ ہاؤس کا مرکز میں ہونا مددگار ثابت ہو سکتا ہے اس طرح سے ٹرانسپورٹ کے فاضل اخراجات سے بچا جا سکتا ہے-
 
اگر آن لائن بکنگ کر رہے ہیں تو اس جگہ کی ویب سائٹ پر لوگوں کے ریویو ضرور چیک کر لیں-
 
3: سامان کی پیکنگ
کسی بھی جگہ تفریح کے لیے جاتے ہوئے وہاں کے موسم کے حوالے سے معلومات ضرور رکھیں اور اس کے حساب سے سامان کی پیکنگ کریں۔ اپنے ساتھ ایسے کپڑے رکھیں جو وہاں کے موسم کے مطابق ہوں اس کے علاوہ پہاڑی علاقے میں سفر کے لیے آرام دہ جوتے رکھیں جن کے ساتھ آرام سے واک کی جا سکے غیر آرام دہ جوتے ساری تفریح کا مزہ کرکرہ کر دیتے ہیں- اور سیاحتی مقام پر پہنچ کر ایسی چیزوں کا انتظام کرنا مہنگا سودا ثابت ہوتا ہے-
 
image
 
4: قیمتی سامان کی حفاظت کا انتظام
اپنے قیمتی سامان اور پیسوں کی حفاظت کرنا بہت ضروری ہے کیوں کہ ان کو ہونے والا نقصان آپ کی تفریح کے موڈ کو خراب کرنے کا سبب بن سکتا ہے- اس کے لیے اپنی رقم کو بنک میں رکھ کر آن لائن ادائیگی کی کوشش کریں تاہم ہر جگہ یہ سہولت نہ ہو سکنے کی وجہ سے اپنے پاس کچھ نہ کچھ کیش ضرور رکھیں- قیمتی سامان جیسے موبائل اور کیمرے وغیرہ کو کسی کور یا بیگ میں رکھیں تاکہ موسمی اثرات سے محفوظ رہ سکیں-
 
5: کھانے پینے میں احتیاط
تفریح اسی وقت تک کامیاب ہو سکتی ہے جب تک صحت بہتر حالت میں ہو اس وجہ سے کسی بھی نئی جگہ پر کھانے پینے سے قبل وہاں حفظان صحت کے اصولوں کا جائزہ ضرور لے لیا کریں اس کے علاوہ کھانا جتنا بھی لذیذ ہو بہت پیٹ بھر کر کھانے سے اجتناب برتیں
YOU MAY ALSO LIKE: