ضمنی الیکشن میں اپ سیٹ کیسے ہوا؟ 3 وجوہات جو عمران خان کی جیت اور (ن) لیگ کی شکست بنیں

image
 
پنجاب میں ضمنی الیکشن کا مرحلہ خوش اسلوبی سے انجام کو پہنچ چکا ہے جس کے نتائج نے پورے ملک کی سیاست میں تہلکہ مچا دیا ہے، تحریک انصاف نے 15 جبکہ مسلم لیگ (ن) نے صرف 4 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ایک سیٹ آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔
 
ضمنی الیکشن کیوں ہوئے؟
حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کے انتخاب میں ووٹ دینے والے پی ٹی آئی کے ڈی سیٹ ہونیوالے 20 اراکین کی خالی نشستوں پر اتوار کے روز ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) میں کڑا مقابلہ ہوا، یہ نشستیں پی ٹی آئی کے ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کی وجہ سے خالی ہوئیں تھیں گوکہ پی ٹی آئی نے 20 میں سے 15 سیٹیں دوبارہ حاصل کی ہیں لیکن اس کامیابی کو بھی بہت بڑا تصور کیا جارہا ہے اور مسلم لیگ (ن) جو پی ٹی آئی کی سابقہ سیٹوں میں سے 4 پر کامیاب ہوئی اس کی جیت کو شکست سے تعبیر کیا جارہا ہے۔
 
image
 
(ن) لیگ کی شکست
پنجاب کو ماضی میں مسلم لیگ (ن) کا گڑھ سمجھا جاتا تھا لیکن گزشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی نے بڑی تعداد میں کامیابی حاصل کرکے مسلم لیگ (ن) کیلئے پنجاب میں ایک بڑا چیلنج اٹھایا اور حالیہ ضمنی الیکشن میں (ن) لیگ نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا اور مریم نواز ضمنی الیکشن کی مہم میں بھرپور سرگرم رہیں لیکن وہ پنجاب میں اپنی پارٹی کی ساکھ بہتر بنانے میں بری طرح ناکام رہیں۔مریم نواز کی انتخابی مہم کا مرکز عمران خان رہے گو کہ پنجاب حکومت نے مفت بجلی اور پیٹرول سستا کرکے عوام کو راغب کرنے کی پوری کوشش کی لیکن (ن) لیگ حکومت کے بعد ہولناک لوڈشیڈنگ اور ملک میں آنیوالی مہنگائی کی لہر نے حکومت کو شدید نقصان پہنچایا جس کی وجہ سے گزشتہ کئی ضمنی انتخابات کی طرح مریم نواز اپنے کمزور بیانیہ کی وجہ سے اپنی پارٹی کو فتح سے ہمکنار کروانے میں ناکام رہیں۔
 
image
 
عمران خان کی فتح
پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں گو کہ اپنی 5 سیٹیں گنوائی ہیں لیکن ان کی 15 نشستوں پر کامیابی کو بھی بہت اہمیت دی جارہی ہے کیونکہ اقتدار سے بے دخلی کے بعد یہ دعوے سننے میں آرہے تھے کہ عمران خان کی سیاست اختتام کی جانب گامزن ہے لیکن انہوں نے غیر ملکی سازش، اداروں کی مداخلت، مہنگائی پر جو مؤقف اختیار کیا لوگوں نے اس کی بھرپور تائید کی ہے۔ حکومت ملک میں مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور دیگر مسائل کیلئے عمران خان کو ذمہ دار ٹھہراتی ہے لیکن ضمنی الیکشن کے نتیجے سے یہ صاف ظاہر ہے کہ عوام حکومت کے مؤقف کی بجائے عمران خان کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان کا سازش، مداخلت اور مہنگائی کا بیانیہ عوام کے دلوں میں گھر کرچکا ہے اور یہی وجہ تھی کہ پنجاب میں ماضی کے برعکس اس ضمنی الیکشن میں 50 فیصد کے قریب ٹرن آؤٹ رہا اور عوام نے الیکشن میں بھرپور حصہ لیا اس سے قبل کبھی اتنا ٹرن آؤٹ نہیں رہا اور یہ تو چند حلقوں کا ضمنی الیکشن تھا لیکن اس کے نتائج سے ایسا لگتا ہے کہ شائد آئندہ عام انتخابات میں بھی بڑے اپ سیٹ دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
YOU MAY ALSO LIKE: