مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی نئی قیادت اور درپیش چیلنجز

اطہر مسعود وانی

پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس میں صدر شاہ غلام قادر نے اعلان کیا ہے کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی بقیہ تنظیم سازی ایک ماہ میں مکمل کر لی جائے گی۔اجلاس میں آزاد کشمیر میں آمدہ بلدیاتی الیکشن اور دیگر امور پر غور کرنے کے علاوہ آزاد کشمیر میں مجوزہ 15ویں آئینی ترمیم اور مجوزہ ٹورازم اتھارٹی کے قیام کی سخت مخالت کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ 15ویں آئینی اور ٹورازم اتھارٹی کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں مسلم لیگ ن کے تمام ٹکٹ ہولڈرز نے شرکت کی جبکہ سٹیج پہ صدر شاہ غلام قادر، سابق صدر راجہ فاروق حیدر خان، سیکرٹری جنرل طارق فاروق چودھری اور سینئر نائب صدر مشتاق منہاس موجود تھے۔

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کا قیام2010میں عمل میں آیاتھااور راجہ فاروق حیدر خان اس کے پہلے صدر مقرر ہوئے۔اب تقریبا12سال کے بعد مسلم لیگ کی تنظیم نو میں راجہ فاروق حیدر خان کی جگہ شاہ غلام قادر کو مرکزی قیادت کی طرف سے نیا صدر مقرر کیا گیا ہے۔آزاد کشمیر میں قیام کے بعد مسلم لیگ ن پہلے اپوزیشن میں رہی،اس کے بعد الیکشن میں کامیابی کے بعد راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں پانچ سال حکومت رہی اور اس کے بعد ایک بار پھر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر میں نہ صرف حکومت سے باہر بلکہ پیپلز پارٹی کے بعد اپوزیشن میں دوسرے نمبر پہ ہے۔راجہ فاروق حیدر خان کی وزارت عظمی میں مسلم لیگ ن کا سب سے بڑا کارنامہ13ویں آئینی ترمیم رہا جس کے ذریعے آزاد کشمیر کو پہلی بار وسیع انتظامی، مالیاتی اور قانون سازی کے اختیارات حاصل ہوئے جس سے آزاد کشمیر حکومت کو مالیاتی طور پر بھی استحکام حاصل ہوا۔

آزاد کشمیر میں ہر شعبے کی طرح سیاست اور حکومت میں بھی قبیلائی اور علاقائی ازم ایک میرٹ کی صورت اختیار کر چکا ہے تاہم مسلم لیگ ن کی نئی تنظیم سازی میں صدارت کے مرکزی عہدے کے حوالے سے اس سے برعکس صورتحال سامنے آئی ہے۔نئے صدر شاہ غلام قادرپہلے متعدد بار مہاجرین مقیم پاکستان کے حلقہ راولپنڈی ویلی4سے رکن اسمبلی منتخب ہوتے رہے تاہم اس کے بعد نیلم ویلی منتقل ہوئے جہاں سے انہوں نے اب تک تین الیکشن لڑیں ہیں۔ یوں اب ان کا شمار مظفر آباد ڈویژن کے حلقے نیلم ویلی کے نمائندے کے طور پر ہوتا ہے۔یوں مسلم لیگ ن کی نئی تنظیم سازی میں صدارت کا عہدہ مظفر آباد ڈویژ ن کے پاس ہی رہا ہے جبکہ سیکرٹری جنرل کا دوسرا اہم عہدہ بھمبر، میرپور ڈویژن اور سینئر نائب صدر کا عہدہ مشتاق منہاس ضلع باغ پونچھ ڈویژن کے حصے میں آیا ہے۔

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی نئی قیادت اور تنظیم کو کئی اہم چیلنجز درپیش ہیں۔پارلیمانی سیاست میں مسلم لیگ ن ،تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے بعد تیسرے نمبر پر ہے تاہم سیاسی حوالے سے مسلم لیگ ن پر پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی سے بڑھ کر گراں ذمہ داریاں عائید ہوتی ہیں۔ان ذمہ داریوںمیں آزاد کشمیر کے آئینی حقوق کا تحفظ، عوامی نوعیت کے امور و مسائل کے حوالے سے سرگرم کردار اور آزاد کشمیر میں سیاسی جماعت کے طورپر قائدانہ کردار کی ادائیگی بھی شامل ہے۔اس سے بھی اہم ذمہ داری کشمیر کاز کے حوالے سے ہے۔ہندوستان کے متنازعہ ریاست جموں وکشمیر سے متعلق5اگست2019کے اقدامات کے وقت کے اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے آزاد کشمیر حکومت کو یہ کہتے ہوئے کسی سیاسی سرگرمی سے بھی روک دیا تھا کہ کوئی ایسا کام نہیں کرنا کہ ہندوستان کو آزاد کشمیر، گلگت بلتستان پہ حملہ کرنے کو بہانہ مل جائے۔یوں کشمیر کاز سے متعلق پاکستان حکومت کی پسپائی اور معذرت خواہانہ کمزور حکمت عملی نے آزاد کشمیر کوبھی کشمیر کاز کے حوالے سے بے عمل اور جمود کا شکار بنا دیا.

ا س صورتحال کے تناظر میں کشمیر کاز سے متعلق عوامی رہنمائی، سرگرم کردار کی ادائیگی کے لئے مختلف نوعیت کے پلیٹ فارم مہیا کرنے کے علاوہ کشمیر کاز سے متعلق حکومت پاکستان سے پرزور مطالبات مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی ایسی بنیادی ذمہ داری ہے جس سے وہ نظریں نہیں چرا سکتی۔معاہدہ کراچی کے ذریعے آزاد کشمیر کے دفاع اور خارجہ امور حکومت پاکستان کے حوالے کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ آزاد کشمیر حکومت اور سیاسی جماعتیں کشمیر کاز سے متعلق دفاع، خارجہ پالیسی سے لاتعلق ہو گئی ہے، بلکہ یہ بات آزاد کشمیر حکومت اور سیاسی جماعتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ حکومت پاکستان سے استفسار کیا جائے کہ دفاع اور خارجہ امور کے حوالے سے کیا معاملات کیئے جا رہے ہیں؟ ان شعبوں میں کشمیر کاز کے حوالے سے کیا کیا گیا ہے؟ اور اس حوالے سے کیا حکمت عملی اختیار کی گئی ہے؟

کشمیر کازکے حوالے سے سرگرم کردار کی ادائیگی کے حوالے سے ایسے مطالبات آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری سے جس سے مسئلے کے حل میں پیش رفت کو ممکن بنایا جا سکے۔اور ان سب امور میں مسلم لیگ ن کی ذمہ داری باقی تمام سیاسی جماعتوں سے بڑھ کر ہے۔مسلم لیگ ن کشمیر کاز سے متعلق محض'' مضبوط موقف'' رکھنے تک محدود رہنے سے اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو جاتی، کیونکہ مسئلہ کشمیر پر موقف توپاکستان کا بھی جاندار ہے لیکن بے عمل موقف کھوکھلا کردار ہی قرار پاتا ہے۔یوں مقامی امور و مسائل اور کشمیر کاز کے حوالے سے درپیش ذمہ داریوں کے چیلنجز کو قبول کرنا ، مسلم لیگ ن کو ایک مسئلے کے طور پر درپیش معاملہ ہے۔ کیا مسلم لیگ ن خود پہ عائید ان ذمہ داروں کے حوالے سے'' لیڈنگ '' کردار ادا کرنے کا چیلنج قبول کر سکتی ہے؟


اطہر مسعود وانی
92 333 5176429
https://twitter.com/Kashmirstate
https://www.facebook.com/Humanworld

Athar Massood Wani
About the Author: Athar Massood Wani Read More Articles by Athar Massood Wani: 777 Articles with 698427 views ATHAR MASSOOD WANI ,
S/o KH. ABDUL SAMAD WANI

Journalist, Editor, Columnist,writer,Researcher , Programmer, human/public rights & environmental
.. View More