ماہ رمضان المبارک؛ رحمت، مغفرت اور نجات کا فیضان

بسم اللہ الرحمن الرحیم

اسلامی تقویم (یا اسلامی کیلنڈر) کا نواں مہینہ رمضان المبارک ہے، اس ماہ مبارک کی بڑی فضیلت ہے، اس مہینے کے تین عشرے ہیں:

عشرہ رحمت (پہلے دس دن)
عشرہ مغفرت (دوسرے دس دن)
عشرہ نجات (آخری دس دن)

رمضان المبارک امت محمدیہ پر اللہ رب العالمین کا بہت بڑا احسان ہے۔

رسول پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا:
"رجب اللہ تعالٰی کا مہینا ہے، رجب میرا مہینا اور رمضان میری امت کا مہینا ہے۔"

اپنے گناہوں کو بخشوانے اور رحمت الہی سمیٹنے کا بہترین مہینا رمضان ہے لہذا ہم سب کو اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ عبادت کرکے اللہ تعالٰی کی خوشنودی کو حاصل کرنا چاہیے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم ماہ رمضان میں سب سے زیادہ سخاوت فرماتے تھے ہمیں چاہیے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی کرتے ہوئے ہم بھی اس ماہ مبارک میں زیادہ سے زیادہ صدقہ و خیرات کریں، اپنے غریب اور محتاج بہن بھائیوں کو سحر و افطار کی خوشیوں میں شامل کریں۔

رمضان المبارک میں مسلمان روزہ رکھتے ہیں، رات میں قیام کرتے ہیں (یعنی نماز تراویح پڑھتے ہیں) اور ذکر الہی کرکے اپنے رب کی رضا حاصل کرتے ہیں، رمضان بہت ہی بابرکت مہینا ہے جو ہم سب کو صبر، شکر، خدمت، محبت اور ایثار کرنا سکھاتا ہے۔

قرآن پاک میں اللہ تعالٰی فرماتا ہے:
"اے ایمان والو! تم پر روزہ رکھنا فرض کیا گیا ہے، جس طرح تم سے پہلے لوگوں پر بھی فرض کیا گیا تھا تاکہ تم تقوی (کی زندگی) اختیار کرلو۔" (سورہ البقرہ، آیت نمبر 183)

ایسے مسلمان جن پر روزہ فرض ہو اور وہ تندرست و توانا بھی ہوں تو ان کو چاہیے کہ وہ کسی طور بھی روزہ نہ چھوڑیں اگر وہ ایسا جان بوجھ کر کریں گے تو یہ بلاشبہ ایک بہت بڑا گناہ ہوگا۔

رسول پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا:
"بدنصیب ہے وہ شخص جس نے رمضان پایا اور اپنی بخشش نہ کروا سکا۔"

ہمیں چاہیے رمضان کے بابرکت مہینے کا خوب احترام کریں، نماز و روزہ کی پابندی کریں، قرآن شریف کی تلاوت کریں، ذکر الہی کریں، اپنے محتاج، ضرورت مند مسلمان بہنوں اور بھائیوں کی مدد کریں۔ اگر ہم ایسا کریں گے تو یقینا ہم اللہ تعالٰی سے اجر بھی پالیں گے اور ضروری ہے کہ ان سب اعمال کے کرنے کے پیچھے اللہ کی رضا حاصل کرنے کا جذبہ ہو ناکہ ریاکاری(دکھاوا)۔

رسول پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا:
"ہر چیز کی زکوۃ ہوتی ہے اور جسم کی زکوۃ روزہ ہے"

ایک حدیث کا مفھوم ہے:
روزہ آتش جہنم سے بچنے کے لئے ڈھال ہے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالٰی ہم سب کو رمضان المبارک کی برکات سے فیض یاب ہونے کی توفیق عطا فرمائے (آمین یا رب العالمین)
Qaumi Khabrien Online
About the Author: Qaumi Khabrien Online Read More Articles by Qaumi Khabrien Online: 40 Articles with 40529 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.