دو گھنٹے میں 520کروڑ

یہ کمال عمران خان کا نہیں ....سمندر پار پاکستانیوں کا ہے !
سمندر پار پاکستانیوں نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے نوٹوں کے ڈھیر لگادیئے !
امداد کیلئے ملنے والی رقم 5000کروڑ سے بھی زائد ہوسکتی تھی اگر چہ دیگر و روایتی سیاستدان بھی عمران خان جیسا کردار ادا کرتے کیونکہ اوورسیز کمیونٹی صرف عمران خان کے چاہنے والوں پر مشتمل نہیں ہے اس میں تحریک انصاف کے علاوہ مسلم لیگ ن ‘ پیپلز پارٹی ‘ اے این پی سمیت دیگر جماعتوں کے چاہنے اور ماننے والے موجود ہیںجو اپنی اپنی جماعتوں اور رہبروں کی اپیل پر اپنے ملک و قوم کی ہر طرح سے مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں بس ضرورت انہیں اپنائیت کا احساس کا دلانے اور ان کی دی گئی امداد کو کرپشن سے محفوظ بناکر درست طریقے سے استعمال کرنے کی ضمانت فراہم کرنے کی ہے ۔

یہ کمال عمران خان کا نہیں ....سمندر پار پاکستانیوں کا ہے !

پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سے متاثر ہونے والے خاندانوں کی خوراک ‘ لباس اور علاج کے ذریعے ان کی فوری امداد کی خاطر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بین الاقوامی سطح کی ٹیلی تھون کا انعقاد کیا اور دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں سے سیلاب متاثرین کی امداد کی اپیل کی ۔
عمران خان کی اس ٹیلی تھون نے اس وقت دنیا کوورطہ حیرت میں ڈال دیا جب عمران خان کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے مخیر حضرات نے صرف دو گھنٹے کے مختصر سے وقت میں 520کروڑ یعنی 5ارب سے زائد کی امدادفراہم کی۔
عمران خان کی اس بین الاقوامی ٹیلی تھون میں چیئرمین تحریک انصاف کی اپیل پر لوگوں نے جس جس طرح امداد کے اعلانات کئے اگر وہ اعلانات واقعی حقیقی ہیں اور لوگوں نے حقیقت میں دو گھنٹے کے مختصر وقت میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے عمران خان کو 5ارب سے زائد کی رقم مہیا کی ہے تو عمران خان کی اس بین الاقوامی ٹیلی تھون کو دنیا کی سب سے بڑی اور تیز رفتار فنڈ ریزنگ مہم کہنا کسی طور غلط نہ ہوگا ۔
ٹیلی تھون کے ذریعے دو گھنٹے کے مختصر وقت میں 520کروڑ سے زائد رقم جمع کرنے پر بہت سارے حلقے عمران خان کے قصیدے پڑھ رہے ہیں ۔
کوئی عمران خان کو بھارتی فلم”دھڑکن “کا سنیل شیٹھی قرار دے رہا ہے تو کوئی ملنے والی امداد کو عمران خان کی عوامی مقبولیت یا ان کی شخصیت کا کرشمہ قرار دے رہا ہے لیکن میرے خیال میں اتنی بڑی امداد ی رقم جمع کرنے پر عمران خان تحسین و ستائش کے مستحق تو ضرور ہیں مگر اس امدادی رقم کیلئے اس رقم کو مہیا کرنے والوں کا ذکر نہ کرنا ان کے خلوص و حب الوطنی کے جذبات سے زیادتی ہوگی ۔
دو گھنٹے میں 500کروڑ سے زائد کی امدادی رقم میں سے بیشتر حصہ ان سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے مہیا کیا گیا ہے جو وطن عزیز ‘ اپنے علاقے ‘ خاندان ‘ دوستوں ‘ اہلخانہ اور حتیٰ کہ بیوی اور بچوں سے دور رہتے ہوئے دیار غیر میں محنت و مشقت کرکے نہ صرف اپنے بچوں کیلئے رزق حلال کمارہے ہیں بلکہ زرمبادلہ کی ترسیل کے ذریعے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی اپنا فعال و ذمہ دارانہ کردار ادا کررہے ہیں ۔
مگر انتہائی افسوس کی بات ہے کہ سیاسی اور حکومتی سطح پر ہمیشہ انہیں نظر انداز کرنے اور ان کیساتھ استحصالی رویہ اختیار کرنے کی روایت دہرائی گئی مگر اس کے باوجود بھی وہ ملک و قوم سے کس قدر مخلص ہیں اس کا اندازہ عمران خان کی بین الاقوامی ٹیلی تھون میں دوگھنٹے کے مختصر سے وقت میں سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے فراہم کی جانے والی وہ امداد ہے جسے اگر درست طریقے سے استعمال کیا جائے تو یقینا ہزاروں خاندانوں کی نہ صرف مدد کی جاسکتی ہے بلکہ ان کی بحالی کے کام کو بھی یقینی بنایا جاسکتا ہے !
اب رہی بات کہ عمران خان کی شخصیت کے طلسم کی تو عمران خان کی شخصیت یا تحریک انصاف کے منشور میں ایسا کوئی طلسم یا کشش نہیں ہے جس سے متاثر ہوکر ”اوورسیز کمیونٹی “ نے عمران خان کو سیلاب متاثرین کیلئے اتنی بڑی رقم فراہم کی ۔
سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے اس رقم کی فراہمی کا حقیقی مقصد سیلاب متاثرین کی حقیقی امدا د ہے اور چونکہ عمران خان کا کردار اب تک کرپشن کرنے والے دیگر روایتی سیاستدانوں سے مختلف دکھائی دے رہا ہے اسلئے اوورسیز کمیونٹی یہ سمجھتی ہے کہ عمران خان ان کی جانب سے فراہم کردہ امداد کا درست استعمال کرینگے تبھی انہوں نے عمران خان کی اپیل پر انہیں امداد فراہم کی ۔
دوسری جانب عمران خان اپنی سیاست کی ابتداءسے ہی سمندر پار پاکستانیوں کے کی طاقت کو جاننے اور ماننے کیساتھ سمندر پار پاکستانیوں کے آئینی حقوق کیلئے آواز اٹھاتے اور ووٹ کے حق کیساتھ دیگر حقوق کی فراہمی کیلئے جدوجہد کرتے رہے ہیں اسلئے انہیں سمندر پار پاکستانیو ں کا خلوص اور اعتماد دونوں حاصل ہیں یہی وجہ ہے کہ عمران خان کی بین الاقوامی ٹیلی تھون میں سمندر پار پاکستانیوں نے سیلاب سے متاثرہ پاکستانی بھائیوں کی امداد کیلئے نوٹوں کے ڈھیر لگادیئے ۔
سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والی اس امداد میں 10سے 50گنا اضافہ ہوسکتا تھا اوریہ رقم 500ارب سے بڑھ کر 5000ارب بھی ہوسکتی تھی اگر دیگر روایتی سیاستدا ن بھی وطن سے دور وطن کی محبت میں دھڑکنے والا دل رکھنے والے اس طبقے یعنی ”اوورسیز کمیونٹی “ کے آئینی حقوق کی مخالفت کی بجائے ان کی حمایت کرتے اور پھر مشکل کی کسی بھی گھڑی میں عمران خان کی طرح اگر سمندر پاکستانیوں سے اپنے کردار کی ادائیگی کاتقاضہ کرتے تو یقینا سمندر پار پاکستانی کسی بھی سیاستدان کو مایوس نہیں کرتے کیونکہ اوورسیز کمیونٹی صرف عمران خان کے چاہنے والوں پر مشتمل نہیں ہے اس میں تحریک انصاف کے علاوہ مسلم لیگ ن ‘ پیپلز پارٹی ‘ اے این پی سمیت دیگر جماعتوں کے چاہنے اور ماننے والے موجود ہیںجو اپنی اپنی جماعتوں اور رہبروں کی اپیل پر اپنے ملک و قوم کی ہر طرح سے مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں بس ضرورت انہیں اپنائیت کا احساس کا دلانے اور ان کی دی گئی امداد کو کرپشن سے محفوظ بناکر درست طریقے سے استعمال کرنے کی ضمانت فراہم کرنے کی ہے ۔
بقول شاعر
....ذرا نم ہو تو یہ مٹی بہت زرخیز ہے ساقی
Imran Changezi
About the Author: Imran Changezi Read More Articles by Imran Changezi: 194 Articles with 147095 views The Visiograph Design Studio Provide the Service of Printing, Publishing, Advertising, Designing, Visualizing, Editing, Script Writing, Video Recordin.. View More