میں اپنی مرضی سے زندگی کا ایک دن گزارنا چاہتی ہوں ۔ پہلے ماں اور پھر شوہر کی فرمانبردار اداکارہ صاحبہ نے ایسا کیوں کہہ دیا؟

image
 
اداکارہ صاحبہ جو ماضی کی مشہور اداکارہ نشو کی بیٹی ہیں- ان کے حوالے سے لوگ جانتے ہیں کہ ان کی والدہ ان کی شوبز میں آمد کے سخت خلاف تھیں اور انہوں نے ہر طریقے سے اس بات کی کوشش کی کہ وہ صاحبہ کو فلم انڈسٹری میں آنے سے روک سکیں مگر صاحبہ کی ضد کے سبب ان کو مجبور ہونا پڑا-
 
صاحبہ کی زندگی اور والدہ
صاحبہ کا اصل نام مدیحہ ہے اور وہ اداکارہ نشو اور تسلیم فاضلی کی بیٹی ہیں سال 1976 میں وہ پیدا ہوئیں اور ان کی پہلی فلم ہیرو تھی جو کہ 1992 میں ریلیز ہوئی اور ایک بڑی ہٹ ثابت ہوئی-
 
جس کے بعد صاحبہ کے لیے فلم انڈسٹری کے دروازے کھل گئے اور ان کو ایک کے بعد ایک فلمیں ملنے لگیں مگر اس دوران ان کی زندگی کے سارے فیصلوں کا اختیار ان کی والدہ نشو کے ہاتھ میں تھا-
 
فلم کے سیٹ پر بھی نشو صاحبہ کے ساتھ ہر جگہ نظر آتیں اور فلموں کے انتخاب اور معاوضے ہر معاملے میں نشو ہی سب کرتی تھیں-
 
صاحبہ کی زندگی کے دو اہم فیصلے
اپنی زندگی کے حوالے سے صاحبہ کا یہ کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ شادی سے پہلے اپنی والدہ کی خواہشات کا احترام کیا۔ مگر اپنی زندگی کے دو فیصلوں میں انہوں نے والدہ کے سامنے آواز اٹھائی۔
 
image
 
پہلا فیصلہ فلم انڈسٹری میں آنے کا تھا جس پر اپنی والدہ کی مخالفت کے باوجود وہ ان کو راضی کر کے فلموں میں آئیں اور دوسرا بڑا فیصلہ افضل خان ریمبو کے ساتھ شادی کا تھا-
 
شادی کے اس فیصلے کے لیے بھی انہوں نے اپنی والدہ کے سامنے نہ صرف اسٹینڈ لیا بلکہ شادی کرنے میں بھی کامیاب ہوئيں-
 
شادی کے بعد شوہر کا عمل دخل
صاحبہ کا یہ ماننا ہے کہ شادی کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کا مکمل کنٹرول اپنے شوہر کے ہاتھ میں دے دیا کیا کھانا ہے کیا پہننا ہے تمام معاملات کے فیصلوں کا اختیار انہوں نے اپنے شوہر کو دے دیا-
 
یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے کیرئیر کے عروج کے دور میں فلم انڈسٹری چھوڑ دی اور بطور ہاؤس وائف زندگی گزارنی شروع کر دی-
 
image
 
اپنی زندگی کی سب سے بڑی خواہش
صاحبہ سے حالیہ دنوں میں ایک انٹرویو میں ان کی سب سے بڑی خواہش کے حوالے سے جب سوال کیا گیا تو ان کا یہ کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ساری زندگی پہلے ماں اور پھر شوہر کی مانتے ہوئے گزاری- مگر اب ان کی خواہش ہے کہ وہ اپنی زندگی کا کم از کم ایک دن اپنی مرضی سے گزاریں جو کہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش ہے-
 
اللہ تعالیٰ نے صاحبہ کو ایک پیار کرنے والے شوہر اور دو بیٹوں سے نوازہ ہے ایک خوبصورت گھر کو سنوارتے ہوئے صاحبہ خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں مگر اس سب کے باوجود اپنی مرضی سے ایک دن گزارنا صاحبہ کی زندگی کی بڑی خواہش ہے- اب دیکھنا یہ ہے کہ ان کی یہ خواہش کب پایہ تکمیل تک پہنچتی ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: