چہل احادیث ۔ شفاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حصول کا سہل نسخہ

خاتم النبیین، رحمتہ اللعلمین سید الانبیاء و المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "جس نے میری امت کے لۓ چالیس احادیث ان کے دینی امور سے متعلق یاد کیں، اللہ تعالی اس کو فقیہ اٹھائیں گے اور میں اس کے لۓ قیامت کے دن سفارشی اور گواہ ہوں گا۔"

قیامت کا منظر ذرا اپنے چشم تصور سے دیکھیں تو سہی کیا ہی عجب منظر ہو گا۔ جب ہر شخص تڑپتے ہوۓ، بھاگتے ہوۓ، بے قراری کی چادر اوڑھے صرف ایک ہی شخصیت کی تلاش میں سرگرداں نظر آۓ گا، وہ عظیم المرتبت شخصیت کوئ اور نہیں محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم ہونگے۔ اس تلاش کا واحد مقصد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کا حصول ہو گا۔

یہاں اگر میں صرف اپنی بات کروں تو بہتر ہو گا کیونکہ یقینا" میں کسی بھی امت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے جذبات، احساسات و خیالات کے بارے میں کچھ نہیں جانتی کہ وہ اس وقت کے بارے میں کیا سوچتا ہے یا کیا راۓ رکھتا ہے۔ میں تو جب اس بارے میں سوچتی ہوں خود کو شرمندگی و ندامت کے سمندر کی اتھاہ گہرائیوں میں ڈوبتا پاتی ہوں کہ آخر کس منہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سامنا کرونگی۔ چلیں سامنا کر بھی پائ تو شفاعت کی درخواست کیسے کرونگی۔ وجہ نہایت واضح ہے میں سنتوں کو تو اپناتی نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق تو چلتی نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتاۓ زندگی گزارنے کے اصولوں کو تو اہمیت دیتی نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا دعوی تو کرتی ہوں مگر اس محبت و عقیدت کا حق ادا نہیں کر پاتی۔

بات شفاعت کے حصول کی ہو رہی ہے تو اس کا سہل نسخہ ہمارے آقا کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو خود ہی بتا دیا کہ محض 40 احادیث مبارکہ یاد کرلینے سے ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت نصیب ہو سکے گی۔ ان شاء اللہ

آپ کی خدمت میں ان احادیث مبارکہ کے صرف اردو تراجم پیش کرنے کی ادنی سی کوشش کر رہی ہوں جو یاد کرنے کے اعتبار سے آسان بھی ہیں اور ہماری زندگیوں کو ایمانی اور اخلاقی لحاظ سے خوبصورت بنانے میں مددگار بھی۔
1۔ جب تم مدد مانگو تو اللہ تعالی ہی سے مانگا کرو۔
2۔ اعمال کا دارومدار نیتوں پر ہے۔
3۔ جنت کی کنجی (چابی) نماز ہے۔
4۔ تمام بڑے گناہوں سے بڑا گناہ اللہ تعالی کے ساتھ شریک ٹھرانا ہے۔
5۔ سلام کو عام کرو۔
6۔ کنجوسی سے بچو۔
7۔ مسلمان مسلمان کا بھائ ہے۔
8۔ میں سب سے آخری نبی ہوں، میرے بعد کوئ نبی نہیں آۓ گا۔
9۔ غصہ مت کیا کرو۔
10۔ کسی مسلمان کے لۓ جائز نہیں کہ وہ دوسرے مسلمان کو ڈراۓ۔
11۔ وضو کے بغیر نماز قبول نہیں ہوتی۔
12۔ تم میں سے بہترین شخص وہ ہے جو قرآن سیکھے اور اس کو سکھاۓ۔
13۔ رکوع اور سجدے کو پورا پورا ادا کرو۔
14۔ رشتہ داروں کے ساتھ تعلق جوڑے رکھو۔
15۔ ظلم کرنے سے بچو۔
16۔ چغل خور جنت میں داخل نہیں ہوگا۔
17۔ اپنی زبان کو قابو میں رکھو۔
18۔ جب تم سوال کرو تو اللہ تعالی ہی سے کیا کرو۔
19۔ دعا عبادت کا مغز ہے۔
20۔ اللہ تعالی کے کلام کو سارے کلاموں پر ایسی ہی فضیلت ہے جیسے خود اللہ تعالی کو تمام مخلوق پر فضیلت ہے۔
21۔ جماعت رحمت ہے اور تنہائ (علیحدگی) عذاب ہے۔
22۔ جس شخص کے گناہ معاف کر دیۓ گۓ وہی راحت پاۓ گا۔
23۔ نازونعمت سے بچنا کیونکہ اللہ کے بندے آسائشوں والے نہیں ہوتے۔
24۔ ذیادہ مت ہنسو کیونکہ ذیادہ ہنسنا دلوں کو مردہ کر دیتا ہے۔
25۔ اگر تم بال رکھو تو ان کی تکریم کرو۔
26۔ اللہ تعالی اس پر رحم نہیں فرماتا جو لوگوں پر رحم نہیں کرتا۔
27۔ جو شخص لوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ تعالی کا شکر بھی ادا نہیں کرتا۔
28۔ جہنم سے بچنے کی کوشش کرو چاہے کجھور کا ایک ٹکڑا صدقہ کر کے۔
29۔ وہ شخص جنت میں نہ جاۓ گا جس کا پڑوسی اس کے خطرات سے محفوظ نہ ہو۔
30۔ جس نے کسی مسلمان کی پردہ پوشی کی، اللہ تعالی قیامت کے دن اس کی پردہ پوشی کرے گا۔
31۔ دنیا میں اس طرح رہو جیسے مسافر ہو یا راستہ چلنے والا ہو۔
32۔ اچھی بات صدقہ ہے۔
33۔ مومنوں میں سب سے ذیادہ کامل ایمان والے وہ ہیں جو اخلاق میں سب سے اچھے ہوں ۔
34۔ بے شک اللہ تعالی ہر کام میں نرمی کو پسند کرتا ہے۔
35۔ گناہوں پر شرمندہ ہونا توبہ ہے۔
36۔ وعدہ قرض ہے۔
37۔ سخاوت منافع بخش ہے۔
38۔ چوری مت کرو۔
39۔ کافی ہے آدمی کے گنہگار ہونے کے لۓ یہ کہ وہ بیان کر دے ہر سنی سنائ بات کو۔
40۔ دنیا ساری کی ساری سامان ہے اور دنیا کا بہترین سامان نیک بیوی ہے۔

اختتام اس امید کے ساتھ کرونگی کہ جو بھی امت محمدی اس تحریر کو پڑھنے کے لۓ وقت نکال ہی بیٹھا ہے، وہ ان چہل احادیث کو یاد کرنے اور ان کو اپنی عملی زندگی میں بھی شامل کرنے کی بھرپور سعی کرے اور مجھ نا چیز کو بھی اپنی دعاؤں کا حصہ بناۓ۔ اللہ پاک ہم سب کو پکا، سچا امت محمدی بناۓ۔ آمین


 

Asma Ahmed
About the Author: Asma Ahmed Read More Articles by Asma Ahmed: 47 Articles with 48185 views Writing is my passion whether it is about writing articles on various topics or stories that teach moral in one way or the other. My work is 100% orig.. View More